• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

جنگ زدہ اسرائیل میں ہندوستانی مزدوروں کی پہلی کھیپ روانگی کیلئے تیار

Updated: April 03, 2024, 6:44 PM IST | New Delhi

جنگ زدہ اسرائیل میں فلسطینی مزدوروں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ہندوستانی تعمیراتی مزدوروں کی پہلی کھیپ اسرائیل روانہ ہونے کیلئے تیار ہے۔ اسرائیل جانے والے ۶۴؍ ہزار ہندوستانیوں کا تعلق ہریانہ اور اترپردیش سے ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

دی ہندو کی خبر کے مطابق، ہریانہ اور اتر پردیش سے ۶۴؍ تعمیراتی کارکنان کی پہلی کھیپ غزہ جنگ کے دوران اسرائیل کیلئےروانہ ہو رہی ہے۔رپورٹس میں بتایا گیاہے کہ اسرائیل میں تعمیراتی صنعت نے ہندوستانی حکومت سے کہا ہے کہ وہ کمپنیوں کو ایک لاکھ ہندوستانی کارکنان کو ۹۰؍ہزارفلسطینیوں کی جگہ بھرتی کرنے کی اجازت دے جن کے ورک پرمٹ اکتوبر میں غزہ پر اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے منسوخ کر دیئےگئے ہیں۔دسمبر میں، اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتین یاہو کے دفتر نے اطلاع دی تھی کہ نتین یاہو نے وزیر اعظم نریندر مودی سےبھارت سے کارکنان کی اسرائیل ریاست میں آمد کو آگے بڑھانےپر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اس وقت کہا تھا کہ ہندوستان نے اسرائیل کے ساتھ مغربی ایشیائی ملک میں فلسطینی مزدوروں کی جگہ ہندوستانی مزدوروں کے کام کرنے کے امکان پر بات نہیں کی ہے۔ تاہم، نیشنل ا سکلز ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے جلد ہی کارکنوں کو بلانے کیلئے تفصیلی دستاویز جاری کی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ میں قائم فلسطین ایکشن گروپ نے امریکی ہتھیار ساز کمپنی پر قبضہ کیا
  دی ہندو نے اطلاع دی کہ منگل کو، نیشنل اسکلزڈیولپمنٹ کونسل کے عہدیداروں نے اسرائیلی سفارتخانے کی طرف سے ہندوستانی کارکنوں کیلئے منعقدہ الوداعی تقریب کے دوران کہا کہ انہیں ۱۵؍ نومبر کو اسرائیلی ایمپلائمنٹ ایجنسی پاپولیشن اینڈ امیگریشن اتھاریٹی سے۱۰؍ ہزار تعمیراتی کارکنوں کا مطالبہ موصول ہوا تھا۔
اس کے بعد ہریانہ اور اتر پردیش میں روزگار مہم چلائی گئی۔ حکام کے حوالے سے بتایا گیا کہ تقریباً ۹؍ ہزار ۷۰۰؍، ۲۷؍کارکنان ملازمتوں کیلئے اہل قرار دیئے گئے ہیں اور انہیں اسرائیل میں کام کرنے کے لئے معاہدہ کی پیشکش کی گئی ہے۔
دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق ۶۴؍ کارکنان تقریباً  ۱۰؍ ہزار ا فراد پر مشتمل افرادی قوت کا حصہ ہیں جنہیں اسرائیل بھیجا جائے گا۔ اخبار نے نیشنل اسکلز ڈیولپمنٹ کونسل کے عہدیداروں کے حوالے سے بتایا کہ کارکنوں کی کھیپ تقریباً روزانہ چارٹرڈ پروازوں پر اڑان بھرے گی۔ اندازاًایک ہزار ،۵۰۰؍ ہندوستانی اپریل میں روانہ ہوں گے۔
ہندوستان میں اسرائیلی سفیر نور گیلون نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ الوداعی تقریب کا اہتمام اسرائیل جانے والے ہندوستانی کارکنان کے پہلے جتھےکیلئے کیا گیا تھا۔
گیلون نے کہاکہ ’’یہ لوگوں کی محنت کا نتیجہ ہے جن میں خاص طور پر نیشنل اسکلز ڈیولپمنٹ کونسل شامل ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ کارکنان ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان عظیم عوامی تعلقات کے سفیر بنیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ تقریباً ۶؍ ماہ سے اسرائیل محصور فلسطینی سرزمین پر فضائی اور زمینی حملے کر رہا ہے۔ ان حملوں میں غزہ میں تقریباً ۳۳؍ ہزار افراد ہلاک اور ۷۵؍ ہزار کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK