پرکاش امبیڈکر نے سانگلی میں خطاب کے دوران پولیس سے کہا ’’ حکومت ہر ۵؍ سال میں تبدیل ہو جاتی ہے، اس لئے آپ حکومت کا نہیں قانون کا حکم بجا لایئے۔‘‘
EPAPER
Updated: December 01, 2023, 11:42 AM IST | Agency | Sangli
پرکاش امبیڈکر نے سانگلی میں خطاب کے دوران پولیس سے کہا ’’ حکومت ہر ۵؍ سال میں تبدیل ہو جاتی ہے، اس لئے آپ حکومت کا نہیں قانون کا حکم بجا لایئے۔‘‘
آج ملک میں ٹیپو سلطان جیسے انصاف پسند حکمراں اور مجاہد آزادی کا نام لینا بھی جرم ہو گیا ہے۔ پولیس باقاعدہ ایسا کرنے والوں پر کارروائی کر رہی ہے لیکن ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر نے سانگلی میں پولیس کو بتایا کہ ٹیپو سلطان کے مجسمے کو مالا پہنانا کوئی جرم نہیں ہے بلکہ ایسا کرنے سے روکنا قانون کے خلاف ہے۔
اطلاع کے مطابق سانگلی میں ونچت بہوجن اگھاڑی کی جانب سے ’’اقتدار میں تبدیلی‘ عنوان سے جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اپنی تقریر سے پہلے پرکاش امبیڈکر نے کئی عظیم شخصیات کے مجسموں پر پھولوں کی مالا ڈالی ۔ پولیس نے انہیں ٹیپو سلطان کے مجسمے پر ہار چڑھانے سے منع کیا لیکن انہوں نے پولیس کی ایک نہیں سنی اور ٹیپو سلطان کےمجسمے پر ہار ڈال دیا۔ بعد اپنی تقریر میں پولیس کو مخاطب کرکے یہ وضاحت بھی کی کہ ایسا کرنا قانون کے خلاف نہیں ہے۔
یاد رہے کہ مہاراشٹر میں ان دنوں پولیس نے متعدد مرتبہ نوجوانوں کو صرف اس لئے گرفتار کیا ہے کہ انہوں نے واٹس ایپ ڈی پی پر اورنگ زیب یا ٹیپو سلطان کی تصویر لگائی تھی۔ دھولیہ میں میونسپل کارپوریشن کی بنائی ہوئی ’ ٹیپو سلطان چوک ‘ نامی یادگار کو توڑ دیا گیاتھا۔ اتنا ہی نہیں اس چوک کو بنانے والوں پر ’ملک سے غداری‘ کا معاملہ درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ایسی صورتحال کے درمیان پرکاش امبیڈکر کے جلسے میں اسٹیج پر چھترپتی شیواجی، جیوتی با پھلے، شاہو مہاراج اور ڈاکٹر امبیڈ کے ساتھ ٹیپو سلطان کا بھی مجسمہ لگایا گیا۔ تقریر سے پہلے پرکاش امبیڈکر نے ان عظیم شخصیات کے مجسموں کو پھولوں کی مالا پہنانی شروع کی تو پولیس نے انہیں ٹیپو سلطان کے مجسمے پر مالا ڈالنے سے منع کیا۔ لیکن انہوں نے ٹیپو کے مجسمے کو بھی مالا پہنائی۔
اس کے بعد جب پرکاش امبیڈکر تقریر کرنے مائیک پر آئے تو انہوں نے کہا ’’ ہم نے آج ٹیپو سلطان کے مجسمے پر ہار ڈالا ہے۔ لیکن کچھ لوگوں نے کہا کہ آپ ہار نہ ڈالیں ۔ اگر آپ نے ٹیپو سلطان کے مجسمے پر ہار ڈالا تو پھر دیکھ لینا۔ میں محکمہ پولیس سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہر ۵؍ سال بعد الیکشن ہوتے ہیں اور حکومت بدل جاتی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ آج تک ہم نے الیکشن کے ذریعے حکومت تک پہنچنے کی کوشش نہیں کی ہے لیکن اس بار ہم اقتدار تک پہنچ کر رہیں گے۔ اس لئے پولیس کو چاہئے کہ وہ قانون کے مطابق کام کرے، آئین کے مطابق کام کرے، حکومت جو کہے وہ نہ کرے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’حکومت کو یہ ( ٹیپو سلطان کے مجسمے پر ہار ڈالنا) پسند نہیں ہے اس لئے آپ اس سے روک رہے ہیں ۔‘‘ یاد رہے کہ اس سے قبل جب ریاست میں اورنگ زیب کی تصویر واٹس ایپ اسٹیٹس پر رکھنے کے معاملے میں گرفتاریاں ہو رہی تھیں تو پرکاش امبیڈکر نے خلد آباد جا کر اورنگ زیب کی قبر پر چادر چڑھائی تھی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ ان کے اس اقدام سے مہاراشٹر میں فساد پھیلانے کی کوششوں پر قدغن لگ گیا تھا۔
دلت لیڈر نےعوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’اس بار ہمیں اقتدار کو بدلنا ہے۔ اس لئے ہم سب کو متحد ہونا ہوگا۔ پر عزم بننا ہوگا۔ ‘‘ انہوں نے اپنی اس بات کو پھر دہرایا کہ ’’ ۵؍ ریاستوں کے انتخابی نتائج کے بعد ملک میں خاص کر مہاراشٹر میں فساد کروایا جا سکتا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ یہ بات صرف مجھے معلوم ہے ایسی بات نہیں ہے اورلوگ بھی یہ جانتے ہیں ۔ وزارت داخلہ نے خود پولیس کو خبردار کیا ہے کہ ہوشیار رہیں ملک میں کبھی بھی کچھ بھی ہو سکتا ہے۔‘‘ پرکاش امبیڈکر نے متنبہ کیا’’’ بھڑکانے والے بہت سے لوگ ہیں ۔ ہندو۔ مسلم، مراٹھا ۔ او بی سی یا پھر آدی واسی دھنگر ، ان سماجوں کےدرمیان جھگڑا کروایا جا سکتا ہے لیکن ایسا نہ ہو اس کی ہم سب کو فکر کرنی چاہئے۔‘‘ انہوں نے اس موقع پر مودی حکومت پر بھی جم کر تنقیدیں کیں ۔ پرکاش امبیڈکر نے کہا ’’ اب ہمیں مودی حکومت سے حساب لینا شروع کر دینا چاہئے۔ یہ پوچھنا چاہئے کہ ۱۰؍ سال انہوں نے عوام کیلئے کام کیا یا پھر لوٹ مار کی ہے؟ مہنگائی میں اضافہ دراصل لوٹ مار کا نیا طریقہ ہے۔ ‘‘ انہوں نےدعویٰ کیا کہ بیوپاریوں اور حکومت کی ملی بھگت کے ذریعے ٹماٹر کے دام آسمان تک پہنچا دیئے گئے اور منافع خوروں نے ۳۵؍ ہزار کروڑ روپے کمائے۔
ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ نے کہا ’’گزشتہ ۱۰؍ سال میں کشمیر میں ہزاروں فوجی شہید ہو چکے ہیں لیکن ۵۶؍ انچ کے سینے والے نریندر مودی نے پاکستان پر حملہ نہیں کیا۔ دراصل مودی اپنے ہی عشق میں گرفتار ہیں ۔ وہ صرف اپنے گن گان کرتے رہتے ہیں ۔ ایسے لوگ جمہوریت کیلئے خطرناک ہوتے ہیں ۔‘‘ یاد رہے کہ پرکاش امبیڈکر کی پارٹی اس بار کسی سے اتحاد نہیں کر رہی ہے، اس نے اکیلے ہی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے حالانکہ شیوسینا( ادھو)کے ساتھ ان کے اتحاد کی باتیں ہو رہی تھیں لیکن اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔