Inquilab Logo

کاندیولی میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک دیگر ۳؍ زخمی

Updated: October 02, 2022, 11:06 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

موٹر سائیکل پر سوار۲؍نامعلوم افراد ۴؍راؤنڈ فائرنگ کر کے فرار ہوگئے،پولیس کو پرانی رنجش کا شبہ

Police personnel investigating at the place where the firing took place in Kandivali.
کاندیولی میں جس جگہ فائرنگ ہوئی تھی وہاں پولیس اہلکار تفتیش کرتے ہوئے۔

 یہاں مضافات کے کاندیولی علاقہ میں ۲؍ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے جمعہ کی شب ۴؍ راؤنڈ گولیاں چلائیں جس سے ایک شخص کی موت ہوگئی جبکہ دیگر ۳؍ افراد زخمی ہوگئے۔ 
 اس واردات کے چشم دید گواہوں کے مطابق شب تقریباً ساڑھے ۱۱؍ بجے لنک روڈ پر واقع لال جی پاڑہ میں کلپرُش ہائیٹ بلڈنگ کے باہر ۲؍ افراد ایک موٹرسائیکل پر آئے اور چند افراد پر ۴؍ راؤنڈ گولیاں چلا کر فرار ہوگئے۔ 
 مقامی افراد نے فوری طور پر زخمیوں کو شتابدی اسپتال پہنچایا جہاں انکت یادو نامی ایک ۲۶؍ سالہ شخص کی موت ہوگئی۔ دیگر ۳؍ زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔ زخمیوں کی شناخت اویناش دابھولکر، منیش گپتا اور پرکاش نارائن کے طور پر ہوئی ہے اور یہ سب اسی علاقے کے رہنے والے ہیں جہاں واردات ہوئی ہے۔ 
 زون  ۱۱؍ کے ڈپٹی پولیس کمشنر وشال ٹھاکرکے مطابق جن افراد پر فائرنگ کی گئی تھی وہ ایک چھوٹے سے گروہ کی شکل میں کھڑے باتیں کررہے تھے تبھی ۲؍ افراد موٹر سائیکل پر آئے اور انہیں مغلظات بکنے لگے تبھی انکت یادو اور اس کے دوستوں نے انہیں پکڑنے کی کوشش کی۔ اس دوران ملزمین نے اپنے پاس سے ریوالور نکال کر ان پر فائرنگ شروع کردی جس کی وجہ سے انکت کی موت ہوگئی اور اس کا دوست اویناش دابھولکر سمیت دیگر ۲؍ راہگیر بھی زخمی ہو گئے۔  اس واردات میں سونو پاسوان نامی شخص کلیدی ملزم بتایا گیا ہے اور حملہ آوروں اور متاثرین کا تعلق دہی ہانڈی کے ۲؍ مختلف منڈلوں سے بتایا جارہا ہے۔ 
 اطلاع کے مطابق گزشتہ مہینے منائے گئےدہی ہانڈی تہوار کے دوران ایک ہانڈی پھوڑنے کے موضوع پر دونوں منڈل کے ممبران کے درمیان جھگڑا ہوگیا تھا جو اس واردات کی وجہ بنا۔ اس سلسلے میں کاندیولی پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ ۳۰۲؍ کے تحت قتل اور اسلحہ کے ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے البتہ تادم تحریر کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔ 

kandivli Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK