رائےگڑھ اور ناسک کی نگرانی نہ ملنے سے ناراض ایکناتھ شندے اپنے وطن دریگائوں پہنچے، منانے کی کوشش جاری۔
EPAPER
Updated: January 21, 2025, 5:35 PM IST | Satara
رائےگڑھ اور ناسک کی نگرانی نہ ملنے سے ناراض ایکناتھ شندے اپنے وطن دریگائوں پہنچے، منانے کی کوشش جاری۔
نائب وزیر اعلیٰ ایک بار پھر مہایوتی قیادت سے ناراض ہیں اور وہ ستارا میں واقع اپنے وطن درے گائوں چلے گئے ہیں۔ ان کی ناراضگی کا سبب رائے گڑھ اور ناسک کے نگراں وزیر کا عہدہ ان کی پارٹی سے چھین لیا جانا ہے۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ریاست کے ۳۶؍ اضلاع کے نگراں وزیروں کے نام ظاہر کئے۔ اس میں رائے گڑھ کی نگرانی بھرت گوگائولے کے بجائے سنیل تٹکرے کی بیٹی ادیتی تٹکرے کو اور ناسک کی نگرانی دادا بھسے کے بجائے گریش مہاجن کو سونپی گئی ہے۔ ایکناتھ شندے نے اس معاملے میں دیویندر فرنویس سے اصرار بھی کیا تھا لیکن انہوں نے شندے کی درخواست قبول نہیں کی۔
کہا جا رہا ہے کہ خود گریش مہاجن اور چندر شیکھر باونکولے، نائب وزیر اعلیٰ کو منانے کیلئے ستارا پہنچے تھے۔ حالانکہ گریش مہاجن نےمیڈیا کے سامنے اس بات سے انکار کیا کہ وہ شندے سے ملنے درےگائوں گئے تھے۔ شام کو ایکناتھ شندے نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا ’’میں جب بھی دریگائوں آتا ہوں لوگ سمجھتے ہیں کہ میں ناراض ہوں۔ جبکہ میں یہاں مہابلیشور میں جاری ایک پروجیکٹ کا جائزہ لینے کیلئے آیا ہوں۔ ‘‘ البتہ شندے نے اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے ناسک اور رائے گڑھ اپنے اراکین کیلئے مانگے تھے۔ انہوں نے کہا ’’ ہم نے ناسک اور رائے گڑھ کے نگراں وزیر کا عہدہ اپنی پارٹی کیلئےمانگا تھا اور اس میں کوئی غلط بات نہیں ہے۔ ‘‘
انہوں نے کہا ’’ بھرت گوگائولے رائے گڑھ میں کئی برسوں سے کام کر رہے ہیں۔ اس لئے اگر انہوں نے وزارت مانگی ہے تو درست ہے۔ اسی طرح ناسک کا معاملہ ہے۔ دادا بھسے ناسک کے نگراں وزیر رہ چکے ہیں اور وہاں انہوں نے کافی ترقیاتی کام کئے ہیں۔ ایسی صورت میں ان کا مطالبہ درست ہے۔ ‘‘ ایکناتھ شندے نے کہا کہ بہت جلد اس معاملے میں کوئی راستہ نکال لیا جائے گا۔