• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ایکناتھ شندے، آنند دیگھے کا قد بال ٹھاکرے سے بھی اونچا ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘‘

Updated: September 28, 2024, 10:26 AM IST | Mumbai

شیوسینا ( ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے ، آنند دیگھے کا قد بال ٹھاکرے سے اونچا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رائوت نے یہ سنگین الزام آنند دیگھے کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’دھرم ویر‘ کی دوسری قسط ’دھرم ویر۔۲‘ کے ریلیز ہونے پر کیا۔

Chief Minister Eknath Shinde and Bobby Deol at the release ceremony
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور بابی دیول ، ریلیز کی تقریب میں

شیوسینا ( ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے  ، آنند دیگھے کا قد بال ٹھاکرے سے اونچا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رائوت نے یہ سنگین الزام  آنند دیگھے کی زندگی پر بنائی  گئی فلم ’دھرم ویر‘  کی دوسری قسط ’دھرم ویر۔۲‘ کے ریلیز ہونے پر کیا۔  انہوں نے  دعویٰ کیا کہ ایکناتھ شندے ایسا اس لئے کر رہے ہیں کہ بالا صاحب ٹھاکرے سے اعتقاد رکھنے والے لاکھوں عوام انہیں قبول نہیں کر رہے ہیں۔ 
  یاد رہے کہ ۲۰۲۲ء میں مراٹھی اداکار اور پروڈیوسر منگیش دیسائی نے  تھانے کے بال  ٹھاکرے کہلانے والے آنند دیگھے کی زندگی پر ’دھرم ویر‘ نام سے ایک فلم بنائی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ منگیش دیسائی کا صرف نام تھا ورنہ یہ فلم ایکناتھ شندے کی ایما پر بنائی گئی تھی۔  اس فلم کے ریلیز ہونے کے بعد ہی ایکناتھ شندے نے  ادھو ٹھاکرے سے بغاوت کرکے بی جے پی سے ہاتھ ملایا تھا۔  ا ب ’دھرم ویر‘  کی دوسری قسط ’دھرم ویر۔۲‘ کے نام سے جمعہ کے روز ریلیز کی گئی ہے۔  اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے  سنجے رائوت نے کہا ’’  دھرم ویر کا دائرہ کار کیا تھا یہ ہمیں معلوم ہے ۔ یہ نہ دیویندر فرنویس کو معلوم ہے اور نہ ایکناتھ شندے کو معلوم ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ آنند دیگھے کیا تھے یہ ہمیں معلوم ہے۔ وہ تھانے کے شیوسینا پرمکھ تھے۔  انہیں اب بی جے پی کی مدد سے بالا صاحب ٹھاکرے سے زیادہ اونچا دکھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘‘  سنجے رائوت نے دعویٰ کیا کہ ’’ اس کی وجہ یہ ہے کہ بالا صاحب کو ماننے والے لاکھوں لوگ مہاراشٹر بھر میں پھیلے ہوئے ہیں جو ایکناتھ شندے کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ اس لئے  اب اس طرح کی فلموں سے ایک نئی شبیہ اور ایک نئی علامت تیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘‘
  شیوسینا (ادھو) ترجمان نے کہا ’’    آنند دیگھے شیوسینا کے ایک وفادار کارکن تھے اور لوگوں کی مدد کیلئے ہر دم تیار رہتے تھے۔  افسوسناک طور پر ان کی موت ہو گئی۔ اس وقت ایکناتھ شندے ، راجن وچارے اور کئی لوگ ان کے قریبی تھے۔  لہٰذا اگر ایکناتھ شندے نے آنند دیگھے کی طرح شیوسینا کے وقار قائم رکھنے کیلئے جدوجہد کی ہوتی تو آج انہیں دھرم ویر نام سے ایک خیالی فلم بنانے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ ‘‘ یاد رہے کہ ’دھرم ویر آنند دیگھے کا لقب تھا جو ان کے حامیوں نے انہیں دیا تھا۔   سنجے رائوت نے طنز کیا کہ ’’ دھرم ویر فلم میں آنند دیگھے کی موت ہو جاتی ہے پھر دھرم ویر ۔۲؍ میں انہیںدوبارہ زندہ بتایا گیا ہے۔  اس کے بعد دھرم ویر۔۳؍ بھی بننے والی ہے ۔ تو کیا آپ امر اکبر انتھونی جیسی کوئی فلم بنا رہے ہیں؟‘‘  انہوں نے کہا ’’ سچ کہوں تو ان لوگون کو گول مال ، گول مال ۔۲ اور گول مال ۳؍ اس طرح کی فلم بنانا چاہئے۔‘‘  
  یاد رہے کہ فلم کی ریلیز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے دیویندر فرنویس نے بیان دیا ہے کہ دھرم ویر ۔۳؍ کا اسکرپٹ میں لکھوں گا۔ ان کے اس بیان پر  رائوت نے کہا ’’ دیویندر فرنویس کو دھرم ویر کے تعلق سے کیا معلوم ہے؟ انہیں اورنگ زیب پر فلم بنانی چاہئے۔ مہاراشٹر کو لوٹنے کیلئے جو نئے اورنگ زیب اور افضل خان آ رہے ہیں۔ ان پر اگر فرنویس فلم بنائیں تو انہیں ضرور ستائش ملے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK