• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگاؤں کی مسجد قریشہ میں طلبہ کیلئے اسٹڈی سینٹر کا قیام

Updated: February 21, 2025, 3:41 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

طلبہ کو مطالعہ کی سہولت کے علاوہ مختلف کورسیز کی معلامات بھی فراہم کی جائے گی، مستقبل قریب میں دارالافتاء کے قیام کا بھی منصوبہ۔

Excellent progress of Seva Organization. Photo: INN
سیوا آرگنائزیشن کی عمدہ پیش رفت۔ تصویر: آئی این این

’سیوا آرگنائزیشن‘ نے مسجدوں اور مناروں کے شہر مالیگاؤں میں مستحسن قدم اٹھایا ہے۔ اس تنظیم کے زیر اہتمام مسجد قریشہ (دیانے شیوار) میں اسٹڈی سینٹر قائم کیاگیا ہے۔ یہاں پر طلبہ کو اسٹڈی کے علاوہ مختصر و طویل مدتی پیشہ وغیر پیشہ وارانہ کورسیز کی پوری معلومات فراہم کی جارہی ہے۔ آرگنائزیشن کا نصب العین ہے کہ ذہین ،محنتی اور ہونہارطلبہ کو مقابلہ جاتی ومسابقتی امتحانات میں شرکت کیلئے تیار کروایا جائے۔ مسجد کو سماجی اصلاح کے ساتھ حصول علم کے مرکز کے طور پر متعارف کروایا جائے۔ علاقے کی مسجد سے مقامی طلبہ وابستہ ہوں۔ علمی سرگرمیوںمیں مصروف ہونے کے ساتھ پنج وقت نمازوں کی ادائیگی کی بھی لازمی طور سے پابندی کریں۔
 اس ضمن میں جاوید منصوری (رکن سیوا  آرگنائزیشن ) نے انقلاب سے بات چیت کے دوران کہا کہ مسجد قریشہ مالیگاؤں کی پہلی مسجد ہے جہاں طلبہ کیلئے اسٹڈی سینٹر قائم ہوا۔ اس کام میں مخلص سماجی شخصیت فضل الرحمان شیخ عثمان (ریٹائرڈآفیسر انڈین نیوی فورس)نے پہل کی۔ ان کے ساتھ نعیم سیٹھ (عبداللہ سائزنگ ) اور زاہد بھائی (رکن انتظامیہ مسجد قریشہ) وابستہ ہوئے۔ مسجد قریشہ میں کمیونٹی سینٹر پہلے سے جاری ہے جہاں سماجی معاملات، گھریلو مسائل اور عمومی تنازعات خوش اسلوبی سے حل کئے جاتے ہیں۔
 جاوید منصوری نے مزید کہا کہ قریشہ مسجد کے ذمے داران و مصلیان کے مثبت اقدامات کی عوامی سطح پر تائید وستائش کی جارہی ہے۔ حال ہی میں مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی (سیکریٹری جنرل آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ) نے سیوا آرگنائزیشن اور مسجد قریشہ ٹرسٹ بورڈ کے عہدے داران واراکین سے ملاقات کے دوران حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اپنی جانب سے ممکنہ اعانت کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔ کمیونٹی سینٹر اور اسٹڈی سینٹر کے قیام کے بعد یہاں دارالافتاء کے قیام کی کوششیں بھی عنقریب روبہ عمل آئیں گی۔ شرعی مسائل کی جانکاری اور عامتہ المسلمین کو درپیش مسائل شریعت اسلامیہ کے عین مطابق حل کئے جانے کا مرکز قائم کرنے کے خطوط پرذمے داران تیز رفتاری سے کام کررہے ہیں۔
 واضح رہے کہ جاوید منصوری سماجی خادم اور ایجوکیشنل ایڈوائزر کے طور پر مالیگاؤں واطراف کے علاقوں میں شناخت رکھتے ہیں۔ انہوں نے فروغ علم اور خاص طور سے مسلم طلبہ کی تعلیمی محاذ پر پیش رفت کیلئے مخلصانہ کوششیں جاری رکھی ہیں۔ مسجد قریشہ میں اسٹڈی سینٹر کے قیام سے شہر مالیگاؤں کے مذہبی وعلمی معاشرے میںایک نئے رجحان کی دستک سنائی دے رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK