۲؍ وفود نےاعلیٰ پولیس افسران سے ملاقات کی اور ڈونگری پولیس اسٹیشن میںایف آئی آر درج کروائی
EPAPER
Updated: August 14, 2021, 8:21 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai
۲؍ وفود نےاعلیٰ پولیس افسران سے ملاقات کی اور ڈونگری پولیس اسٹیشن میںایف آئی آر درج کروائی
امام الانبیاءحضوراکرم حضرت محمدمصطفےٰؐکی شان میں دریدہ دہنی کے مرتکب پنکی چودھری کیخلاف ملی تنظیموں کے ۲؍ وفود نے جمعہ کو پولیس کمشنر کے حکم پر ایس بی ون کے انچارج سنیل کولہے اورڈی سی پی زون ششی کمار مینا سے ملاقات کی ۔ اس کے بعد ڈونگری پولیس اسٹیشن میں مولانا انیس اشرفی کی جانب سے ایف آئی آر درج کروائی گئی ۔پولیس نے ملزم کے خلاف دفعہ ۲۹۵؍اے کے تحت ایف آئی آر درج کی۔شرکاء وفد کے مطابق کسی بھی مذہب کی مقدس شخصیات کی شان میںگستاخی دہشت گردی ہے ۔ اس تعلق سے سخت قانون بنایا جائے اورایسے شرپسندوں کو پھانسی یا عمر قید کی سزا دی جائےتاکہ پھرکوئی ایسی شرپسندی کی مذموم جرأت نہ کرسکے ۔
دراصل چند دن قبل بی جے پی کے ایک لیڈر اپادھیائے کے بلانے پر جنترمنتر پر بڑی تعداد میںشرپسند جمع ہوئے اورانہوں نے مذہب اسلام اور مسلمانوں کے خلاف انتہائی اشتعال انگیز نعرے لگائےبلکہ ذات باری تعالیٰ کے تعلق سے بھی بدتمیزی کی ۔ان ہی میں شامل پنکی چودھری نام کے شرپسند نے تونیوز چینل پر انٹر ویو دیتے ہوئے جنتر منتر پر ہونے والی شرپشندی کی ذمہ داری قبول کی اور سرور کائنات ؐ کی شان میں حددرجہ گستاخی بلکہ گالی گلوج کیا اور ایسا بارہاکرتے رہنےکی ہٹ دھرمی کا بھی اعلان کیا ۔
اعلیٰ پولیس افسران سے ملاقات اور ایف آئی آر درج کرانے کے وقت مولانا محمود خاں دریابادی، مولانا سید اطہر علی، فرید شیخ، نعیم شیخ ، مولانا انیس اشرفی، سلیم موٹر والا، مفتی اشفاق قاضی، عبدالحسیب بھاٹکر اور شاکر شیخ موجود تھے۔ اسی مسئلے پررضا اکیڈمی کے جنرل سیکریٹری محمدسعید نوری نےبھی ایس بی ون کے انچارج سےملاقات کی اوران کو میمورنڈم دیا ۔اس کے بعد رضا اکیڈمی کاوفد جس میںمولانا محمدعباس رضوی ، حامد رضا ، خالد رضا، عبدالرشدید رضوی اور بابو بھائی غیرہ شامل تھے ، ڈی سی پی سے ملاقات کے بعد ڈونگری پولیس اسٹیشن ایف آئی آر درج کرانے پہنچے ۔