• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

انتخابی مہم کا اثر برقرار،این ڈی اے کی میٹنگ میں مودی نے آئین کو اُٹھا کر چوما اورماتھے سے لگایا

Updated: June 08, 2024, 7:42 AM IST | New Delhi

اپنی تیسری میعاد میں سرکاری فیصلوں میں  اتفاق رائے کا خیال رکھنے کا اشارہ دیا، کہا کہ ’’حکومت اکثریت سے چلتی ہےمگر ملک اتفاق رائے سے ‘‘

At the NDA meeting, the Prime Minister respectfully placed the copy of the Constitution on his forehead. (PTI)
این ڈی اے کی میٹنگ میں وزیراعظم آئین کی کاپی کو احتراماًماتھے سے لگاتے ہوئے ۔ ( پی ٹی آئی)

  جمعہ کو  این ڈی اے کے نومنتخب اراکین  پارلیمان کی میٹنگ میں اتفاق رائے سے این ڈی اے کی پارلیمانی پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے کے بعد مودی نے صدر جمہوریہ سے ملاقات کرکے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کردیا۔   جسے صدر جمہوریہ مرمو نے قبول کرتے ہوئے انہیں حکومت سازی کی دعوت دی۔ مودی اتوار کی شام ۶؍ بجے لگاتار تیسری بار ملک کے وزیراعظم کے طور پر حلف لیںگے۔ امید کی جا رہی ہے کہ ان کے ساتھ  پوری کابینہ کی حلف برداری ہوگی مگر ابھی یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ کس کو کونسی وزارت ملے گی۔ 
اتفاق رائے کاخیال رکھنے کی یقین دہانی
  مودی جن پرآمرانہ طرز حکمرانی کا الزام ہے،   نے  اس  سے قبل این ڈی اے کی میٹنگ  میں خطاب کرتے ہوئے  اشارہ دیا کہ اپنی تیسری میعاد میں  وہ فیصلوں میں اتفاق رائے کا خیال رکھیں گے۔  انہوں نے کہا کہ ’’حکومتیں اکثریت کے بل پر چلتی ہیں مگر ملک کو اتفاق رائے سے ہی چلایا جاسکتاہے۔‘‘  دلچسپ بات یہ ہے کہ ۲۰۱۴ء میں وزیراعظم بننے کے بعد انہوں   نے جب نوٹ بندی کا اعلان کیاتھا تو خودان کی کابینہ کے کئی وزیر اس فیصلے سے لاعلم تھے۔ 
آئین کے تعلق سے تقدس کا اظہار
  اس سے قبل  جب مودی پرانے پارلیمنٹ ہاؤس  کے سینٹرل ہال ’سنویدھان سدن‘ میں این ڈی اے کی میٹنگ میں پہنچے تو انہوں نے وہاں رکھے آئین کی کاپی کے آگے تقدس سے سرجھکا  اور پھر اسے اٹھا کر چوم لیا اور ماتھے سے لگایا۔  یاد رہے کہ  اپوزیشن نے انتخابی مہم کو ’سنویدھان بچانے کی مہم‘ میں  تبدیل کردیاتھا جس کا بی جےپی کو انتخابی نتائج میں غیر معمولی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔  اس کی وجہ خود بی جےپی کے لیڈروں  کے بیانات تھے جن میں دعوے کئے جارہے تھے کہ آئین کو بدلنے کیلئے ۴۰۰؍ سے زیادہ سیٹوں کی ضرورت ہے۔ سمجھا جارہاہے کہ مذکورہ مہم کا اثر وزیراعظم پر اب بھی ہے اور وہ کوشش کررہے ہیں کہ عوام کو یہ باور کراسکیں کہ آئین ان کیلئے کتنا اہم ہے۔
جینت چودھری کواسٹیج پر جگہ نہیں ملی
    میٹنگ میں مودی کے ساتھ اسٹیج پر  نتیش کمار، چندرا بابو نائیڈو، چراغ پاسوان، جیتن رام مانجھی، وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اوردیگر موجود تھے مگر حیرت انگیز طور پر آرایل ڈی کے جینت چودھری کو سامعین میں جگہ ملی تھی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK