بدلا پورجنسی زیادتی معاملے کےملزم کےانکاؤنٹر پر قانون ساز اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار کا الزام
EPAPER
Updated: September 25, 2024, 11:11 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
بدلا پورجنسی زیادتی معاملے کےملزم کےانکاؤنٹر پر قانون ساز اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار کا الزام
بدلا پور جنسی زیادتی معاملے کے ملزم اکشے شندے (۲۴) کی پولیس انکاؤنٹر میں موت پر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار نے سوالات اٹھائے ہیں اور الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی نے اسکول سے منسلک آر ایس ایس سے وابستہ لوگوں کو بچانے کے لئےاکشے شندے کا انکاؤنٹر کیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے اس معاملے عدالتی جانچ کرنے کابھی مطالبہ کیاہے۔
اس سلسلے میں منترالیہ کے قریب واقع اپنی رہائش گاہ پرمنعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وجے وڈیٹیوار نے کہاکہ ’’ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ بدلا پور میں کمسن طالبات کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کے کیس میں ملزم اکشے شندے کو پھانسی کی سزا سنائی جائے لیکن بی جے پی نےاس معاملے میں ملوث ہونے والے آر ایس ایس سے وابستہ افراد کو بچانے کیلئے اس کاانکاؤنٹر کر دیا ہے۔‘‘
اپوزیشن لیڈر نے اس معاملے پر متعدد سوالات قائم کئے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ نے اس معاملے کے مجرم کو پھانسی دینے کا اعلان کیاتھا تو کیا یہ پھانسی اس طرح دینی تھی؟ انکاؤنٹر کے تعلق سے وزیر اعلیٰ نے بتایا تھاکہ تلوجہ سے تھانے لے جانے کے دوران ملزم نےپولیس وین میں افسر سے بندوق چھین کر ان پر ۳؍ گولیاں چلائیں ، تو لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ تلوجہ جیل سے تھانے پولیس کے سپرد کرتے ہوئے جو ویڈیو ہے اس میں ملزم کے دونوں ہاتھوں میں ہتھکڑی لگی ہوئی ہے اور منہ پر نقاب تھا تو پھر اس نے پولیس افسر کی بندوق کیسے چھینی ؟ پولیس افسر کی بندوق لاک کیو ں نہیں تھی؟ کیا اسے گاڑی سے اتارتے وقت بائیں اور دائیں طرف پولیس والے بیٹھے ہوئے تھے؟ اگر بیٹھے تھے تو ملزم کا ہاتھ پولیس کی بندوق تک کیسے گیا؟ ملزم نے بندوق کا لاک کیسے کھولا جس سے اہلکاروں نے گولیاں چلائیں؟پولیس نے جس طرح سے پریس نوٹ جاری کیا ہے، اس میںاس تعلق سے کوئی وضاحت نہیں بلکہ پریس ریلیز سے تو مزید سوالا ت اٹھتے ہیں۔
وجے وڈیٹیوار نے کہاکہ ’’ اکشے شندے اسکول کے ٹرسٹیوں کے کارناموں کو بے نقاب کر سکتا لیکن اب اسے ختم کر دیا گیا ۔ اس لیےمَیں اس انکاؤنٹر کیس کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہوں۔‘‘