Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

سیبی کی سابق سربراہ مادھوی پوری بُچ کیخلاف ایف آئی آر کا حکم

Updated: March 03, 2025, 11:39 AM IST | Agency | Mumbai

اسٹاک میں فراڈ اور مالی بدعنوانی کا الزام ، عدالت جانچ کی نگرانی کریگی، ۳۰؍ دنوں  میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔

Madhavi Puri Bach. Photo: INN
مادھوی پوری بچ۔ تصویر: آئی این این

 سیبی چیئر مین کے عہدہ سے ہٹتے ہی مادھوی پوری بُچ کی مصیبتوں  کا دور شروع ہوتا نظر آرہاہے۔ ممبئی کی خصوصی عدالت نے شیئر مارکیٹ   کے اسٹاک میں   فراڈ اور ضوابط کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے کیس میں  ممبئی پولیس کی اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی) کو ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی ہے۔ 
 اسپیشل اینٹی کرپشن بیورو کورٹ نے خود جانچ کی نگرانی کا اعلان کرتے ہوئے تفتیشی ایجنسی کو آئندہ ۳۰؍ دنوں  میں  اسٹیٹس رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ مادھوی پوری بُچ کے خلاف عدالت نے یہ حکم تھانے کے صحافی سانَپ سریواستو کی پٹیشن پر سنایا ہے جس میں  الزام لگایا گیا ہے کہ سیبی کی سربراہ کی حیثیت سے وہ نہ صرف بڑے پیمانے پر مالی بدعنوانی میں  ملوث رہیں   بلکہ اپنی پوزیشن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں  نے سیبی کے ضوابط کو بھی بالائے طاق رکھ دیا۔ 
 عرضی گزار نے بطور خاص ایک معاملہ کی جانب عدالت کی توجہ مبذول کرائی ہے جس میں   سیبی کے اہلکاروں  کے ساتھ ساز باز کرکے اورسیبی ایکٹ ۱۹۹۲ء کے ضوابط کو بالائے طاق رکھ کر دھوکہ بازی کے تحت ایک کمپنی کو اسٹاک ایکسچینج میں درج فہرست کرایا گیا۔ اینٹی کرپشن بیورو عدالت کے خصوصی جج، ایس ای بانگر نے معاملے کو سنگینی سے لیتے ہوئے اس کی جانچ کی ضرورت سے اتفاق کیا۔ انہوں  نے کہا کہ ’’ پہلی نظر میں   ضوابط کی سطح پر لاپروائی اور ساز باز کے ثبوت موجود ہیں اس لئے یہ ایک منصفانہ اور غیر جانبدارانہ جانچ کی ضرورت ہے۔ ‘‘  اس ضمن میں باقاعدہ ایف آئی آر درج کرکے جانچ کا  حکم جاری کرتے ہوئے کورٹ نے کہا کہ  چونکہ سیبی اور قانون نافذ کرنے والے  دیگر اداروں  نے اس ضمن میں کارروائی نہیں کی اس لئے ضابطہ فوجداری کے تحت عدالتی مداخلت ضروری ہوگئی ہے۔
 عرضی گزار کا الزام ہے کہ سیبی کے افسران  اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں ناکام رہے، بازار میں خرد برد کی راہ ہموار کی اور ایک ایسی کمپنی جو ضوابط پر پوری نہیں اُترتی،اسے اسٹاک ایکسچینج میں  لسٹ کرنے کا موقع فراہم کرکے کارپوریٹ فراڈ کی راہ ہموار کی ہے۔  شکایت کنندہ نے کورٹ کو آگاہ کیا کہ اس ضمن میںپولیس اسٹیشن اور سیبی سے بار بار رجوع کیاگیا مگر کوئی شنوائی نہیں  ہوئی۔ ریکارڈ پر موجود تمام مواد کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے اینٹی کرپشن بیورو، ورلی، ممبئی ریجن کو تعزیرات ہند ،انسداد بدعنوانی ایکٹ اور سیبی ایکٹ ک متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرکےجانچ کا حکم دیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK