• Thu, 09 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

مودی سرکار کو ۵؍ دنوں کا الٹی میٹم

Updated: May 31, 2023, 10:40 AM IST | New Delhi

برج بھوشن سنگھ کے خلاف کارروائی کی مانگ، انڈیا گیٹ پر بھوک ہڑتال کا پروگرام بھی ملتوی کردیاگیا

Pehlwan with peasant leaders at Harkipuri Ghat in Haridwar.
ہری دوار کے ہرکی پوری گھاٹ پر پہلوان کسان لیڈروں کے ساتھ۔

 دست درازی اور جنسی  زیادتی  کے خلاف جنتر منتر پر ۳۸؍ دنوں کے مسلسل دھرنے کے بعد بھی انصاف کے حصول میں ناکام رہنے والی خاتون پہلوانوں  نے منگل کو اپنے تمغوں کو ہری دوار میں گنگا میں بہا دینےا ور پھر انڈیا گیٹ پر آخری سانس تک  بھوک ہڑتال پر بیٹھ جانے کا اعلان کیاتھا مگر کسان لیڈر نریش ٹکیت  نے عین وقت پر  ہری دوار پہنچ کر کسانوں کو تمغوں کو دریا برد کرنے سے روک دیا۔ ا س کے ساتھ  ہی انہوں نے حکومت کو ۵؍ دنوں کا وقت دیا ہے تاکہ وہ برج بھوشن کے خلاف کارروائی کرے۔
 جنتر منتر پر احتجاج  میں ناکامی اور وہاں سے  زبردستی ہٹائے جانے کے بعد بدل پہلوانوں  نے    سخت محنت  اور مشقت سے جیتے گئے اپنے میڈل کو ہری دوار میں گنگا میں بہانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاتھا کہ یہ میڈل ان کیلئے زندگی ہیں، اس لئے انہیں گنگا میں بہا دینے کے بعد وہ انڈیا گیٹ پر مرنے تک بھوک ہڑتال پر بیٹھ جائیں گے۔ ونیش پھوگاٹ نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پوسٹ لکھ کر اس کی جانکاری دی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جنتر منتر پر  احتجاج کے دوران وزیر اعظم نے ایک بار بھی ان کی خبر نہیں لی۔  انہوں نے ٹویٹر پر ایک خط شیئر کیا  جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’’آپ سب نے دیکھا کہ ۲۸؍مئی کو ہمارے ساتھ کیا ہوا۔ ہم خواتین پہلوانوں کو ایسا لگ رہا ہے جیسے اس ملک میں ہمارے پاس کچھ نہیں بچا۔‘‘ پھوگاٹ کے مطابق’’ہم ان لمحات کو یاد کر رہے ہیں جب ہم نے اولمپکس، ورلڈ چیمپئن شپ میں تمغے جیتے تھے۔ اب لگتا ہے کہ تمغہ کیوں جیتا؟ ‘‘ انہوں نے مزید لکھاکہ’’ ہمیں یہ تمغہ نہیں چاہیے۔ ہم ان تمغوں کو بہتی گنگا میں بہانے جا رہے ہیں۔‘‘
اس علان کے چند ہی گھنٹوں بعد پہلوان ہری دوار پہنچ بھی گئے جہاں تمغوں کو دریا برد کرنے سے قبل وہ بے تحاشہ روتے ہوئے نظر آئے۔تاہم حکومت کی جانب سے انہیں روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی بلکہ دہلی پولیس نے اعلان کیا کہ انڈیا گیٹ پر انہیںبھوک ہڑتال نہیں کرنے دی جائے گی ۔ نریش ٹکیت کی بروقت مداخلت کے بعد پہلوانوں نے اپنے  میڈل بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) کے صدر کو سونپ دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس کے ساتھ ہی پہلوان ہری دوار سے واپس لوٹ گئے ہیں۔ بتایا جارہاہےکہ نریش ٹکیت نے پہلوانوں سے پانچ دن کا وقت مانگا ہے۔اس موقع پر کسان لیڈر نریش ٹکیت نے کہا کہ یہ جنسی ہراسانی کا معاملہ ہے اور شرم کی بات ہے کہ ایک آدمی کو بچانے میں پوری حکومت لگ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو سر جھکانے  نہیں دیا جائے گا۔ ٹکیت نے کسان آندولن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’سچائی کی جیت ہوگی۔‘‘دوسری جانب شری گنگا سبھا نے پہلوانوں کے تمغے گنگا میں بہانے کی مخالفت کی تھی۔ سبھاکے صدر نتن گوتم نے کہاکہ ’’یہ گنگا کا علاقہ ہے، اسے سیاست کا میدان نہ بنائیں۔ یہ ایک مذہبی مقام ہے، اسے احتجاج کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘‘
 کانگریس نے بھی تمغے نہ بہانے کی اپیل کی تھی۔ کانگریس لیڈرستیہ پال برہمچاری نے کہا کہ ’’اپنی محنت کو بہتی گنگا میں  نہ بہائیں، جدوجہد کے اور بھی راستے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK