Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

مالیگاؤں میں نقلی آئی اے ایس آفیسر پکڑا گیا

Updated: March 26, 2025, 10:10 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

ملزم نریش، عبدالرحمٰن بن کر رہ رہا تھا، اس نے سرکاری ملازمت دلانے ، اراضیات کی خرید و فروخت کے نام پرکروڑوں روپے جمع کئے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

مقامی پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرکے لوکل کورٹ میں پیش کیا ۔ کورٹ نے اسے اگلے ۶؍ دنوں تک پولیس کسٹڈی میں رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ زیر حراست شخص کا نام رینگل رجک نریش ہے ۔ اس نے اپنے آپ کو آئی اے ایس آفیسر بتاکر مالیگاؤں میں عبدالرحمٰن نام سے شناخت بنائی تھی۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے سرکاری ملازمت دلانے،  ریزرو اراضیات کی خرید و فروخت کروانے اور مختلف حیلے بہانے سے کروڑوں روپے جمع کئے ہیں ۔ ایڈیشنل ایس پی تیگ بیر سنگھ سندھو نے کہا کہ ملزم کے مکان واقع لکی ٹاور سےبھاری رقم بھی برآمد ہوئی ہے ۔ ۲۴؍ مارچ کی شب میں اسے لکی ٹاور سے اٹھاکر سٹی پولیس اسٹیشن میں لایا گیا ۔ یہاں اس سے کئی گھنٹے تک پوچھ تاچھ جاری رہی ۔ عدالت نے ۶؍ دنوں تک پولیس کسٹڈی میں رکھنے کے احکامات دئیے ہیں۔  ملزم کی گرفتاری کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پورے شہر میں پھیل گئی ۔ درجنوں افراد سٹی پولیس اسٹیشن کے احاطے اور ملزم کی رہائش کے اطراف دیکھے گئے ۔ ان میں متاثرین بھی شامل تھے ۔ نام نہ ظاہر کرتے ہوئے ایک متاثر نے کہا کہ رینگل نے ایک لاکھ بیس ہزار روپے لئے تھے جس کے عوض وسیع زمین پر فلیٹ بناکر دینے کا وعدہ تھا ۔ ایسے بہت سارے افراد ہیں جنہوں نے محض ایک لاکھ بیس ہزار روپے کے عوض سہولیات سے مزین فلیٹ حاصل کرنے کیلئے ملزم کو پیسے ادا کئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: آج رائلز اور نائٹ رائیڈرس کے درمیان گھمسان

مختلف ذرائع سے انقلاب کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق ملزم  کا تعلق مدھیہ پردیش سے ہے ۔ گوالیار اور بھوپال سے اس کا گہرا تعلق ہے ۔ اس نے مالیگاؤں آتے ہی مسلمانوں کی طرح مذہبی لباس  پہنا اور وضع قطع اختیار کی ۔ نئے بس اسٹینڈ کے قریب واقع مسجد عبداللہ ابن مسعودؓ میں باقاعدہ پانچ وقت با جماعت نماز ادا کرنے کا معمول بنایا ۔ کئی علماء و مذہبی شخصیات سے مراسم استوار کئے ۔ اپنے آپ کو آئی اے ایس آفیسر کے طور پر پیش کیا ۔ فورچیونر کار استعمال کرتا جس کی پچھلی اسکرین پر ’ ڈی سی ‘ لکھا ہوا تھا ۔ یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی سے لے کر’پی ایم او‘ تک اپنے ’تعلقات ‘ شمار کروائے ۔ اُس کے آدھار کارڈ پر اصل نام رینگل رجک نریش جبکہ عبدالرحمٰن بن کر وہ مسلم اکثریتی شہر میں ڈیرہ ڈالے ہوئے تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK