تشدد کی مختلف وارداتوں کے درمیان مغربی بنگال میں ۷۰؍ فیصد ووٹنگ، ترنمول کانگریس کے ایک کارکن کی موت، وائناڈ میں۶۰؍ فیصد پولنگ درج کی گئی
EPAPER
Updated: November 13, 2024, 10:56 PM IST | New Delhi
تشدد کی مختلف وارداتوں کے درمیان مغربی بنگال میں ۷۰؍ فیصد ووٹنگ، ترنمول کانگریس کے ایک کارکن کی موت، وائناڈ میں۶۰؍ فیصد پولنگ درج کی گئی
جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں بدھ کو۴۳؍ سیٹوں پر پُرامن ماحول میں۶۵؍ فیصد سے زائد ووٹنگ ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی بدھ کو دیگر دس ریاستوں راجستھان، مغربی بنگال، آسام، بہار، چھتیس گڑھ، گجرات، کرناٹک، کیرالا، مدھیہ پردیش اور میگھالیہ میں ۳۳؍ خالی اسمبلی سیٹوں اور کیرالا کی وائناڈ لوک سبھا سیٹ کیلئے ضمنی انتخابات بھی مکمل ہو گئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق۸۱؍ رکنی جھارکھنڈ اسمبلی کے پہلے مرحلے میں۴۳؍ اسمبلی حلقوں اور دیگر ریاستوں میں ضمنی انتخابات کیلئےسخت حفاظتی انتظامات کے درمیان صبح۷؍ بجے ووٹنگ شروع ہوئی اور شام۵؍ بجے ختم کی ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق جھارکھنڈ میں پہلے مرحلے میں۶۵ء۷۱؍ فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
مغربی بنگال میںضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کے دوران کچھ جگہوں پر بدامنی کے واقعات بھی ہوئے۔اسی بیچ بھاٹ پاڑہ میں کروڈ بم کےپھٹنے سے ترنمول کانگریس کا مقامی کارکن اشوک شاکی کی موت ہوگئی۔یہ علاقہ نیہاٹی اسمبلی حلقہ سے متصل ہے جہاں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ ہورہی تھی۔ چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کے دفتر نے واقعہ کے حوالے سے رپورٹ طلب کی ہے۔
اس واقعہ پر بی جے پی لیڈر ارجن سنگھ نے ترنمول کانگریس ہی پر الزام عائد کیا کہ وہ نیہاٹی اور دیگر حلقوں میں ووٹروں میں خوف پیدا کرنے کیلئےاس طرح کے حربے استعمال کر رہی ہے۔ دوسری طرف ترنمول کانگریس نے بی جے پی پر جوابی الزام عائد کیا ہے۔ترنمول کانگریس کےرکن اسمبلی سومناتھ شیام نے کہاکہ حملے کی جانچ ضروری ہے اور وہ کی جائے گی۔
اسی دوران کیرالا میں وائناڈ لوک سبھا سیٹ کے ضمنی انتخاب میں بدھ کی شام۵؍ بجے تک۶۰ء۷۹؍ فیصد ووٹنگ ہوئی۔ وہاں پولنگ مراکز پر طویل قطاریں دیکھی گئیں۔ اس دوران کہیں سے کوئی ناخوشگوار اطلاع سامنے نہیں آئی۔خیال رہے کہ وائناڈ کی پارلیمانی سیٹ، راہل گاندھی کے اتر پردیش میں رائے بریلی کی سیٹ کو برقرار رکھنے اور وائناڈ لوک سبھا سیٹ سے استعفیٰ دینے کے بعد خالی ہوئی تھی۔