جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں۱۴؍ فروری۲۰۱۹ءکوسی آر پی ایف کی ایک قافلے پر خود کش حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں۴۰؍ سی آر پی ایف اہلکارشہید ہوئے تھے
EPAPER
Updated: February 15, 2024, 9:55 AM IST | New Delhi
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں۱۴؍ فروری۲۰۱۹ءکوسی آر پی ایف کی ایک قافلے پر خود کش حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں۴۰؍ سی آر پی ایف اہلکارشہید ہوئے تھے
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کو ۲۰۱۹ء میں پلوامہ میں ہونے والے خود کش حملوں میں شہیدہونےو الے۴۰؍ سی آر پی ایف اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں۱۴؍ فروری۲۰۱۹ءکو دوپہر تقریباً ڈھائی بجے سی آر پی ایف کی ایک قافلے پر خود کش حملہ کر دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں۴۰؍ سی آر پی ایف اہلکاروں کی موت ہوگئی تھی ۔اس حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ جیسی صورتحال پیدا ہوئی تھی۔
منوج سنہا نے بدھ کے روز اس حملے میں جان گنوانےوالے جوانو ں کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے `ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’ `میںپلوامہ دہشت گردانہ حملے میں جانیں قربان کرنے والے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔قوم ان کی مثالی جرأت، عظیم قربانی اور مادر وطن کی بے لوث خدمت کی ہمیشہ مرہون منت رہے گی۔‘‘قابل ذکر ہے کہ وادی میں بدھ کو اس حملے کی پانچویں برسی کے موقع پر سیکوریٹی فورسیز بشمول سی آر پی ایف اور سیاسی و سماجی تنظیموں نے الگ الگ تقریبات کا انعقاد کیا ۔ادھر مرکز میںوزیر اعظم مودی ، وزیرداخلہ امیت شاہ اور مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے بھی پلوامہ حملوں کے شہداء کی بہادری کوسلام کیا ۔
بے شمار سوالات ہیں جن کا ابھی تک کوئی جواب نہیںملا : راہل
کانگریس پارٹی کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے۱۴؍ فروری ۲۰۱۹ء کو جموں کشمیر کے پلوامہ میں ہوئے حملے کو یاد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے۔ اس پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ’’پلوامہ حملے کے۵؍ سال ہوگئے، نہ کوئی سماعت ہوئی، نہ کوئی امید ہے اور بے شمار سوالات ہیں جن کا ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے جس میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کے درد کو پیش کیا گیا ہے۔