Inquilab Logo

اسکول شروع ہونے کے۱۵؍دن بعد بھی طلبہ کتابوں سے محروم!

Updated: July 03, 2024, 10:28 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

اسکول شروع ہوئے ۱۵؍ دن ہوگئے ہیں، اس کے باوجود طلبہ کی تعداد کے مطابق کتابیں مہیا نہیں کرائی گئی ہیں جس سے طلبہ اور والدین پریشان ہیں۔

Students are facing difficulty in studying due to lack of books.  Photo: INN
کتابیں نہ ملنے سے طلبہ کو پڑھائی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تصویر : آئی این این

اسکول شروع ہوئے ۱۵؍ دن ہوگئے ہیں، اس کے باوجود طلبہ کی تعداد کے مطابق کتابیں مہیا نہیں کرائی گئی ہیں جس سے طلبہ اور والدین پریشان ہیں۔ کتابوں کے کم ہونے سے اسکول انتظامیہ ایک بینچ پر بیٹھنے والے ۲؍طالب علموںکے درمیان ایک کتاب شیئر کرنے اور پرانی کتابیں حاصل کر کے طلبہ کو پڑھنے کیلئے دے رہے ہیں۔ متعلقہ ڈپارٹمنٹ نے بھی کتابوں کے کم ہونے کا اعتراف کیا اور جلد ہی اس کمی کو پورا کرنے کا یقین دلایا ہے۔ 
 واضح رہے کہ بی ایم سی اور ریاستی حکومت کے زیراہتمام جاری دوسری تاآٹھویں جماعت کےطلبہ کو نصابی کتابیں ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے فراہم کی جاتی ہیںلیکن امسال ان اسکولوں کو طلبہ کی تعداد کے مقابلہ تقریباً ۲۰؍ فیصد کم کتابیں ملنے کی شکایت سامنے آئی ہے  جس سے طلبہ کو کتاب تقسیم کرنے میں دشواری در پیش ہے۔
 گوونڈی کے ایک اُردو میڈیم اسکول کے سینئر معلم نے اس نمائندہ کو بتایا کہ ’’ ہمارے اسکول میں اوّل تاآٹھویں جماعت میں ایک ہزار ۲۵۰؍ طلبہ زیر تعلیم ہیں جن میں سے ۳۰۰؍ طلبہ کی کتابیں کم آئی ہیں جس کی وجہ سے طلبہ کو کتاب تقسیم کرنے میں پریشانی ہو رہی ہے ۔ ایسی صور ت میں ایک بینچ پر بیٹھنے والے ۲؍ طالب علموں کے درمیان ۲؍ کے بجائے ایک کتاب رکھ کر انہیں پڑھایا جا رہا ہے ، ساتھ ہی اب بھی ہر جماعت کے ۵۔۷؍ طلبہ گرمی کی چھٹی ختم ہونے کے باوجود وطن سے نہیں لوٹے ہیں، ان کی کتابیں دیگر طلبہ کو دے کر ان کی ضروریات پوری کی جا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں گزشتہ سال کے طالب علموں سے ان کی کتابیں منگوا کر کتابوں کی کمی پوری کی جا رہی ہے۔ ‘‘
دھاراوی کے اُردو میڈیم اسکول کے ایک ٹیچر نے بتایا کہ ’’ہمارے یہاں بھی طلبہ کی تعداد کے مقابلہ ۵۰؍ طلبہ کی کتابیں کم آئی ہیں  جس کی اطلاع متعلقہ ڈپارٹمنٹ کو دے دی گئی ہے ۔ اُمید ہے کہ ان طلبہ کی کتابیں بھی جلد آجائیں گی۔ ‘‘ 
 مضافاتی علاقہ کے ایک پرنسپل کے مطابق’’ متعدد والدین نصابی کتب کی کمی کے بارے میں فون کر کے دریافت کر رہے ہیں کہ بچوں کو کتابیں کب ملیں گی ۔ میرا ہر دن کتابوں کے بارے میں والدین کے پیغامات پڑھنے سے شروع ہوتا ہے۔ میں نے محکمہ تعلیم کو خط لکھ کر کتابیں فراہم کرنے کی درخواست کی۔‘‘
اس تعلق سےمتعلقہ محکمہ کےایک افسر سے استفسارکرنے پر انہوں نے بتایا کہ ’’پہلی مرتبہ ایساہوا کہ مطلوبہ تعداد کے مقابلہ کتابیں کم پڑ گئی ہیں لیکن اس میں پریشان ہونےکی ضرورت نہیں ہے جلد ہی اس کمی کوپورا لیا جائے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK