راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی بھی شرکت، ۱۱؍ سے ۱۵؍جون تک چلنے والی اس یاترا میں سونیا گاندھی سمیت کانگریس کے بڑے لیڈران کی بھی شرکت متوقع، رائے بریلی میں جوش و خروش
EPAPER
Updated: June 12, 2024, 10:43 AM IST | Lucknow
راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی بھی شرکت، ۱۱؍ سے ۱۵؍جون تک چلنے والی اس یاترا میں سونیا گاندھی سمیت کانگریس کے بڑے لیڈران کی بھی شرکت متوقع، رائے بریلی میں جوش و خروش
اترپردیش میںمنگل کو کانگریس کی’ دھنیہ واد یاترا‘کا آغاز ہوگیا۔۱۱؍جون سے ۱۵؍جون تک چلنے والی اس یاترا میں کانگریس کے بڑے لیڈران بھی شامل ہورہے ہیں۔یوپی کےتقریباً ہر اسمبلی حلقے میں یاترا کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔اسی غرض سے رائے بریلی کے رکن پارلیمان راہل گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے رائے بریلی پہنچ کررائے بریلی اور امیٹھی کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ اس میں سونیا گاندھی کی بھی شرکت کاامکان ہے۔ اس یاتراکی وجہ سے کانگریس کارکنان کے ساتھ ہی رائے بریلی میں عوام میں بھی جوش و خروش پایا جارہا ہے۔
رائے بریلی اور امیٹھی سمیت اترپردیش میں ۶؍ لوک سبھا سیٹیں جیتنے کے بعد راہل اور پرینکا گاندھی منگل کو رائے بریلی پہنچے جہاں ریاستی لیڈران نے ان کا شانداراستقبال کیا۔رائے بریلی اور امیٹھی کے عوام سے اظہارتشکرکیلئے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا کوئی بھی لیڈر خود غرض نہیں ہے۔ سیاست میں ہمارا آپ سے پرانا رشتہ ہے ۔ راہل گاندھی نے وہاں موجود لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ سبھی نے مجھے فتح دلا کر ملک کی سیاست بدل دی ہے۔ ملک نے پیغام دیا ہے کہ ہمیں نریندر مودی کا ویژن پسند نہیں ہے۔ ہم نفرت اور تشدد نہیں چاہتے، ہم محبت کی دکان اور ملک کیلئے ایک نیا ویژن چاہتے ہیں۔ اگر ہم ملک کو نیا ویژن دینا چاہتے ہیں تو اسے اتر پردیش ہی سے دینا ہوگا۔
اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے راہل گاندھی نےکہا کہ ہمیں نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھولنی ہے۔ ایودھیا میں بی جے پی کی شکست پر کانگریس لیڈر نے کہا کہ ایودھیا کے لوگوں نے جواب دیا اور پی ایم مودی بنارس میں عزت بچاکرنکلے ہیں۔
راہل گاندھی نے کہا کہ اترپردیش نے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ ملک میں انڈیا اتحاد کی سرکار چاہتے ہیں۔رام مندر کے افتتاح میں ایک بھی غریب، قبائلی یا کسان نہیں تھا، تو جواب ایودھیا کےعوام نے دے دیا اور بی جے پی ایودھیا کی سیٹ ہار گئی۔ راہل نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ رائے بریلی ،امیٹھی اور اتر پردیش نے ملک کو ایک راستہ دکھایا ہے جس میں نفرت کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں نے نفرت، تشدد اور تکبر کے خلاف ووٹ دیا ہے۔کانگریس لیڈرنے کہاکہ مودی حکومت کی سیاست ۲۰؍سے ۲۵؍ لوگوں کیلئےکی جا رہی ہےاور سارا منافع صرف دو تین ارب پتیوں کو دیا جا رہا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ اگرپرینکا گاندھی بنارس سے الیکشن لڑتیں تووزیر اعظم مودی دو تین لاکھ ووٹوں سے ہار جاتے۔ رائے بریلی کے بھوئےمؤ گیسٹ ہاؤس میں منگل کی شام کارکنان سے خطاب کے دوران راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کی انا ٹوٹ گئی ہے۔اب ہماری بڑی ذمہ داری ہے کہ کانگریس کے لیڈران، کارکنان، ایم ایل اےاور ایم پی انا کا شکار نہ ہوں۔راہل گاندھی کے مطابق اس بار پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی ایک مضبوط فوج ہے اور آنے والے وقت میں ملک کے سامنے مہنگائی، بے روزگاری، کسانوں اور مزدوروں کے مسائل اٹھائے جائیں گے اور غریبوں کی مدد کی سیاست کی جائے گی۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے بی جے پی کی خراب کارکردگی کیلئے ۲؍ اہم وجوہات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی وجہ جو ملک کی روح نے سمجھی وہ یہ تھی کہ نریندر مودی اور امیت شاہ ملک کے آئین کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اسلئے پورا ملک ایک ساتھ کھڑا ہے۔ دوسری وجہ یہ تھی کہ لوگوں نے دیکھا کہ وزیر اعظم کھلے عام تشدد اور نفرت کی سیاست کر رہے ہیں جوکہ ہندوستان کی ثقافت اور مذاہب کے خلاف ہے۔
راہل گاندھی نے خاندان پرستی کے حوالے سے وزیر اعظم مودی کے بار بار کے حملوں کا سخت جواب دیتے ہوئے منگل کو کہا کہ ان کی خاندان پرستی جدوجہد اور قربانی کی روایت کی ہے، لیکن مودی اقتدار کے سکھ کی وصیت تقسیم کرکے سرکاری خاندان پرستی کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی سرکاری خاندان پرستی ہے جہاں اقتدار کے قریب رہنے والوں کے بچوں میں وہ اقتدار کی وصیت کی خوشیاں تقسیم کررہے ہیں اور وہ اقتدار کے زور پر سرکاری سطح پر انہیں یہ ساری سہولت دستیاب کرارہے ہیں۔
اس موقع پرپرینکا گاندھی نے دونوں اضلاع کے کارکنوں کو مبارکباد دی اورکہا کہ آپ سبھی نے سخت ترین حالات کا مقابلہ کیا ہے، اس لحاظ سے یہ ایک تاریخی فتح ہے اور یہ جیت آپ کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت سچی اور صاف ستھری سیاست کی ضرورت ہے۔ کانگریس سےکشوری لال شرما کو امیٹھی میںفتح ملی ہے۔
امیٹھی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کشوری لال شرما نے کہا کہ انہیں امیٹھی کے عوام کے درمیان ہی رہنا ہے، اسلئے ہمیں سنتے اور دیکھتے ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج یہاں لو گ صرف راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کو سننے کیلئے جمع ہوئے ہیں،اس لئے اس موقع پر انہیں ہی سنا جائے۔اس تقریب میں کے سی وینوگوپال، پرمود تیواری، اجے رائے، اویناش پانڈے، آرادھنا مشرا، ضلع صدر پنکج تیواری، امیٹھی کے صدر پردیپ سنگھل، ایس پی ضلع صدروریندر یادو و دیگر کئی لیڈران موجود تھے۔