Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

’’کوئی بڑی اسکیم بند نہیں ہوگی، اپوزیشن کو پوری قوت سے جواب دیں گے‘‘

Updated: March 03, 2025, 12:04 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

بجٹ اجلاس کے متعلق معلومات فراہم کرنے کیلئے وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نےپریس کانفرنس کی۔

Chief Minister Devendra Farnavis. Photo: INN
وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس۔ تصویر: آئی این این

پیر سے ممبئی کے ودھان بھون میں شروع ہونے والے  بجٹ اجلاس کے تعلق سے جہاں ایک جانب اپوزیشن پارٹی کے لیڈروں نے حکومت کو بدعنوان ،کسان اور عوام مخالف قرار دے کر ناکام حکومت قرار دیا وہیں  دوسری جانب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار نے اپوزیشن کے الزام کو خارج کرتے ہوئے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کے سوالات کا بھرپور انداز میں جواب دینے کیلئے کمر بستہ  ہونے کا اعلان کیا ہے۔  انہوںنے یہ بھی اعلان کیا کہ  مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے کوئی فلیگ شپ اسکیم بند نہیں کی جائے گی۔ اس کےعلاوہ چھترپتی شیواجی مہاراج کے بارے میں غلط بات کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
  بجٹ اجلاس شروع ہونے سے قبل حکومت کی جانب سےسہیادری گیسٹ ہاؤس میں منعقدہ  پریس کانفرنس میں  وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اپوزیشن کی جانب سے حکومت کی چائے پارٹی کے بائیکاٹ کرنے سے متعلق ۸؍ تا ۹؍ صفحات پر مشتمل جو مکتوب حکومت کو بھیجا گیا ہے، اس کا مذاق اڑاتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار  نے کہا کہ اپوزیشن لیڈروں کی تعداد سے زیادہ بڑا ان کا لیٹر بھیجا گیا ہے۔یہ غالباً اب تک کا اپوزیشن کی جانب سے بھیجا گیا سب سے طویل لیٹر ہے۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ یہ تمام موضوعات اخبارات سے لئے گئے ہیں اور کہی بھی یہ نہیں لکھا ہے کہ ان سے رشوت کا مطالبہ کیا گیا۔‘‘
 وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ ’’شیواجی مہاراج مہاراشٹر کے قابل احترام ہیں۔ اگر کسی نے ان کے بارے میں غلط بات کی تو ان کے خلاف کارروائی ضرور کی جائے گی۔ ہم کارروائی کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ لاڈلی بہن اسکیم کو ریاست میں بند نہیں کیا جائے گا۔ یہی نہیں بلکہ ریاست میں کوئی بھی اسکیم بند نہیں ہوگی۔ اس اسکیم کے اہل افراد کو ادائیگی کی جائے گی لیکن جو لوگ شرائط پر پورا نہیں اترتے انہیں اس اسکیم سے باہر رکھنا ہوگا۔ کیونکہ سی اے جی نے اس سلسلے میں ہم پر ایک ذمہ داری عائد کی ہے۔ اس کے مطابق، کسی بھی اسکیم کے ذریعہ صرف اہل خواتین کی مدد کی جاسکتی ہے۔ نااہل خواتین کی مدد نہیں کی جا سکتی۔  سہیادری گیسٹ ہاؤس میں منعقدہ حکمراں پارٹی کی میٹنگ میں وزیر دھننجے منڈے بھی موجود تھے۔ جب نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے پوچھا گیاکہ کیا وہ استعفیٰ دیں گے کیوں کہ ان پر ہر سطح سے تنقید ہو رہی ہے؟ تو اجیت پوار اسے نظر انداز کرتے ہوئے وہاں سے چلے گئے۔  وزیر اعلیٰ نے کہا کہ’’ حکومت کا موقف واضح ہے کہ خاطیوں کو بخشا نہ جائے ۔ دھننجے منڈے مجرم قرار دیئے جانے پر ان سے استعفیٰ لیاجائے گا اور اس کے علاوہ وزیر زراعت مانک راؤ کوکاٹے کے تعلق کورٹ کا فیصلہ موصول ہونے اور  ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ کا اسٹے نہ ملنے کے بعد اس بارے میں بھی کارروائی کی جائے گی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK