میونسپل محکمہ تعلیم نے یکم جنوری سےاس سسٹم کے نفاذکی ہدایت دی تھی ۔ عملہ اب بھی بائیومیٹرک سےحاضری درج کروارہاہے
EPAPER
Updated: January 13, 2025, 10:39 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
میونسپل محکمہ تعلیم نے یکم جنوری سےاس سسٹم کے نفاذکی ہدایت دی تھی ۔ عملہ اب بھی بائیومیٹرک سےحاضری درج کروارہاہے
بی ایم سی محکمہ تعلیم نے یکم جنوری سے اسکولی عملے کیلئے بائیومیٹرک کے بجائے چہرے کی شناخت ( فیس اٹینڈنس سسٹم ) کے نظام کے ذریعے حاضری درج کرانے کی ہدایت جاری کی تھی لیکن نصف جنوری گزر جانے کے باوجود متعدد میونسپل اسکولوںمیں چہرےکی شناخت والاسسٹم نافذنہیںہوسکاہے جس کی وجہ سے ان اسکولوںمیں بائیومیٹرک حاضری درج کی جارہی ہےاور جن اسکولوںمیں چہرہ والا سسٹم نصب ہے،وہاں دونوں طریقہ کار سے حاضری ریکا رڈ کی جارہی ہے۔ اس کی وجہ احتیاط بتائی جارہی ہےکیونکہ چہرہ والا سسٹم ابھی تمام اسکولوں میں رائج نہیں ہوسکاہے۔ ایسے میں حاضری سےمتعلق تکنیکی دشواری پیش نہ آئے اس لئے ان اسکولوں کا عملہ بائیومیٹرک اور چہرےکی شناخت والے سسٹم کے ذریعے حاضری درج کروارہا ہے۔
دریں اثناء سیکنڈری ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ پونے کے ایجوکیشن آفیسر نے ریاست میں گرانٹ کیلئے اہل اسکولوں میں اساتذہ، غیر تدریسی عملہ اور طلبہ کی حاضری فوری طور پر بائیو میٹرک یا چہرے کی شناخت والے سسٹم سے ریکارڈ کی تفصیلات جمع کرانےکی ہدایت دی ہے ورنہ اسکولی عملے کی تنخواہ روکنےکا انتباہ دیاتھا۔
اس تعلق سے سیکنڈری ایجوکیشن کے آفیسر ڈاکٹر بھائوصاحب کاریکر نے ریاست میں گرانٹ کیلئے اہل اسکولوں میں اساتذہ، غیر تدریسی عملہ اور طلبہ کی حاضری فوری طور پر بائیو میٹرک یا چہرے کی شناخت کے نظام کے ذریعے ریکارڈ کرنےکی ہدایت دی ہے ورنہ ایسے بالخصوص امدادیافتہ اسکولوں کی تنخواہ روک دی جائے گی جو بائیو میٹرک سسٹم یا چہرے کی شناخت کے نظام کے ذریعے حاضری کی شرط پوری نہیں کررہےہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ’’ اسکولوں کو بائیو میٹرک سسٹم کے بارے میں تمام معلومات فراہم کر دی گئی ہے ۔ اگر اس معاملہ میں کوئی دقت ہو تو سیکنڈری ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ، پونے کے دفتر میں معلومات جمع کرائی جاسکتی ہے۔ پونے ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر آف ایجوکیشن اور پونے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ پرنسپل، اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی ستمبر اور دسمبر ۲۰۲۴ء کی مدت کیلئے بائیو میٹرک سسٹم یا چہرے کی شناخت کے نظام کے ذریعے حاضری کی رپورٹ جمع کروائیں۔‘‘
جنوبی ممبئی کے ایک اسکول کے معلم نے بتایا کہ ’’ہمارے اسکول میں بائیومیٹرک اور چہرے کی شناخت کےنظام کےذریعے حاضری درج کرانے والے سسٹم نصب ہیںلیکن اب بھی کئی اسکولوں میں چہرے کی شناخت والا سسٹم نصب نہیں ہواہے جس کی وجہ سے ان اسکولوں میں بائیومیٹرک حاضری کا نظم جاری ہے ۔ جب تک سبھی اسکولوں میں چہرےکی شناخت والا سسٹم نصب نہیں ہوتا ،ہم دونوں سسٹم کےذریعے حاضری درج کرائیں گے تاکہ بعدمیں کسی طرح کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔ ‘‘ انہوں نےیہ بھی بتایاکہ ’’چہرے کی شناخت والا سسٹم اچھا اور تیز ہے۔ سسٹم کے سامنے پہنچتے ہی وہ تصویر کھینچ کر حاضری درج ہونےکی تصدیق کرتا ہے۔ اس کا میسیج بھی موبائل فون پر آجاتاہے۔‘‘
گوونڈی کے ایک اسکول کے سینئرٹیچر کےمطابق ’’ چہرے کی شناخت والا سسٹم تیز اور فعال ہے۔ اس کےپاس سے بھی گزرو توحاضری درج ہوجاتی ہےلیکن ابھی متعدد اسکولوںمیں یہ سسٹم نافذ نہیں ہواہے جس کی وجہ سے کچھ اسکولوںمیں دونوں طریقے سےتدریسی اور غیر تدریسی عملہ حاضری درج کروارہاہے۔‘‘