• Wed, 05 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنوری میں برآمدات اور نئے آرڈرس میں اضافہ، مینوفیکچرنگ پی ایم آئی نئی بلندی پر

Updated: February 04, 2025, 1:00 PM IST | Agency | New Delhi

اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں پی ایم آئی۷ء۵۷؍ رہا ۔طلب میں اضافے کے باعث کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ اس سے کاروباری اعتماد بھی مضبوط ہوا ہے۔

India`s manufacturing sector performed well. Photo: INN
ہندوستان کے مینوفیکچرنگ شعبے میں اچھی کارکردگی دیکھی گئی۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی مینوفیکچرنگ سیکٹر نے جنوری میں ایک مضبوط شروعات کی ہے۔ دسمبر میں قدرے سست روی کے بعد اب برآمدات میں تقریباً۱۴؍برسوں میں سب سے تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ نئے آرڈرس میں بھی جولائی کے بعد سب سے تیز رفتاری سے اضافہ ہوا۔ اس کی وجہ سے جنوری کا مینوفیکچرنگ پرچیزنگ منیجرس انڈیکس (پی ایم آئی ) ۶؍ ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
 ایچ ایس بی سی اور ایس اینڈ پی گلوبل کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق  جنوری میں پی ایم آئی ۵۷ء۷؍ رہا، جب کہ دسمبر میں یہ ۵۶ء۴؍ تھا۔ ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ پی ایم آئی کا ۵۰؍ سے اوپر ہونا سیکٹر میں ترقی کی نشاندہی کرتا ہے، جب کہ۵۰؍ سے نیچے کا اعداد و شمار کمی کو ظاہر کرتا ہے۔
 برآمدات اور آرڈرس میں اس اضافے کے ساتھ ہندوستانی پروڈیوسرس نے نئے سال کی مضبوط شروعات کی ہے، جسے معیشت کے آگے بڑھنے کے لیے ایک مثبت علامت قرار دیا جارہا ہے۔ سروے کے مطابق لاگت کا دباؤ۱۱؍ ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا تاہم طلب میں اضافے کے باعث کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ کاروباری اعتماد بھی مضبوط ہوا ہے۔ خریداری اور روزگار کے مواقع میں ریکارڈ سطح پر اضافہ ہوا ہے۔  نئے آرڈرس میں اضافے کی وجہ ملکی مانگ میں بہتری اور بین الاقوامی فروخت میں اضافہ ہوا۔ خاص بات یہ تھی کہ ہندوستانی مصنوعات کی بین الاقوامی مانگ ۱۴؍ برسوں میں سب سے تیز رفتاری سے بڑھی ہے۔
 پرنجول بھنڈاری، ایچ ایس بی سی کے چیف انڈیا اکنامسٹ نے کہاکہ ’’ملکی اور برآمدی طلب دونوں ہی مضبوط ہیں، جس کی وجہ سے نئے آرڈرس میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایمپلائمنٹ پی ایم آئی نے مینوفیکچرنگ سیکٹر میں روزگار کے مضبوط مواقع کی نشاندہی کی ہے۔ انڈیکس اپنے آغاز کے بعد سے اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
 سروے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دوسری بار ان پٹ لاگت میں کمی آئی ہے جس سے کمپنیوں پر حتمی مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا دباؤ کم ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کمپنیاں بھی مستقبل کے بارے میں زیادہ پر امید ہو گئی ہیں۔ تقریباً ۳۲؍ فیصد کمپنیوں نے کہا کہ وہ ترقی کی توقع کر رہے ہیں  جبکہ صرف ایک  فیصد نے پیداوار میں کمی کی توقع کی ہے۔
 نئے سروے کے مطابق ہندوستان کے مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ترقی کے آثار بہت مضبوط ہیں۔ پینل کے اراکین نے کہا کہ بڑھتی ہوئی طلب، بہتر کسٹمر تعلقات، سازگار اقتصادی حالات اور مارکیٹنگ کی کوششیں اس ترقی کو مزید آگے بڑھائیں گی۔ سروے کے مطابق  مضبوط فروخت اور مثبت پیشین گوئی کی وجہ سے کمپنیوں نے مالی سال کی چوتھی سہ ماہی کے آغاز میں بڑی تعداد میں نئے ملازمین کو بھرتی کیا۔ روزگار میں یہ نمو پچھلے ۲۰؍برسوں میں سب سے تیز تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر میں سرگرمی اپنے عروج پر ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK