• Tue, 07 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

مشہور سماج وادی لیڈر شرد یادو انتقال کرگئے، آج ہوشنگ آباد کے آبائی گائوں میں آخری رسومات

Updated: January 14, 2023, 9:40 AM IST | new Delhi

سماج وادی نظریات کے مشہور اور قد آور لیڈر شرد یادو کا ۷۵؍سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ۔ شرد یادو کی بیٹی سبھاشنی یادو نے ٹویٹر پر ان کے انتقال کی خبر دی۔

Sharad Yadav who fought till his death for Samajwadi ideas.
شرد یادو جنہوں نے مرتے دم تک سماج وادی نظریات کی لڑائی لڑی ۔

سماج وادی نظریات کے مشہور اور قد آور لیڈر شرد یادو کا ۷۵؍سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ۔ شرد یادو کی بیٹی سبھاشنی یادو نے   ٹویٹر پر ان کے انتقال کی خبر دی۔ انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’’پاپا نہیں رہے۔‘‘ واضح رہے کہ شرد یادو چار مرتبہ بہار کی مدھے پورہ سیٹ سے رکن پارلیمنٹ رہے ہیں۔ وہ جنتا دل یو (جے ڈی یو) کے سربراہ بھی رہے ہیں اور مرکزی حکومت میں وزیر بھی۔شرد یادو گزشتہ کچھ دنوں سے علیل  تھےاور گروگرام کے فورٹس اسپتال میں علاج کرا رہے تھے۔ جمعرات کی دیر رات  انہوں نے اسپتال میں آخری سانس لی۔ شرد یادو کے انتقال کی خبر ملنے کے بعد آر جے ڈی لیڈر اور بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے ٹویٹ کر کے اظہارِ غم کیا۔ انھوں نے لکھا کہ ’’منڈل مسیحا، آر جے ڈی کے سینئر لیڈر، عظیم سماجوادی لیڈر، میرے سرپرست  عزت مآب شرد یادو جی کے انتقال کی خبر سے تکلیف میں ہوں۔ کچھ کہنے کی حالت میں نہیں ہوں۔  اس دکھ میں پوری سماجوادی فیملی غمزدہ کنبہ کے ساتھ ہے۔‘‘وزیر اعظم مودی نے بھی شرد یادو کیلئے تعزیتی پیغام جاری کیا ۔ انہوں نے لکھا کہ ’’میں شرد یادو جی کے انتقال سے انتہائی غمگین ہوں۔ اپنے طویل عوامی کریئر میں انہوں نے خود کو ایم پی اور وزیر کے طور پر ممتاز کیا۔ وہ ڈاکٹر لوہیا کے نظریات سے بہت متاثر تھے۔ میں ہمیشہ ان کے ساتھ ہونے والی گفتگو کو یاد رکھوں گا۔ پسماندگان اور مداحوں سے تعزیت۔‘‘ واضح رہے کہ حکومت نے ایک دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔ 
  شرد یادو نے جنتا دل یو سے استعفیٰ دینے کے بعد اپنی پارٹی تشکیل دی تھی۔ بعد ازاں اس پارٹی کا  انہوں نے آر جے ڈی میں انضمام کر دیا تھا۔ حالانکہ ان کی بیٹی سبھاشنی کانگریس سےمنسلک ہیں۔ شرد یادو نے اٹل بہاری واجپئی حکومت میں مختلف محکموں کی ذمہ داری سنبھالی تھی جبکہ ۲۰۰۳ء میں  وہ جنتا دل یونائٹیڈ کے صدر  بنائے گئےتھے ۔
  ان کی آخری رسومات سنیچرکو مدھیہ پردیش کے نرمداپورم (ہوشنگ آباد) ضلع میں ان کے آبائی گاؤں آنکھماؤ میں ادا کی جائیں گی۔خاندانی ذرائع کے مطابق یادو کے جسد خاکی کو جمعہ کو دہلی میں ان کی رہائش گاہ پر درشن کیلئے رکھا گیا ہے۔  امکان ہے کہ ان کے جسد خاکی کو جمعہ کی رات  یا سنیچر کی صبح ایک خصوصی طیارہ کے ذریعے بھوپال لایا جائے گا۔ اس کے بعد   سڑک کے ذریعے ان کے آبائی گاؤں آنکھماؤ لے جایا جائے گا اور دن کے وقت ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔شرد یادو یکم جولائی ۱۹۴۷ءکو ہوشنگ آباد  کے بابئی میں پیدا ہوئے تھے۔ ابتدائی تعلیم کے بعد انہوں نے جبل پور  سے اپنی سیاسی کریئر کی شروعا ت کی ۔ وہ پہلی بار۱۹۷۴ءمیں جبل پور سے ہی لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے تھے۔بعد میں وہ اتر پردیش اور بہار کی سیاست میں سرگرم ہو گئےاور انہی ریاستوں سے منتخب بھی ہوئے۔تعزیتی پیغامات صفحہ ۷؍ پر 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK