• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جلگائوں کے مکتائی نگر میں طویلے میں آگ، ۶؍ مویشی ہلاک، لاکھوں کا نقصان

Updated: May 22, 2024, 10:30 AM IST | Agency | Jalgaon

علی الصباح لگی آگ میں ۳؍ ٹریکٹر اور کھیتی باڑی کے اوزار بھی جل کر خاک، خریف کی فصل کی بوائی سے ٹھیک پہلے آگ لگنے سے کسان دقت میں۔

3 tractors standing in the yard were destroyed. Photo: Agency
طویلے میں کھڑے ۳؍ ٹریکٹر خاک ہو گئے۔ تصویر: ایجنسی

ضلع جلگائوں کے مکتائی نگر تعلقے میں منگل کو ایک طویلے میں  آگ لگ گئی جس میں ۶؍ مویشی جل کر ہلاک ہو گئے جبکہ ۳؍ زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ آگ پر قابو پالیا گیا ہے لیکن وہاں موجود ٹریکٹر اور دیگر چیزیں جل کر خاک ہو گئی ہیں اور لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ آگ لگنے کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہو سکی ہے لیکن اس کی وجہ سے طویلے کے مالک کسان کی مشکلوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایچ ایس ایس سی میں ۳۷ء۹۳؍ فیصد طلبہ کامیاب، کوکن بورڈ پھر اوّل

اطلاع کے مطابق جلگائوں ضلع کے مکتائی نگر تعلقے میں واقع بیلس واڑی گائوں میں دھن راج پرجا پتی نامی کسان کا ایک طویلہ ہے جس میں مویشی بندھے ہوئے تھے وہیں کچھ ٹریکٹر اور کھیتی باڑی میں کام آنے والے اوزا ر وغیرہ بھی رکھے ہوئے تھے۔ منگل کی علی الصباح اس طویلے میں اچانک آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے جانوروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ۶؍ مویشی موقع ہی پر ہلاک ہو گئے۔ جبکہ ۳؍ بری طرح جھلس گئے ہیں۔ طویلے میں موجود ۳؍ ٹریکٹر جل کر خاک ہو گئے جبکہ کھیتی باڑی کے اوزار بھی خاکستر ہو گئے۔ 

آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی مکتائی نگر پولیس اسٹیشن کے تحت آنے والے انتورلی دیہی پولیس کے کارکنان فوری طور پر بیلس واڑی پہنچے۔ فائربریگیڈ کو بھی اطلاع دی گئی۔ مقامی افراد اور فائربریگیڈ کے علاوہ پولیس اہلکاروں نے بھی آگ بجھانے میں مدد کی لیکن آگ اتنی تیز تھی کہ سورج نکلنے کے بعد کہیں  جا کر اسے بجھانے میں کامیابی حاصل ہوئی ۔ فی الحال آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ عین خریف کی فصل کی بوائی سے قبل لگی اس آگ کی وجہ سے پرجاپتی کو لاکھوں کا نقصان ہوا ہے۔ اس کی وجہ سے فصل کی بوائی میں بھی دقتیں پیش آسکتی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK