Inquilab Logo Happiest Places to Work

عازمین کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ پہنچ گیا، اب حج پرمٹ کے بغیرمکہ میں داخلہ ممنوع

Updated: April 30, 2025, 1:25 PM IST | Agency | Madinah

پہلاطیارہ ڈھاکہ سے پہنچا، ہندوستان کی تین پروازیں بھی پہنچیں، ہندوستانی سفیر ڈاکٹر سہیل خان اور قونصل جنرل فہد سوری نے نائب وزیر برائے حج و عمرہ عبدالعزیز الوزان کے ساتھ شاندار خیر مقدم کیا۔

Indian Ambassador Dr. Sohail Ijaz Khan, Consul General Fahad Suri and other officials welcome the pilgrims arriving from India at Madinah Airport. Photo: INN
ہندوستان سے پہنچنےوالے عازمین کامدینہ منورہ ایئر پورٹ پر ہندوستانی سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خان،قونصل جنرل فہد سوری اور دیگر افسران خیر مقدم کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

منگل کو عازمین حج کے سعودی عرب پہنچنے کا سلسلہ شروع ہوگیا جن کا جدہ اور مدینہ منورہ ایئر پورٹ پر شاندار خیر مقدم کیاگیا۔ پہلا قافلہ ڈھاکہ سے پہنچا جس کا خیر مقدم سعودی وزیر ٹرانسپورٹصالح  الجاسرنے جدہ میں  کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کیا۔ سعودی عرب کی سرزمین پر پہنچنے والے ۳۹۶؍ عازمین پر مشتمل پہلے قافلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے صالح الجاسر نے بتایاکہ ’’عازمین کیلئے ملک کے ۶؍ کلیدی ہوائی اڈوں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ(جدہ)، پرنس محمد بن عبدالعزیزایئر پورٹ (مدینہ منورہ)، پرنس عبدالمحسن بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ(ینبع)، طائف انٹرنیشنل ایئر پورٹ، کنگ خالدانٹرنیشنل ایئر پورٹ(ریاض) اور کنگ فہد انٹرنیشنل ایئر پورٹ(دمام) کو مختص کر دیا گیاہے۔ ‘‘
ہندوستانی عازمین کا پہلا قافلہ مدینہ پہنچا
  ہندوستانی عازمین کا پہلا قافلہ جو ۲۶۲؍ افراد پر مشتمل تھا، حیدرآباد سے مدینہ منورہ منورہ پہنچا۔ ان کے خیر مقدم کیلئے ہندوستانی سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خان، قونصل جنرل فہد سوری، سعودی عرب کے نائب وزیر برائے امور حج وعمرہ عبدلعزیز الوزان اور دیگر افسران موجود تھے۔ عازمین کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی خدمت میں  پھول اور توشہ پیش کیا گیا۔ حیدرآباد سے پہنچنے والے عازمین کے پہلے قافلہ کے چند ہی گھنٹوں   بعد لکھنؤ سے ۲۸۰؍ عازمین کا قافلہ بھی مدینہ منورہ کے ایئر پورٹ پر اترا۔ مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر ہندوستانی عازمین کا جو تیسرا طیارہ اترا وہ ممبئی کا تھا جو  ۴۳۳؍ عازمین پر مشتمل تھا۔ امسال ہندوستان کے مجموعی طو رپر ایک لاکھ ۲۲؍ ہزار ۵۱۸؍ عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔ 
 عازمین کی خدمت کیلئے مربوط نظم
  سعودی حکام کے مطابق عازمین حج کیلئے تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے ایک مربوط نظام اور مکمل سہولیات فراہم کی گئیں ہیں، تاکہ اللہ کے مہمانان کی آمد کے بعد ابتدائی لمحات سے ہی بہترین خدمات دی جا سکیں۔ امیگریشن اور ملک میں   داخلے کے تمام مراحل نہایت آسانی اور مختصر وقت میں مکمل کیے گئے، جس جوہوائی اڈے پر موجود تمام اداروں کی باہمی ہم آہنگی کی وجہ سے ممکن ہوسکا۔ تمام متعلقہ سرکاری اداروں نے عازمین حج کی خدمت کے لیے اپنی عملی منصوبہ بندی پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ عازمین کے قیام اور مدینہ منورہ میں ان کی رہائش گاہوں تک منتقلی کا عمل آسان اور منظم انداز میں انجام پائے۔ 
عازمین کی صحت کیلئے خصوصی خدمات
 اس کے ساتھ ساتھ صحت، رہنمائی، اور دیگر خدمات بھی مہیا کی جا رہی ہیں، جو کہ سعودی عرب کی جانب سے عازمین حج کی خدمت کیلئے کی جانے والی قابل تحسین کوششوں کا مظہر ہیں۔ ہوائی اڈہ پہنچنے والے عاز مین کو مکہ اور مدینہ میں  ان کی قیام گاہوں  تک پہنچا دیاگیاہے جبکہ ان کا سامان براہ راست وہاں  پہنچا دیا گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں مزید پروازوں اور عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تمام اداروں نے اپنی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے تاکہ بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ بہترین خدمات اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ سعودی عرب کی قیادت نے ہدایات دی ہیں کہ حجاجِ بیت اللہ کی مکمل خدمت کی جائے تا کہ وہ انتہائی سکون اور سہولت کے ساتھ اپنے مناسک ادا کر سکیں۔ 
اب مکہ میں  داخلہ کیلئے حج پرمٹ لازمی
 منگل کو عازمین کے قافلوں   کے پہنچنے کا سلسلہ شروع ہوتے ہی سعودی عرب میں  دیگر اقسام کے ویزوں   پر مقیم افراد کیلئےمکہ مکرمہ میں داخلہ یا وہاں قیام ممنوع ہوگیاہے۔ مکہ مکرمہ میں   اب صرف حج ویزا کے حامل افراد ہی داخل ہوسکیں گے۔ یہ فیصلہ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے پہلے سے اعلان کردہ اقدامات کے مطابق ہے، جن کا مقصد حجاج کرام کی سلامتی کو یقینی بنانا اور مناسکِ حج کو امن و اطمینان کے ساتھ ادا کرنے کی راہ ہموار کرنا ہے۔ 
 وزارت داخلہ نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ منگل یکم ذوالقعدہ بمطابق۲۹؍ اپریل سے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے یا وہاں قیام کی اجازت صرف ان افراد کو ہو گی جن کے پاس حج ویزا ہو گا۔ وزارت نے مزید واضح کیا ہے کہ’’یہ فیصلہ حج سیزن کی بلا تعطل روانی، حجاج کی حفاظت اور مناسک کی ادائیگی کے دوران اعلیٰ ترین سطح کے نظم و نسق اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ ‘‘وزارت داخلہ نے تمام افراد سے ہدایات کی مکمل پابندی کی اپیل کی ہے اور ساتھ ہی تنبیہ کی ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ ادارے قانونی کارروائی کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK