این سی پی لیڈر سپریہ سلے نے کہا کہ ’’ شاہ رخ ایک مشہور اداکار ہیں، ان کے بیٹے کے ساتھ اس طرح کا سلوک کیا گیا تو عام آدمی کے بچوں کے ساتھ کیسا سلوک کیا جاتا ہوگا؟
EPAPER
Updated: May 24, 2023, 9:18 AM IST | Mumbai
این سی پی لیڈر سپریہ سلے نے کہا کہ ’’ شاہ رخ ایک مشہور اداکار ہیں، ان کے بیٹے کے ساتھ اس طرح کا سلوک کیا گیا تو عام آدمی کے بچوں کے ساتھ کیسا سلوک کیا جاتا ہوگا؟
این سی پی کی سینئر لیڈر سپریہ سلے نے کہا ہے کہ وہ سمیر وانکھیڈے کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں گی۔ سپریہ سلے کا کہنا تھا کہ ’’ نواب ملک نے سمیر وانکھیڈے کے تعلق سے جو کچھ کہا تھا وہ سب کچھ سچ ثابت ہو رہا ہے۔ شاہ رخ خان ایک مشہور اداکار ہیں۔ اگر ان کے بیٹے کے ساتھ یہ سلوک کیا جا سکتا ہے تو عام آدمی کے بچوں کے ساتھ کیا نہیں کیا جاتا ہوگا؟‘‘ انہوں نے کہا ’’ میں اس معاملے کو پارلیمنٹ میں ضرور اٹھائوں گی۔
یاد رہے کہ این سی پی کے ترجمان نواب ملک ہی نے آرین خان کی گرفتار ی کے بعد پریس کانفرنس کے ذریعے سمیر وانکھیڈے کے طریقۂ کار پر سوال اٹھائے تھے اور آرین خان کو پھنسائے جانے کی سازش کا پردہ فاش کیا تھا۔ اب جو سی بی آئی نے سمیر وانکھیڈے کے نام جو سمن جاری کئے ہیں ان میں ٹھیک وہی الزامات عائد کئے گئے ہیں جو نواب ملک نے لگائے تھے۔ سپریہ سلے نے کہا کہ لوگوں کے گھروںمیں گھس کر ان کی عورتوں اور بچوں کو پریشان کرنا کسی بھی طرح جائز نہیں ہے۔ سمیر وانکھیڈے کی ٹیم پر اس طرح کی حرکت کرنے کا الزام ہے۔ یاد رہے کہ فلمی دنیاکی کئی شخصیات کے تعلق سے کہا گیا تھا کہ انہیں سمیر وانکھیڈے کی ٹیم منشیات کے معاملے میں پوچھ تاچھ کیلئے انہیں بلاتی تھی اور ان سے پیسے وصول کئے جاتے تھے۔ سشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کے بعد سرخیوں میں آنے والی اداکارہ ریا چکرورتی کو بھی سمیر وانکھیڈے ہی کی ٹیم نے گرفتار کیا تھا اور ۲؍ ماہ جیل میں رہنےکے بعد وہ عدالت سے باعزت بری ہوئی تھیں۔ اس کے بعد اس ٹیم نے شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان اور چند دیگر نوجوانوں کو ایک جہاز پر سے گرفتار کیا تھا جہاں پارٹی ہو رہی تھی۔ الزام یہ تھا کہ آرین اور اس کے ساتھیوں نے منشیات کا استعمال کیا ہے حالانکہ آرین کے پاس سے منشیات برآمد نہیں ہوئی تھیں لیکن انہیں بھی تقریباً ایک ماہ تک جیل میں رہنا پڑا تھا۔
سپریہ سلے نے اس معاملے اس سے پہلے کبھی کوئی بیان نہیں دیا ہے لیکن اس وقت جیل میں بند این سی پی لیڈر نواب ملک نے خوب زور وشور سے یہ معاملہ اٹھایا تھا حتی کہ انہوں سمیر وانکھیڈے کے ذات سرٹیفکیٹ، اور نکاح نامہ میں خرد برد کا بھی الزام لگایا تھا۔ ذات سرٹیفکیٹ اور نکاح نامہ کے معاملے میں توانہیں کلین چٹ مل گئی تھی لیکن شاہ رخ خان سے رشوت کا مطالبہ کرنے کے معاملے میں سی بی آئی کے ہاتھ کئی ثبو ت لگے ہیں جس کے بعد جانچ ایجنسی نے این سی بی افسر کے نام سمن جاری کیا اور امکان تھا کہ انہیں گرفتار کیا جائے گا لیکن عدالت نے انہیں ۲۴؍ تاریخ تک گرفتاری سےراحت دیدی ہے ۔ البتہ سی بی آئی ان سے پوچھ تاچھ کیلئے انہیں دوبارہ بلانے والی ہے۔
سمیر وانکھیڈے کی بیوی کا الزام
اس دوران سمیر وانکھیڈے کی بیوی کرانتی وانکھیڈے نے ۲۰۲۰ء کی طرح اس بار بھی ویڈیو جاری کرکے اپنے شوہر کے بے گناہ ہونے کی دہائی دی ہے۔ انہوںنے کسی کا نام لئے بغیر کہا ہے کہ ان کے شوہر کو کچھ لوگ پھنسانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ سب طاقت کا کھیل ہے۔