• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پلوامہ اسمبلی حلقے میں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے درمیان سخت مقابلے کی اُمید

Updated: September 11, 2024, 11:14 AM IST | Agency | Srinagar

جماعت اسلامی کے امیدوار نے انتخابی دلچسپی بڑھائی، ۱۴؍ امیدواروں میں سہ رخی مقابلے کے آثار، گزشتہ ۲؍ انتخابات میں پی ڈی پی کو کامیابی ملی ہے۔

Muhammad Khalil Band. Photo: INN
محمد خلیل بند۔ تصویر : آئی این این

جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں۱۸؍ ستمبر کو جن حلقوں کی پولنگ ہونے والی ہے، ان میں سے ایک پلوامہ بھی ہے۔سخت اور دلچسپ مقابلے کی توقع کے پیش نظر اس حلقے پرعوامی نگاہیں مرکوز ہیں۔ اس حلقے میں حالانکہ۱۴؍ امید وار قسمت آزمائی کر رہے ہیں لیکن اصل مقابلہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے درمیان ہی ہے البتہ جماعت اسلامی کے حمایت یافتہ امیدوار کے درمیان میں آجانے سے مقابلہ مزید دلچسپ ہوگیا ہے۔ پلوامہ سانحہ کے بعد سے اس حلقے کی اہمیت بین الاقوامی  ہوگئی ہے۔ 
 اہم بات یہ ہے کہ نیشنل کانفرنس کے امیدوار محمد خلیل بند اس سے قبل ۲؍ مرتبہ پی ڈی پی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوچکے ہیں لیکن اس بار وہ نیشنل کانفرنس کے ٹکٹ پر میدان میں ہیں۔ انہیں اس بار ہیٹ ٹرک کی امید ہے جبکہ  پی ڈی پی کے امیدوار وحید پرہ کسی زمانے میں اُن کے قریبی ساتھی ہوا کرتے تھے۔ اب دونوں حریف کے طورپر میدان میں ہوں گے۔ ایسے میں جماعت اسلامی  کے حمایت یافتہ امید وار ڈاکٹر طلعت مجید نے مقابلے کو دلچسپ بنا دیا ہے۔
پلوامہ نشست کیلئے نیشنل کانفرنس کے کوآرڈی نیٹر اسد اللہ الٰہی کا کہنا ہے کہ یہاں سخت مقابلہ متوقع ہے لیکن ہماری جیت یقینی ہے۔ انہوں  نے کہا کہ `ہم گھر گھر جا کر لوگوں سے مل رہے ہیں، اس دوران ہمیں لوگوں کا اچھا رسپانس مل رہا ہے۔ دوسری طرف پی ڈی پی لیڈر ظہور احمد میر کا کہنا ہے کہ `اس نشست پر چیلنج ضرور ہے لیکن جیت ہماری ہی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ `نہ صرف پلوامہ نشست بلکہ ضلع کی باقی چار نشستوں پر بھی ہم جیت درج کرنے کیلئے پُر امید ہیں۔
 سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ پلوامہ میں پی ڈی پی امید وار وحید پرہ کے نوجوانوں کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں۔ اس حلقے میں وہ کافی مقبول ہیں اور ایک با اثر لیڈر کی حیثیت رکھتے ہیں۔وحید پرہ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں پی ڈی پی کے امید وار تھے تاہم ان کو کامیابی نصیب نہیں مل سکی تھی۔ انہیں نیشنل کانفرنس کے امید وار آغا روح اللہ نے ہرا دیا تھا۔ جماعت اسلامی کے امیدوارڈاکٹر طلعت کا کہنا ہے کہ `نظریاتی اختلاف سے قطع نظر لوگ بدلائو چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ `اس نشست پر کانٹے کی ٹکر متوقع ہے، کٹھن چیلنجوں کا سامنا ہے لیکن ہم چیلنجوں کا ڈٹ کر سامنا کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ `میں محدود وسائل کے ساتھ میدان میں اُترا ہوں، صدق دل سے لوگوں کے ساتھ بات چیت کرتا ہوں اور باقی سب اللہ کے ہاتھوں میں ہے۔
 پلوامہ نشست پر رائے دہندگان کی کل تعداد ۹۹؍ ہزار۵۰۰؍ ہے جن کے زیادہ سے زیادہ حصول کیلئے ۱۴؍ امید وار جی توڑ محنت کر رہے ہیں۔ عوامی حلقوں میں گرچہ اس نشست پر اصل مقابلہ محمد خلیل بند اور وحید پرہ کے درمیان ہی ہے تاہم ڈاکٹر طلعت مجید بھی علاقے کی ایک با اثر اور معتبر شخصیت ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK