Inquilab Logo

آج گجرات میں پہلے مرحلے کی پولنگ ، سخت سیکوریٹی

Updated: December 01, 2022, 8:50 AM IST | saeed Ahmed | ahmedabad

سوراشٹر ، جنوبی گجرات اور کَچھ کی ۸۹؍ سیٹوں پر۷۸۸؍ امیدوار ،کئی سیٹوں پر کانٹے کا مقابلہ ، ۲۸؍ سیٹیں ایسی ہیں جہاں آدیواسی اور مسلم ووٹ فیصلہ کن ثابت ہوں گے

In Rajkot, polling officers can be seen doing the necessary checks on voting machines. (Photo: PTI)
راجکوٹ میں پولنگ افسران ووٹنگ مشینوں کی ضروری جانچ کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔(تصو یر : پی ٹی آئی )

گجرات میں جمعرات کو پہلے مرحلے کی پولنگ ہو گی جس میں ۸۹؍سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔یہ سیٹیں گجرات کے سوراشٹر ، کَچھ اور جنوبی گجرات کی ہیں۔ ان سیٹوں پر ۷۸۸؍ امیدوار قسمت آزمائی کررہے ہیں  جبکہ  ۱۴؍ ہزار ۳۴۲؍؍ پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں ۔ ان سیٹوں پر۲؍کروڑ ۳۹؍ لاکھ ۷۶؍ ہزار ۶۷۰؍ رائے دہندگان امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔  اس مرحلے کے لئے سخت سیکوریٹی کا انتظام بھی کیاگیا ہے تاکہ پولنگ پرامن طریقے سے انجام پائے اور کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو۔
بی جے پی نے طاقت جھونک دی تھی 
 پہلے مرحلے کی ۸۹؍سیٹوں پرکامیابی کے لئے بی جے پی کی جانب سے پوری تیاری کی گئی تھی ۔ اس نے اس مرحلے میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں جیتنے کے لئے منصوبہ بھی بنایا تھا اور اس کے لئے پوری طاقت جھونک دی تھی ۔ وزر اعظم مودی اور امیت شاہ سے لے کر بی جےپی کے تمام بڑے لیڈران اس مرحلے کے لئے گجرات کا دورہ کرچکے ہیں۔ پارٹی نے ایک ایک سیٹ پرذات برادریوں اوران کے اثر رسوخ کودیکھتے ہوئے امیدواروں کو ٹکٹ دیئے ہیں۔ حالانکہ بی جے پی یہاں پر تقریباً ۲؍ دہائی کی حکومت مخالف لہر کا سامنا کررہی ہے لیکن اس نے اسے شکست دینے کے لئے بھی اپنی حکمت عملی تبدیل کی ہے۔
کانگریس او ر عام آدمی پارٹی کی بھی تیاریاں
  کا نگریس اورعا م آدمی پارٹی کی جانب سے بھی  ۸۹؍ سیٹوں پر ذات برادری کی نمائندگی کا  خاص خیال رکھا گیا ہے جس سے کئی سیٹیں ایسی ہیںجہاںکانٹے کا مقابلہ بتایا جارہا ہے۔ کانگریس کی جانب سے  راہل گاندھی اور ملکارجن کھرگے نے یہاں مورچہ سنبھالا تھا جبکہ عام آدمی پارٹی کی جانب سے کیجریوال خود یہاں کے متعدد دورے کرچکے ہیں۔ اسی لئے کہا جارہا ہے کہ اس مرتبہ  بی جے پی کو دانتوں تلے پسینہ آسکتا ہے۔  
بی جے پی کیلئے مشکل
 دوسری جانب حالات کی جانکاری رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے لئے مشکل یہ ہے کہ پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں ۲۸؍سیٹیں ایسی ہیں جہاں آدیواسیوں کی اکثریت ہے اورمسلم رائے دہندگان کی تعداد کی بھی کافی ہے ۔ آدیواسی مختلف مسائل اور مطالبات کے سبب حکومت سے ناراض ہیںاورایسا کہا جارہا ہے کہ ان کی ناراضگی ای وی ایم پربھی نظرآئے گی اس لئےبی جےپی پریشان ہے اور اس نے کارکنان کوبڑی خاموشی سے کام پرلگایاہے کہ وہ ایک ایک ووٹ پر نگاہ رکھیں تاکہ زیادہ سے زیادہ سیٹیںمل سکیں۔ آدیواسیوں کی ناراضگی کاایک سبب آدیواسی سماج کے ایم ایل اے اننت پٹیل پر کچھ دنوں قبل کیا گیاحملہ بھی بتایا جارہا ہے۔
بی جے پی کو باغیو ںسے پریشانی 
 الیکشن سے متعلق معلومات رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ بی جے پی سے بغاوت کرنے والے اس دفعہ تقریباً ۱۹؍ امیدوار میدان میںہیں ۔ان میںسے کچھ پہلے مرحلے میںاپنی قسمت آزمائی کررہے ہیں ۔ اس لئے پہلا مرحلہ کافی اہم مانا جارہا ہے اوررائے دہندگان یہ طےکریںگے کہ وہ کسے موقع دیتے ہیںاورکسے خارج کرتے ہیں۔یہی وجہ ہےکہ تمام پارٹیاں رات دن ایک کئے ہوئے ہیں۔ 
الیکشن کمیشن کا کیا کہنا ہے؟
  ریاست گجرات کےچیف الیکٹورل آفیسر پی بھارتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اسمبلی انتخابات کے  لئے پوری طرح سے تیار ہے۔ پہلے مرحلے کے انتخابات کیلئے ایک لاکھ سے زائد پولنگ افسران ، ملازمین اور سیکوریٹی افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں  ۱۹؍اضلاع میں پولنگ ہو گی اس لئے یہاں زیادہ سے زیادہ سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے۔اس مرحلہ میں ۱۷؍ امیدواروں والی موربی سیٹ پر ۲؍ مشینیں لگائی جائیں گی جبکہ  جبکہ سورت کےلمبایت حلقہ میں ۴۴؍امیدوار  ہیں اس لئے یہاںتین بیلٹ یونٹ ہوں گی۔ اس مرحلے میں ایم آئی ایم کے ۶؍ امیدوار ہیں جبکہ بی ایس پی کے ۵۷؍ امیدوار اس مرحلہ میں ہوں گے۔پولنگ صبح ۸؍ بجے سے شام ۵؍ بجے تک ہو گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK