کوسہ، ممبرا، تھانے اور بھیونڈی کے علماء اور ائمہ مساجد کے کثیر رکنی وفد کی تھانے پولیس کمشنر سے ملاقات۔ سنی جمعیۃ علماء کی جانب سے میمورنڈم دیا گیا۔
EPAPER
Updated: February 25, 2025, 11:45 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai
کوسہ، ممبرا، تھانے اور بھیونڈی کے علماء اور ائمہ مساجد کے کثیر رکنی وفد کی تھانے پولیس کمشنر سے ملاقات۔ سنی جمعیۃ علماء کی جانب سے میمورنڈم دیا گیا۔
نشہ کی لعنت اور اس کا شکار ہوکر برباد ہورہی نسل نو کے تعلق سے فکر مندی اور ڈرگس مافیا کے پھیلتے جال کے خلاف کوسہ، ممبرا، تھانے اور بھیونڈی کے علماء اور ائمہ مساجد پر مشتمل کثیر رکنی وفد نے پیر کی سہ پہر کو تھانے پولیس کمشنر اشوتوش ڈومبرے سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
سخت ایکشن لینا ضروری ہے
مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں کی سربراہی میں پولیس کمشنر اشوتوش ڈومبرے سے ہونے والی ملاقات میں انہیں سنی جمعیۃ العلماء کی جانب سے میمورنڈم دیا گیا اور نشہ کے خاتمے اور ڈرگس مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔معین میاں نے پولیس کمشنر سے کہا کہ پولیس کارروائی تو کرتی ہے لیکن وہ خانہ پری سے زیادہ نہیں ہوتی ۔ اگر ڈرگس مافیا پر قدغن لگائی جائے تو اس برائی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ آج شاید ہی کوئی مسلم علاقہ ایسا ہو جہاں نشہ بآسانی دستیاب ہو۔ سوال یہ ہے کہ یہ کس طرح ممکن ہوتا ہے اور ڈرگس مافیا کس طرح اپنے پر پرزے پھیلا رہے ہیں؟ ایسے میں پولیس کی کارروائی پر بھی سوال پیدا ہونا لازمی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نشہ ایسی برائی ہے کہ پہلے فرد متاثر ہوتا ہے پھر گھر پھر خاندان اور پھر معاشرے پر اس کے تباہ کن اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس لئے اس کے خلاف اسی شدت سے منظم انداز میں کارروائی ضروری ہے۔ معین میاں نے بطور خاص ایک نوجوان کا پولیس کمشنر سے تذکرہ کیا کہ وہ ممبئی ملازمت کے لئے جاتا تھا پھر وہ نشہ کی لت کا شکار ہوا اور صحت اس طرح برباد ہوئی کہ کام کاج کے لائق نہ رہا تو بچوں کی پرورش کے لئے بیوی کو گھر سے نکلنا پڑا اور نوبت اس کے غلط قدم اٹھانے تک پہنچ گئی۔
پولیس اپنے ایکشن سے خوف پیدا کرے
رضا اکیڈمی کے سربراہ محمد سعید نوری نے کہا کہ نشہ کے خلاف علماء اور ائمہ اسی لئے آپ سے ملاقات کےلئے آئے ہیں کہ یہ اس برائی اور نقصانات پر روشنی ڈالتے ہیں، اسی اہتمام سے پولیس بھی اس برائی کو ختم کرنے کے لئے ایکشن لے تاکہ نوجوان محفوظ رہیں اور ڈرگس مافیا میں یہ خوف پیدا ہو کہ وہ کسی طرح بچ نہیں سکیں گے۔
پولیس کمشنر کی یقین دہانی
پولیس کمشنر اشوتوش ڈومبرے نے تمام باتیں بغور سنیں اور مسئلے کی سنگینی کا بھی اعتراف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کارروائی کررہی ہے، آپ کے مطالبات پر فوری توجہ دی جائے گی۔ پولیس کمشنر نے اپنا نمبر بھی شرکاء وفد کو دیا اور کہا کہ آپ مجھ سے براہ راست رابطہ قائم کریں۔
اس کے علاوہ امام الانبیاء کی تشریف آوری کے ۱۵۰۰؍ سال پورے ہونے کی مناسبت سے انہیں رضااکیڈمی کی جانب سے دیئے جانے والے میمنٹو کو قبول کرتے ہوئے پولیس کمشنر نے کہا کہ پیغمبر محمد صاحب نے تو نشہ کے خلاف بتایا اور پیغام دیا ہے، آپ لوگ بھی لوگوں کو بتائیں۔
تھانے پولیس کمشنر اشوتوش ڈومبرے سے ملنے گئے وفد میں مختلف علاقوں کے علماء اور ائمہ مساجد میں مولانا جمال احمد صدیقی، مولانا محفوظ الرحمن علیمی، حافظ رونق، مولانا توکیل احمد، مولانا محمود رضا برکاتی، مولانا صغیر احمد ، مولانا نورالہدی، قاری عطاء اللہ ، پرویز عالم ، مولانا شمشاد نوری ، مولانا علی حسین ہاشمی ، مولانا رفیق عالم ، مولانا فہیم الدین اشرفی ، مولانا مہتاب عالم ، مولانا شاہنواز ، قاری شریف عالم، مولانا مطیع الرحمن، ایڈوکٹ منال اور احمد صدام قریشی کے علاوہ مولانا محمد عظیم الدین نوری، مولانا سلیم نوری ، حافظ جمیل احمد ، مولانا انصار احمد رضوی ، ظفر اشرف اور حافظ آ زاد وغیرہ موجود تھے۔