• Thu, 21 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایکناتھ شندے کا بھیونڈی کو تھانہ بنانے اور شہر میں جلد میٹرو لانے کا وعدہ

Updated: November 06, 2024, 11:25 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

شہر کے کامت گھر علاقے میں سنتوش شیٹی، مہیش چوگھلے اور شانتا رام مورےکے حق میں انتخابی جلسے سے وزیراعلیٰ کا خطاب، مخدوش عمارتوں اور جھوپڑپٹیوں کی جدید کاری کا اعلان۔

Eknath Shinde while addressing an election rally in Bhiwandi. Photo: INN.
ایکناتھ شندے بھیونڈی میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران۔ تصویر: آئی این این۔

یہاں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے انتخابی تشہیری مہم کاآغاز کرتے ہوئے اہل بھیونڈی کوہتھیلی پر چاند دکھاتے ہوئے وعدوں کی جھڑی لگادی۔ وزیر اعلیٰ نے سنتوش شیٹی، مہیش چوگھلے اور شانتا رام مورے کیلئے ووٹ مانگتے ہوئے، بھیونڈی کو تھانہ اور کامن مین کو سپرمین بنانے، شاندار سڑکیں، ٹریفک کا سدباب، میٹرو کی جلد آمد، آلودگی کا خاتمہ، مخدوش عمارتوں اور جھوپڑپٹیوں کی جدیدکاری اور خواتین کے ساتھ جرائم پر سزائے موت دینے کا وعدہ کیا۔ پیر کی شام کامت گھر کے کاٹیکر میدان میں وزیر اعلیٰ تقریبا ۳؍گھنٹوں کی تاخیر سے رات ۸؍بجے جلسہ گاہ پہنچے جس پر انہوں نے حاضرین سے معذرت کااظہار کیا۔ جلسہ گاہ میں بڑی تعداد میں خواتین موجود تھیں۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب کے ذریعہ خواتین کو لبھانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ خواتین کے مسائل، خواتین کو خودکفیل بنانے اور ’لاڈلی بہن‘ اسکیم کی رقم میں مزید اضافے پر زور دیتے ہوئے خواتین کو لکھ پتی بنانےکا بھی وعدہ کیا۔ 
وزیر اعلیٰ نے `لاڈلی بہن یوجنا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ’ یہ اسکیم بلا تفریق مذہب، ذات پات اور برادریوں کے لوگوں کیلئے شروع کی گئی ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن نے یہ اسکیم بند کروانے کیلئے عدالت کا دروازہ تک کھٹکھٹایا، تاہم عدالت نے اپوزیشن کومایوس کیا۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی الزام لگایا کہ اپوزیشن ان کی اسکیموں کی چھان بین کرکے انہیں جیل بھیجنے کی کوشش کررہا ہے لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پیاری بہنوں کیلئے ایک بار تو کیا ۱۰۰؍ مرتبہ بھی جیل جانے کو تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ لاڈلی بہن یوجنا کو ڈیڑھ ہزار روپے سے بڑھا کر دو ہزار اور تین ہزار روپے کریں گے۔ وہ اپنی بہنوں کو لکھ پتی بنانا چاہتے ہیں۔ اپوزیشن پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی نیت صاف نہیں ہے۔ 
بھیونڈی کے شہری مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت یہاں کی خراب سڑکوں اور انتہائی مخدوش عمارتوں ا ورپانی سپلائی کو بہتر بنانے کیلئے کام کرے گی۔ انہوں نے شہر کی جھوپڑپٹیوں اور محکمہ جنگلات کی اراضی پر قائم بستیوں کو دوبارہ تعمیر کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے بھیونڈی کو تھانے جیسا ترقی یافتہ شہر بنانے کا خواب عوام کے سامنے رکھا اور کہا کہ اس کے لئے مہایوتی کے تینوں اُمیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب کریں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK