محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۸؍ ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ بی ایم سی نے شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی۔
EPAPER
Updated: April 16, 2024, 1:34 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۸؍ ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ بی ایم سی نے شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی۔
ممبئی اور اطراف کے علاقوں کے شہریوں کو محکمہ موسمیات کی جانب سے وارننگ دی گئی ہے کہ پیر کی طرح منگل (آج)کو بھی زبردست لُو چلے گی۔ یہ بھی اندیشہ ظاہر کیاگیا ہےکہ اس دوران ممبئی، تھانے اور رائے گڑھ میں زیادہ سے زیادہ درجہ ٔ حرارت ۳۸؍ ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ اسی پیش گوئی کے مطابق پیر کو ممبئی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۳۸؍ ڈگری کے قریب درج کیاگیا جو کہ معمول سے تقریباً ۴؍ ڈگری زیادہ تھا جبکہ تھانے کا درجۂ حرارت ۴۱ء۶؍ ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا اور لوٗ بھی چلتی رہی۔ ممبئی میں لُو کے پیش نظر برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی ) نے شہریوں کیلئے رہنما اصول جاری کئے ہیں جن میں لوٗ کے نقصانات سے بچنے کیلئے شہریوں سے ضروری احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ان سے یہ اپیل بھی کی گئی ہے کہ وہ تیز دھوپ کے وقت بغیر ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ اسپتالوں کو بھی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ میونسپل اسپتالوں کو کہا گیاہے کہ لُو سے متاثر ہونے والےافراد کا فوری علا ج کیا جائے۔
یہ بھی پڑھئے: ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں میں اضافہ ،عوام سےتوجہ دینے کی اپیل
ہیٹ اسٹراک (لُو) سے پیر کو بھی شہریوں کو شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑا اور گرم ہوا کے بچنے کیلئے لوگ چہرے کو کپڑے سے ڈھانک کر سفر کرتے ہوئے اور متعدد اپنے ساتھ پانی کی بوتل لےکر سفر کر تے ہوئے نظر آئے۔ چند شہریوں نے چلچلاتی دھوپ سے بچنے کیلئے چھتری کا بھی سہارا لیا۔ گرمی کے سبب گنے اور دیگر مشروب کی دکانوں پر شہریوں کی بھیڑ بھی دیکھی گئی۔
ممبئی میں سفر کرنے والے ایک شہری نے بتایا کہ ’’ پیر کو ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے لوٗ چل رہی ہے جو عام طو رپر اتر پردیش جیسے میدانی علاقوں میں مئی کے دنوں میں چلتی ہے۔ ‘‘
لوکل ٹرین کے سفر کےدوران بھی اکثر مسافروں کے ہاتھوں میں پانی بوتل نظر آئی اور کئی مسافر گرمی سے فوری راحت پانے کیلئے مشروب پیتے ہوئے دکھائی دیئے۔
دیگر جگہوں کیلئے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی
ممبئی کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شمالی کوکن کے چند علاقوں میں لُوچلے گی۔ جنوب وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور ودربھ کے اضلاع میں کچھ مقامات پر۳۰؍ تا ۴۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوا کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔
کیا احتیاط برتیں ؟
لُو سے بچنے کیلئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی ) کی جانب سے جو رہنما اصول جاری کئے گئے ہیں، وہ درج ذیل ہیں :
(۱)زیادہ سے زیادہ پانی پیئے، تھوڑی تھوڑی دیر سے پانی پیئےاور ٹھنڈے پانی سے نہائیں۔ (۲)ہلکے، پھیکے رنگ کے اور سوتی کپڑے پہننے کی کوشش کریں۔ (۳)کھانے میں ہلکی پھلکی، سبزی ترکاری، سلاد وغیرہ کا استعمال کریں تاکہ بد ہضمی نہ ہوں۔ (۴)سفر کے دوران اپنے ساتھ پانی کی بوتل ضرور رکھیں۔ (۵) تیز دھوپ سے بچنے کیلئے چشمہ، ٹوپی، چھتری، جوتے یا چپل ضرور پہنیں۔ (۶)گھر کے باہر اور میدان کی سرگرمیوں کے درمیان وقفہ وقفہ سے آرام کریں۔