• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج جھارکھنڈ میں پہلے مرحلے کی پولنگ

Updated: November 12, 2024, 11:00 PM IST | New Delhi

وائناڈ کی پارلیمانی اور ۱۱؍ ریاستوں کی۳۳؍ اسمبلی سیٹوں کے ضمنی انتخابات کیلئے بھی آج ہی ووٹ ڈالے جائیں گے

Election staff of Jharkhand participated in the voting process through ballot post before going to their respective booths.
جھارکھنڈ کے انتخابی عملے نے اپنے اپنے بوتھوں پرجانے سے پہلے بیلٹ پوسٹ کے ذریعہ ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا

جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے ساتھ ہی ۱۱؍ ریاستوں کی ۳۳؍ اسمبلی  اور وائناڈ کی پارلیمانی  سیٹ کیلئے بدھ کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔اس کی ساری تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔  ایک دن قبل ہی انتخابی عملہ اپنے اپنے پولنگ بوتھ کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔پولنگ کا وقت صبح ۷؍ بجے سے شام پانچ بجے تک ہے، البتہ جھارکھنڈ میں ۹۵۰؍ پولنگ بوتھوں پر صبح ۶؍ بجے ہی پولنگ شروع ہوگی اور شام ۴؍ بجے ختم ہوجائے گی۔
  واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی پرانی نوٹیفکیشن کے مطابق ۱۳؍ نومبر کو وائناڈ کی لوک سبھا سیٹ کے ساتھ ۱۳؍ ریاستوں کی ۴۷؍ اسمبلی سیٹوں پر پولنگ ہونے والی تھی لیکن بعد میں اس میں ترمیم کرتے ہوئے ۳؍ ریاستوں کی ۱۴؍ اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ کے عمل کو موخر کرتے ہوئے اسے ۲۰؍ نومبر کردیا۔جن اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات کی تاریخ تبدیل کی گئی ہے،ان میں کیرالا کی ایک،  اترپردیش کی ۹؍  اور پنجاب کی ۴؍ سیٹیں شامل ہیں۔ 
 اس طرح اب ۱۳؍ نومبر کو جھارکھنڈ کی ۸۱؍ میں سے۴۳؍ اسمبلی حلقوں کے ساتھ ہی مغربی بنگال کی ۶، راجستھان کی ۷، آسام کی ۵، بہار کی ۴،کرناٹک کی ۳، مدھیہ پردیش کی ۲، سکم کی ۲؍اور کیرالا، گجرات ، میگھالیہ  اور چھتیس گڑھ کی ایک ایک اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔ کیرالا کی وائناڈ سیٹ پر بھی بدھ کو ہی ووٹ ڈالے جائیں گے جہاں سے کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی انتخابی میدان میں ہیں۔ ان کا اصل مقابلہ سی پی آئی کے امیدوار ’ستین موکیری‘ اور بی جے پی کی لیڈر ناویہ ہری داس سے ہے۔
 پرینکا گاندھی کی وجہ سے وائناڈ پر پورے ملک کی توجہ مرکوز ہے۔ یہاں کانگریس کو الیکشن جیتنے کی نہیں بلکہ  جیت کے درمیان فرق کی ہے۔  ۲۰۲۴ء کے لوک سبھا الیکشن میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ۳؍ لاکھ ۶۴؍ ہزار سے زائد ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔ کانگریس کا خیال ہے کہ اس بار اس فرق میں مزید اضافہ ہوگا۔ خیال رہے کہ راہل گاندھی کے سامنے سی پی آئی کی امیدوارمشہورکمیونسٹ لیڈر’ اینی راجہ‘ تھیں جبکہ بی جے پی نے بھی ’کے سدرشن‘ کی شکل میں مضبوط امیدوار میدان میں اُتارا تھا۔
 وائناڈ کے ساتھ ہی مدھیہ پردیش کی دونوں نشستوں پر بھی دلچسپ مقابلے کی امید ہے۔ان میں ایک سیٹ بدھنی کی ہے جہاں سے شیوراج سنگھ چوہان منتخب ہوئے تھے جبکہ دوسری سیٹ ’وجے پور‘ میں کانگریس کے امیدوار رام نواس راوت جیتے تھے جو بعد میں بی جے پی میں چلے گئے۔ بی جے پی نے انہیں ہی امیدوار بنایا ہے جن کا مقابلہ کانگریس کے مکیش ملہوترہ سے ہے۔
 جھارکھنڈ کےچیف الیکٹورل آفیسر ’کے روی کمار‘ نے منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انتخابی عمل کی جانکاری فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ ۱۳؍ نومبر کو ہونے والی ووٹنگ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ دور دراز کے پولنگ اسٹیشنوں پر ہیلی ڈراپنگ کے ذریعہ پولنگ اہلکاروں کو پہنچایا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں صبح۷؍ بجے سے شام ۵؍ بجے تک ووٹنگ ہوگی جبکہ ۹۵۰؍ بوتھوں پر ووٹنگ شام۴؍ بجے ختم ہو جائے گی البتہ قطار میں کھڑے رائے دہندگان ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد بھی ووٹ ڈال سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت ہے کہ’ ووٹنگ ایریا‘ میں کوئی بھی ’باہر والا‘ نہیں رہے گا۔ الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ ووٹنگ کی رازداری ضروری ہے، اسلئے  پولنگ  بوتھ  کے اندر موبائل فون لے جانے، فوٹو لینے  اور ویڈیو بنانے کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کر نے پر سزا کا بھی التزام ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK