• Sun, 05 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بالآخرمنو بھاکر کو کھیل رَتن دینے کا اعلان

Updated: January 03, 2025, 9:59 AM IST | Agency | New Delhi

بعد از خرابیٔ بسیار مودی حکومت کا فیصلہ ، منو بھاکر اور ان کے والد نے خیر مقدم کیا، مزید۳؍ کھلاڑیوںکے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا۔

Major Dhyan Chandakhil Ratna awardees include Manu Bhakar. Photo: PTI
میجر دھیان چندکھیل رتن ایوارڈ سے نوازے جانے والوں میں منو بھاکر شامل ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

: بعد از خرابی بسیار، شدید تنقیدوں اور سرکار کی نیت پر سوال اٹھنے کے بعد بالآخر مرکزی وزارت کھیل نے دھیان چند کھیل رتن ایوارڈس کا اعلان کر دیا ہے جس میں اولمپک میڈل جیتنے والی منو بھاکر کو کھیل رتن سے نوازنے کا اعلان انتہائی اہم ہےکیوں کہ منو بھاکر کے نام پر ہی سب سے زیادہ تنازع ہوا تھا۔ چونکہ انہوں نے اولمپک سے لوٹنے کے بعد اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سے بھی ملاقات کی تھی اس لئے ان کے نام پر تنازع کھڑا کرنے کی کوشش مسلسل جاری تھی اور جب کھیل رتن ایوارڈس کی ابتدائی فہرست سامنے آئی تو یہ تنازع اور بھی بڑھ گیاتھا۔ بہرحال اب حکومت نے اپنی غلطی کا ازالہ کرتے ہوئے منو بھاکر کو کھیل رتن سے نوازنے کا اعلان کردیا ہے۔ 
 منو بھاکر کے علاوہ شطرنج کے عالمی چمپئن ڈی گوکیش سمیت ۴؍ کھلاڑیوں کو دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ ان دونوں کے علاوہ جن ۲؍ ایتھلیٹ کو کھیل رتن ایوارڈ دیا جائے گا ان میں ہاکی کھلاڑی ہرمن پریت سنگھ اور پیرا ایتھلیٹ پروین کمار شامل ہیں۔ واضح رہے کہ دھیان چند ’کھیل رتن‘ایوارڈ کھیلوں میں ملک کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ اس کے علاوہ ۳۲؍ کھلاڑی ایسے بھی ہیں جن کو ارجن ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ اس میں ۱۷؍ کھلاڑی پیرا ایتھلیٹ ہیں۔ تعجب خیز امر یہ ہے کہ کسی بھی کرکٹر کو نہ تو کھیل رتن اور نہ ہی ارجن ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ ان تمام کھلاڑیوں کو ۱۷؍ جنوری کو راشٹرپتی بھون میں منعقد ہونے والے پروگرام کے دوران اعزازات سے نوازا جائے گا۔ 
 دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ پانے والے کھلاڑیوں کی بات کریں تو ہندوستان کی اسٹار شوٹر منو بھاکر نے پیرس اولمپکس۲۰۲۴ء میں ۲؍ تمغے جیتے تھے۔ وہ ایک ہی اولمپک میں ۲؍ تمغے جیتنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بھی ہیں۔ ان کی یہ کامیابی تاریخی اہمیت کی حامل ہےلیکن سرکار انہیں نظر انداز کرنے کی کوشش کررہی تھی جس پر منو بھاکر کے والد نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ اسی کے بعد سرکار نے ہوش کے ناخن لئے اور منو بھاکر کو ایوارڈ کی فہرست میں شامل کرلیا۔ منو بھاکر کے علاوہ ڈی گوکیش کا نام بھی اس ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نےگزشتہ دنوں شطرنج کی دنیا میں کمال دکھایا ہے۔ انہوں نے چین کے ڈنگ لیرن کو شکست دے کر صرف ۱۸؍ سال کی عمر میں عالمی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ 
  اس فہرست میں شامل تیسرے کھلاڑی ہندوستانی ہاکی ٹیم کے اسٹار کھلاڑی ہرمن پریت سنگھ ہیں جنہوں نے پیرس اولمپک میں ہاکی میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ ہرمن پریت نے ٹورنامنٹ کے دوران ۱۰؍ گول بھی کئے تھے۔ چوتھے کھلاڑی پروین کمار ہائی جمپ۔ ٹی ۶۴؍مقابلے کا حصہ تھے۔ انہوں نے ایشیائی ریکارڈ توڑ کر گولڈ میڈل جیتاتھا۔ پروین کمار ان کھلاڑیوں کے زمرے میں آتے ہیں جن کا ایک یا دونوں پیر گھٹنے سے نیچے نہیں ہوتے۔ وہ مصنوعی پیر کا سہارا لے کر کھیلوں میں حصہ لیتے ہیں۔ واضح رہے کہ میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ گزشتہ چار سال کے دوران کسی کھلاڑی کے ذریعے کھیلوں کے میدان میں غیرمعمولی اور شاندار کارکردگی کیلئے دیا جاتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK