Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

’’روزہ رکھنے سے روحانی تازگی کا احساس ہوتاہے‘‘

Updated: March 25, 2025, 9:55 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

نوی ممبئی کی ۴۴؍سالہ سول انجینئر روہنی مہاترے ، گزشتہ ۲؍سال سےپورے روزہ رکھ رہی ہیں۔

Rohini Mahatre has refrained from giving a picture. Symbolic picture
روہنی مہاترے نے تصویر دینے سے گریز کیا ہے۔ علامتی تصویر

یہاں کی ۴۴؍سالہ سول انجینئر (ڈپلومہ ہولڈر) روہنی مہاترے، ایک نجی کمپنی میں بطور سول انجینئر اپنی خدمات پیش  کرنے کے ساتھ ساتھ انجینئرنگ ( ڈگری ) کی پڑھائی بھی کر رہی ہیں۔ رمضان اور روزہ میں کشش محسوس کرتے ہوئے وہ گزشتہ ۲؍سال سے پورے روزے رکھ رہی ہیں۔
سوال : روزہ رکھنے کا خیال کیسے آیا اور کب سے روزہ رکھ رہی ہیں ؟
جواب: میں ہندوازم کی پیروکار ہوں۔ گزشتہ سال امبرناتھ یاترا پر گئی تھی ۔ اس دوران وہاں کے کشمیری مسلمانوں سے ملاقات کے بعد ان کے تعلق سے پھیلائی گئی باتیں رفع ہوئیں،معلوم ہوا کہ وہ بھی ہمارے جیسے ہیں ۔ ہرطبقہ میں کچھ غلط لوگ ہوتے ہیں ،سو ان میں بھی ہوں گے لیکن کچھ لوگوں کی وجہ سے سبھی کشمیریوں کو غلط کہنا مناسب نہیں۔ ان سے ملاقات کے بعدکشمیریو ں اور اسلام سے متعلق میرا نظریہ بدل گیا۔ واپس آکر میں نے اپنی ایک قریبی مسلم سہیلی سے اسلام ،روزہ اور نماز وغیرہ کے بارےمیں تفصیلی گفتگو کی۔ اس نے میرے سبھی سوالات کےتشفی بخش جواب دیئے۔ اپنے طورپر بھی روزہ وغیرہ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے بعد میں نے روزہ رکھنے کافیصلہ کیا۔ میرے لئے شروع میں اپنے گھر میں روزہ رکھنا ممکن نہ تھا ۔ اس بارے میں مذکورہ سہیلی سے گفتگو اور تعاون حاصل کر کےگزشتہ سال روزہ رکھنا شروع کیاتھا ، امسال اپنے گھر میں پورے اہتمام سےروزہ رکھ رہی ہوں۔  
سوال : کیا پہلی بار روزہ رکھنےمیں کوئی دقت محسوس ہوئی؟
جواب: فطرتاً میں بہت فوڈی ہوں ۔ عام دنوں میںگھر سے آفس کیلئے روانہ ہوتے وقت، بیگ میں کھانے پینے کی اشیاء کے ۷۔۶؍ مختلف ڈبے ہوتے ہیں لیکن روزہ کی حالت میں بھوک اور پیاس کا قطعی احساس نہیں ہوتا۔میں اُپواس بھی رکھتی ہوں،اُپواس اور روزہ میں فرق ہونے کے باوجود مجھے بھوک وپیاس نہیں لگتی ۔میرے نزدیک اس کی وجہ روحانی قوت ہے ،جو اپنا کام کرتی ہے۔
سوال: روزہ رکھنے سے آپ کو کیافائدہ محسوس ہوا؟    
جواب: روزہ رکھنے سے جسمانی طورپر فٹ ہونے کا احساس ہوتا ہے، ساتھ ہی ایک الگ قسم کی تازگی محسوس ہوتی ہے ۔ حالانکہ روزہ رکھنے سے میری نیند پوری نہیں ہو پا رہی ہے ،کیونکہ میں علی الصباح ۴؍بجے سحری کیلئے اُٹھتی ہوں، سحری کےبعددفتر جانے کی تیاری شروع کردیتی ہوں۔ سوا  ۶؍ دفتر کےلئے نکلتی  ہوں۔ دفتر سے لوٹ کر، گھر آکر افطاری وغیرہ کا انتظام کرتی ہوں، افطاری سے فارغ ہوکر کچھ دیر آرام کرکےگھریلو کام کو انجام دیتی ہوںبعدازیں کھانے کے بعد۱۲؍ بجے سوتی ہوں ۔ صرف ۴؍گھنٹہ سونے سے نیند پوری نہیں ہورہی ہے ،اس کے باوجود روزہ کی برکت سے خودکو بڑی خوش وخرم محسوس کرتی ہوںروزہ رکھنے سے ایک روحانی تازگی کا احساس ہوتاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK