۱۵۰؍ افراد کو بچالیا گیا ، آس پاس کے باشندوں کو دھماکے کی جگہ سے دور رہنے کی ہدایت ،کمپنی کے انتظامیہ پر لاپروائی کا الزام
EPAPER
Updated: April 13, 2025, 10:09 AM IST | Ali Imran | Nagpur
۱۵۰؍ افراد کو بچالیا گیا ، آس پاس کے باشندوں کو دھماکے کی جگہ سے دور رہنے کی ہدایت ،کمپنی کے انتظامیہ پر لاپروائی کا الزام
ناگپور ضلع کے عمریڈ تعلقے میں ایک صنعتی علاقے میں ایلومینیم فوائل اور پاؤڈر بنانے والی ایم ایم پی انڈسٹریز لمیٹڈ نامی کمپنی میں زبردست دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔ یہ حادثہ جمعہ کی سہ پہر پیش آیا۔ اس حادثے میں ۵؍ ملازمین ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ ۱۱؍ء مزدور شدید زخمی بتائے جارہے ہیں جو ناگپور کے مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
اطلاع کے مطابق عمریڈ ایم آئی ڈی سی میں واقع ایک کمپنی میں جمعہ ۱۱؍اپریل کی سہ پہر اچانک ایک زوردار دھماکہ ہوا، دھماکہ اتنا شدید تھا کہ چند ہی لمحوں میں کمپنی کے پورے احاطے میں آگ لگ گئی۔ کہا جارہا ہے کہ ایلومینیم فوائل کی تیاری میں استعمال ہونے والا آتش گیر کیمیکل اور زیادہ درجہ حرارت کے باعث یہ دھماکہ ہوا اور اس سے لگی آگ جان لیوا ثابت ہوئی۔ دھماکے کے وقت تقریباً ۱۵۰؍ ملازمین شام کی شفٹ میں کام کر رہے تھے۔ بہت سے ملازمین نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنی جان بچانے کی کوشش کی اور وہاں سے بھاگ نکلے۔ تاہم کچھ ملازمین آگ کی لپیٹ میں آگئے۔
آگ پر قابو پانے کیلئے فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ شام ۶؍بجے کے قریب لگنے والی آگ پر قابو پانے کیلئے فائر بریگیڈ عملے کو انتہائی کوششیں کرنی پڑی۔ دیر رات ضلع کلکٹر ڈاکٹر وپن ایٹنکر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ ہرش پودار نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا اور ریسکیو آپریشن میں تیزی لائی گئی۔ واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کو شہریوں کو کچھ دیر کیلئے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
اگرچہ دھماکے کی اصل وجہ ابھی تک واضح نہیں ہوئی ہے، تاہم یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ یہ کسی میکانیکل خرابی یا کی وجہ سے یا پھر کیمیکل کے غلط استعمال کی وجہ سے ہوا ہو گا۔ اس حادثے پر سابق رکن اسمبلی راجو پاروے نے کمپنی انتظامیہ پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ، ’’دو ماہ قبل ملازمین نے حفاظتی نظام کی شکایت کرتے ہوئے ہڑتال کی تھی۔ حال ہی میں ۲۵ تجربہ کار ملازمین کو فارغ کر کے نئے ملازمین کو بھرتی کیا گیا تھا۔ یہ لاپروائی حادثے کی وجہ ہو سکتی ہے۔‘‘ دریں اثنا، مقامی پولیس، صنعتی حفاظتی حکام اور دیگر تحقیقاتی اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ مہلوکین کے خاندانوں کو امداد کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اس حادثے کے بعد صنعتی تحفظ کے حوالے سے نئی، سخت پالیسیوں کو نافذ کرنے کی بات کہی جارہی ہے۔ یاد رہے کہ ناگپور اور آس پاس کے علاقوں میںماضی قریب میں کمپنیوں میں دھماکے کے اس طرح کے متعدد واقعات پیش آ چکےہیں۔