مہانرمتی ناگپور کوراڈی تھرمل پاور جنریشن پلانٹ کاسَیٹ نمبر۸؍تکنیکی وجوہات کی بنا پر ۴؍ مئی سے بند کر دیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: May 06, 2024, 11:54 AM IST | Ali Imran | Nagpur
مہانرمتی ناگپور کوراڈی تھرمل پاور جنریشن پلانٹ کاسَیٹ نمبر۸؍تکنیکی وجوہات کی بنا پر ۴؍ مئی سے بند کر دیا گیا ہے۔
جہاں ایک طرف ریاست میں درجہ حرارت بڑھنے سے بجلی کی کھپت میں اضافہ ہوا ہے وہیں دوسری جانب، مہانرمتی ناگپور کوراڈی تھرمل پاور جنریشن پلانٹ کا۶۶۰؍ میگاواٹ سیٹ نمبر۸؍تکنیکی وجوہات کی بنا پر ۴؍ مئی سے بند کر دیا گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں ریاست میں بجلی کی پیداوار کا فیصد کم ہوا ہے۔ واضح رہے کہ درجۂ حرارت میں اضافے کے باعث پنکھے، ایئر کنڈیشنر سمیت بجلی کے آلات، زرعی آبپاشی پمپ کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ کوراڈی میں۶۶۰؍ میگاواٹ کا سیٹ نمبر۸؍ بوائلر۴؍ مئی کو ٹیوب لیکیج کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا حالانکہ ریاست میں بجلی کی مانگ بڑھ رہی ہے۔ سیٹ کے بند ہونے سے یہاں بجلی کی پیداوار میں تقریباً ۶۰۰؍ میگاواٹ کی کمی واقع ہوئی اور یومیہ ایک ہزار۹۰۰؍ میگاواٹ کی بجائے صرف ایک ہزار ۳۱۲؍ میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ سیٹ کی مرمت میں مزید کچھ دن لگیں گے۔ سنیچر تک ریاست میں بجلی کی کھپت تقریباً ۲۸؍ ہزار میگاواٹ تھی۔ جس میں سے۲۳؍ ہزار میگا واٹ کی مانگ صرف مہاوترن نے کی تھی۔ ممبئی کی مانگ بھی۳۵۰۰؍سے۴۰۰۰؍ میگاواٹ کے لگ بھگ تھی۔ کوراڈی سینٹر کے چیف انجینئر ولاس موٹگھرے نے دعویٰ کیا کہ سیٹ ۲؍ دن میں شروع کردیا جائے گا، جبکہ مہاوترن کے شعبہ تعلقات عامہ نے دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ ضرورت کے مطابق بجلی دستیاب ہے۔ اگر ناگپور کوراڈی تھرمل پاور جنریشن پلانٹ کا مذکورہ سیٹ کچھ دن اور بند رہتا ہے تو ریاست میں بڑے پیمانے پر بجلی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے۔