• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کیمرون میں ہاتھیوں کا حملہ، ۱۰؍ ہلاک ، سیکڑوں بے گھر،فصلیں تباہ

Updated: January 10, 2021, 6:30 AM IST | Agency | Washington

کیمرون اور نائجیریا کی سرحد کے پاس ہاتھیوں کے حملے میں ۱۰؍ افراد ہلاک، درجنوں گھر تباہ اور سیکڑوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

Elephant
کیمرون میں ۶۲۰۰؍ ہاتھی ہیں

کیمرون اور نائجیریا کی سرحد کے پاس ہاتھیوں کے حملے میں ۱۰؍ افراد ہلاک، درجنوں گھر تباہ اور سیکڑوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ کیمرون حکومت کا کہنا ہے کہ ان افراد نے ہاتھیوں کے علاقے میں رہائش اختیار کر لی تھی،جو اس حملے کی وجہ بنی۔ کیمرون کے شمالی قصبے کیالی کے نواح میں سیکڑوں ہاتھیوں نے فصلیں تباہ کر دیں۔ جبکہ ان فصلوں کے مالک دیہاتی دور بیٹھ کر بے بسی سے یہ تماشہ دیکھتے رہے۔کیالی کے ایک کمیونٹی لیڈر دوروگار موسیٰ کا کہنا ہے کہ ہاتھی  نومبر سے فصلیں اور گھر تباہ کر رہے ہیں۔
 موسیٰ نے کاشت کاروں سے کہا کہ کوئی بھی ہاتھیوں پر حملہ نہ کرے اور نہ ہی انہیں مشتعل کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی جان فصلوں اور گھروں سے زیادہ اہم ہے جنہیں ان ہاتھیوں نے تباہ کر دیا ہے۔ شمالی کیمرون میں جنگلی حیات کے افسر جین ڈیوڈ نجگبا کا کہنا ہے کہ ہاتھیوں نے پچھلے دو ہفتوں میں دس افراد کو ہلاک کر دیا ہے اور کچھ افراد بھگدڑ کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں۔ کچھ لوگ ہاتھیوں کو ڈرا کر بھگانے کی کوشش میں ہلاک ہوئے۔حکام کا کہنا ہے کہ ہاتھیوں نے سو ایکڑ سے زائد فصلیں تباہ کر دی ہیں۔ سیکڑوں افراد بے گھر اور خوراک کے بغیر رہنے پر مجبور ہیں۔جین ڈیوڈ کے بقول پچھلے کچھ عرصے میں جہاں ہاتھیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، وہیں لوگوں نے ان کے رہائشی علاقے پر قبضے کر لئے   ہیں۔ان کے مطابق علاقے میں کلفاؤ ریزرو بیس دے میں ۳۰؍ برس پہلے ۱۰؍ہزار ایکڑ کا رقبہ ۵۰؍ ہاتھیوں کا مسکن تھا۔اب اس کا رقبہ محض چار ہزار ایکڑ رہ گیا ہے اور اس میں ۳۰۰؍ سے زائد ہاتھی آباد ہیں۔
 ان کے بقول لوگوں کا ہاتھیوں پر حملہ کرنا بہت خطرناک ہے اسی لئے  انہوں نے لوگوں کو تشدد کا راستہ اختیار کرنے سے منع کیا ہے۔ان کے مطابق لوگوں کو ڈرم اور ڈھول کے ذریعے شور مچا کر ہاتھیوں کو بھگانے کی کوشش کرنی چاہئے اور اس دیوقامت جانور کو قتل کرنے کی خطرناک کوشش نہیں کرنی چاہئے۔ان کے مطابق لوگ مرچیں جلا کر بھی ہاتھیوں کو بھگا سکتے ہیں۔ انہوں نے شہد کی مکھیوں کے کاشت کاروں کو ترغیب دی کہ وہ فصلوں کے ارد گرد شہد کی مکھیوں کے چھتے رکھ دیں۔کیمرون ۶۵۰۰؍کے قریب ہاتھی آباد ہیں جو کہ  افریقہ میں ہاتھیوں کی سب سے بڑی آبادی ہے۔ ماہرین کا کہنا   ہے کہ وہ ہاتھیوں کو ہلاک نہ کریں۔ اس سے پہلے ہی بہت سے ہاتھی غیر قانونی شکار کی وجہ سے مارے جا چکے ہیں اور وہ معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK