آن لائن فارم پُرکرنےکی ہدایت جاری ، ۱۴؍ تا ۲۲؍ اگست ۲؍ مرحلوں میں طلبہ کا آن لائن رجسٹریشن ہوگا،۲۳؍اگست کو پرویژنل میرٹ لسٹ اور ۲۵؍اگست کو فائنل لسٹ جاری کی جائیگی
EPAPER
Updated: August 14, 2021, 8:23 AM IST | saadat khan | Mumbai
آن لائن فارم پُرکرنےکی ہدایت جاری ، ۱۴؍ تا ۲۲؍ اگست ۲؍ مرحلوں میں طلبہ کا آن لائن رجسٹریشن ہوگا،۲۳؍اگست کو پرویژنل میرٹ لسٹ اور ۲۵؍اگست کو فائنل لسٹ جاری کی جائیگی
اس سال ایس ایس سی پاس کرنے والے طلبہ کا انتظار ختم ہوا کیونکہ اب(آج ہی سے) کالج میں داخلے کا عمل شروع ہونے جا رہا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری پونے نے ممبئی ، پونے، پمپری چنچوڑ ، ناسک ، ناگپوراور امرائوتی میونسپل کارپوریشن کی حدمیں ۱۱؍ویں جماعت میں داخلے کے پہلے رائونڈ کے پہلے پارٹ کیلئےآن لائن رجسٹریشن کا آغاز ۱۴؍اگست ۲۰۲۱ء کی صبح ۱۱؍بجے سے کرنے کا اعلان کیاہے ۔
دو مرحلوں میں رجسٹریشن کا عمل
رجسٹریشن کی کارروائی ۲۲؍اگست کی رات ۱۱؍بجے تک جاری رہےگی جو کہ ۲؍ مرحلوں میں ہوگی جنہیں پارٹ (۱) اور پارٹ(۲) کا نام دیا گیا ہے ۔ پہلے پارٹ میں جونیئر کالج میں داخلے کے خواہشمند طلبہ اپنے ناموںکا اندراج کروائیں گے ۔ یہ عمل ۱۴؍ اگست سے شروع ہو جائے گا۔ اس کے بعد ۱۷؍ اگست کی صبح ۱۰؍ بجے سےکالجوںمیں دستیاب سیٹ کی معلومات فراہم کی جائے گی۔ تب دوسرے پارٹ کا رجسٹریشن ہوگا جس میں طلبہ اپنی پسند کے کالج ، کوٹہ، اِن ہائوس اور مائناریٹی سیٹ کیلئے بھی رجسٹریشن کرواسکتےہیں۔ یہ مرحلہ( پارٹ۔ ۲) ۲۲؍ اگست کی رات ۱۱؍بجے تک جاری رہے گا۔لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ جن طلبہ نے ۱۴؍اگست ۱۷؍ اگست کے درمیان اپنے ناموں کا اندراج نہیں کروایا ان کا رجسٹریشن نہیں ہوگا۔ اس دوران (۱۷؍ سے ۲۲؍ اگست)نئے طلبہ بھی پارٹ (۱)اور پارٹ (۲) کی تفصیلات پُرکرسکتےہیں۔
میرٹ لسٹ اور داخلے کی کارروائی
۲۳؍اگست کی صبح ۱۰؍بجے تا ۲۴؍اگست کی شام ۵؍بجے پرویژنل میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی جس میں داخلے کے اہل تمام طلبہ کی تفصیلات درج ہوںگی۔ اگر اس فہرست میں کسی طالب علم کو کوئی تصحیح کروانی ہوتو وہ اس دوران کرواسکتاہے۔ ۲۵؍ اگست کو پہلے رائونڈ کی فائنل میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی۔ ۲۵؍تا ۲۶؍اگست کا وقت فائنل لسٹ کی ڈیٹا پروسسنگ کیلئے مختص ہے۔ ۲۷؍ اگست کی صبح ۱۰؍بجے جونیئر کالج الاٹمنٹ لسٹ جاری کی جائے گی جس سے پتہ چلے گاکہ طلبہ کو کون سے کالج میں داخلہ مل سکتاہے۔ اس کے ساتھ ہی طلبہ کو ایس ایم ایس کے ذریعے بھی اطلاع دی جائے گی کہ کس کالج میں وہ داخلہ حاصل کرسکتےہیں۔ ۲۷؍اگست کی صبح ۱۰؍بجے سے ۳۰؍ اگست کی شام ۶؍بجے تک طلبہ الاٹ کردہ کالجوں میں فیس ادا کر کے اپنا داخلہ کروا سکتے ہیں۔
دوسرا تیسرا اور تیسرا رائونڈ
جن طلبہ کو پہلے رائونڈمیں ان کی پسند کےمطابق کالج الاٹ کیاجائے گا ان کیلئے اس کالج میں داخلہ لینا لازمی ہوگا۔ اگر طلبہ نے داخلہ نہیں لیاتو انہیں دیگر رائونڈ میں حصہ لینےکیلئے بلاک کردیاجائے گا۔بعدازیں یہ طلبہ اسپیشل رائونڈ میں ہی شامل ہو سکتےہیں۔ جن طلبہ کو پہلے رائونڈ میں داخلہ نہ مل سکا ہو انہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ان کیلئے دوسرا تیسرا اور چوتھا رائونڈ بھی منعقد کیا جائے گا۔ ۳۰؍اگست کی صبح ۸؍بجے تارات ۱۰؍بجے جونیئر کالجوںکو اپنی ویب سائٹ پر داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ اور خالی سیٹوںکی تفصیلات جاری کرنی ہوگی۔ کووڈ ۱۹؍ کے پیش نظر کالجوںکو ڈیجیٹل طریقۂ کار سے ایڈمیشن فیس وصول کرنےکی ہدایت دی گئی ہے ۔ اگلے رائونڈ کے ایڈمیشن کی کارروائی کاٹائم ٹیبل پہلے رائونڈ کی تکمیل کے بعدتفصیلی طور پر جاری کیا جائے گا۔ ممکن ہےکہ دوسرا رائونڈ ۳۱؍اگست تا ۴؍ستمبر، تیسرا رائونڈ ۵؍ تا ۱۱؍ستمبر اور چوتھا رائونڈ ۱۲؍تا ۱۷؍ستمبرکے درمیان منعقد کیا جائے ۔ ا س کے بعد تعلیم کے طریقۂ کار اور دیگر عمل کے تعلق سے کووڈ کی صورتحال اور حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق معلومات تمام کالج اپنے اپنے طلبہ کو پہنچائیں گے جیسا کہ اب تک کورونا وائرس کے دوران ہوتا آیا ہے۔