• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نامور برطانوی گلوکار لیئم پین ہوٹل کی بالکنی سے گرکر ہلاک

Updated: October 18, 2024, 11:42 AM IST | Agency | Buenos Aires

۳۱؍سالہ گلوکار کے ساتھ یہ حادثہ ارجنٹائنا کے دارالحکومت بیونس آئرس کے ایک ہوٹل میں پیش آیا۔

Vintage photo of singer William Penn. Photo: INN
گلوکارلیئم پین کی پرانی تصویر۔ تصویر : آئی این این

 عالمی شہرت یافتہ برطانوی گلوکار لیئم پین کی ارجنٹائنا میں  ایک ہوٹل کی بالکنی سے گرنے سے موت ہوگئی ہے۔ ۳۱؍ سالہ لیئم پین دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے شہرہ آفاق بینڈ ’ون ڈائریکشن‘ کے گلوکار تھے۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ارجنٹائنا کی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ پولیس کو ہوٹل کی جانب سےمطلع کیا گیا تھا کہ ایک شخص منشیات اور شراب کے نشے میں دھت ہے۔ پولیس کے بیان کے مطابق ہوٹل کے منیجر نے بتایا کہ انہوں نے ہوٹل کے پیچھے سے ایک زوردار آواز سنی، جب پولیس پہنچی تو دیکھا کہ ایک شخص اپنے کمرے کی بالکنی سے گرگیا ہے۔ ایمرجنسی اہلکاروں نے ون ڈائریکشن بینڈ کے سابق معروف گلوکار کی موت کی تصدیق کردی۔ 
 امریکی گلوکار چارلی پوتھ نے انسٹاگرام اسٹوری پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ میں اس وقت صدمے میں ہوں، لیئم پین ہمیشہ مجھ پر بہت مہربان رہا ہے، وہ پہلے بڑے فنکار تھے جن کے ساتھ مجھے کام کرنے کا موقع ملا، مجھے یقین نہیں آ رہا کہ وہ چلے گئے ہیں۔ امریکی میوزک چینل ایم ٹی وی، اسٹریمنگ سروس اسپوٹیفائی اور بی آر آئی ٹیز برٹش میوزک ایوارڈز نے سوشل میڈیا پر ان کے اہل خانہ اور پیاروں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ ۲۰۱۷ء میں برطانوی ٹی وی شخصیت اور گرلز الاؤڈ گلوکارہ شیرل اور لیئم پین کا ایک بیٹا ہوا تھا جس کا نام بیئرہے۔ بیونس آئرس کی وزارت سیکوریٹی سے حاصل ہونے والی ایک آڈیو کے مطابق پولیس کو ہوٹل کے ایک ملازم کی کال موصول ہوئی تھی، جس میں نشے میں دھت مہمان کی فوری مدد کی درخواست کی گئی تھی۔ ملازم نے کہا تھا کہ جب وہ ہوش میں آتے ہیں تو وہ پورے کمرے میں توڑ پھوڑ کرتے ہیں، چونکہ کمرے میں ایک بالکونی ہیں، اس لیے مہمان کی زندگی خطرے میں ہیں، کسی کو فوری بھیجیں۔ ادھر، جمع ہونے والے مداح اور تماشائی ایک دوسرے کو گلے لگا کر رو رہے تھے۔ ارجنٹائن کے مقامی اخبار ’کلیرن‘ نے لیئم پین کے کمرے کے اندرونی حصے کی تصاویر شائع کی ہیں، جن میں ایلومینیم فوائل کے ایک ٹکڑے اور لائٹر کے ساتھ میز پر سفید پاؤڈر اور ٹوٹی ہوئی اسکرین والا ٹیلی ویژن نظر آرہا ہے۔ لیئم پین کی خاتون مداح وائلٹا انٹیر نے رائٹرز کو بتایا کہ وہ اس وقت آئی تھیں جب ان کی بہن نے بتایا کہ لیئم پین کی موت ہو گئی ہے۔ لیئم نے۲؍ اکتوبر کو اپنے سابق بینڈ میٹ نیل ہوران کے بیونس آئرس کنسرٹ میں شرکت کی تھی۔ ’فار یو‘ کے گلوکار نے ہیری اسٹائلز، زین ملک، نیل ہورن اور لوئس ٹاملنسن کے ساتھ پاپ بینڈ ون ڈائریکشن کی وجہ سے عالمی شہرت حاصل کی، ون ڈائریکشن کو۲۰۲۴ء میں انٹرٹینمنٹ ویکلی کی جانب سے تیسرا بہترین بوائے بینڈ قرار دیا گیا تھا، اس گروپ نے درجنوں بڑے ایوارڈز جیتے اور دنیا بھر میں ان کے تقریباً ۷۰؍ ملین ریکارڈ فروخت ہوئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK