سعودی حکومت نے معتمرین اور ائیر لائنس کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کیا، عازمین کو دھوکہ دہی سے بچنے کی تلقین۔
EPAPER
Updated: April 14, 2025, 11:47 AM IST | Agency | Makkah Mukarramah
سعودی حکومت نے معتمرین اور ائیر لائنس کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کیا، عازمین کو دھوکہ دہی سے بچنے کی تلقین۔
سعودی عرب نےحج تیاریوں کے سلسلے میں عمرہ ویزے پر موجود غیر ملکیوں کو اپنے ملک واپس لوٹ جانے کی ہدایت دی ہے۔ مکہ مکرمہ میں حج سیزن کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے جس کے سبب سعودی وزارتِ داخلہ نے عمرہ ویزے پر موجود غیرملکیوں کو ۲۹؍اپریل تک اپنے ملکوں کو لوٹ جانے کی ہدایت دی ہے۔ اسی حوالے سے سعودی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ عمرہ ویزے پر آئے غیر ملکیوں کا واپس نہ جانا خلاف ورزی میں شمار کیا جائے گا۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق ۲۳؍اپریل کے بعد سے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں مقیم غیر ملکیوں کو مکہ جانے کے لئے پرمٹ درکار ہوگا جبکہ کام کی غرض سے مکہ یا مشاعر مقدسہ جانے والوں کو پورٹل سے پرمٹ لینا ہوگا۔ وہیں سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے رواں سال حج ۲۰۲۵ء کے موقع پر عازمین کو خبردار کیا ہے کہ وہ جعلی حج اسکیموں کا شکار نہ ہوں اور صرف سرکاری طور پر منظور شدہ لائسنس یافتہ ٹور آپریٹرز کے ذریعے ہی حج کی بکنگ کریں۔ وزارت نے زور دیا کہ تمام مقامی عازمین (سعودی شہریوں اور رہائشیوں) کے لئے حج آپریٹرز کی تصدیق کے لئے سرکاری ویب سائٹ کا استعمال کریں۔ متحدہ عرب امارات کے شہری منظور شدہ حج آپریٹرز کی فہرست دیکھ سکتے ہیں۔ بین الاقوامی عازمین کے لئے دواہم طریقے بتائے گئے ہیں، اہل ممالک کے افراد نُسُک پلیٹ فارم پر منظور شدہ کمپنیوں سے بکنگ کریں۔ جن ممالک کا نُسُک میں اندراج نہیں، وہ اپنے مقامی حج کمیٹی یا کمیشن سے منظور شدہ حج گروپ آرگنائزرز کی فہرست حاصل کریں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ ہر حاجی کو حج ویزا صرف سرکاری چینلز کے ذریعے حاصل کرنا چاہئے، جو یا تو متعلقہ ملک کے حج امور کے دفاتر کے ذریعے ہوگا یا نُسُک پلیٹ فارم سے۔ دوسری جانب سعودی حکومت نے عمرہ ویزہ رکھنے والے زائرین اور ائیر لائنز کے لئے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا۔ سعودی حکومت نے دنیا بھر کی ایئر لائنز کو نئی ہدایت جاری کر دی ہیں۔ ہدایت نامے کے مطابق ۱۵؍شوال کے بعد عمرہ ویزہ رکھنے والوں کو سعودی سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے پر مسافروں اورایئرلائنز کے خلاف قوانین کے مطابق کارروائی ہوگی۔
وہیں سعودی عرب کے نیشنل میٹرولوجیکل سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ ۲۰۲۵ء کا حج آخری بار شدید گرمیوں میں ہوگا، کیونکہ اسلامی قمری کیلنڈر کی وجہ سے آئندہ ۱۶؍سال تک حج کا وقت ٹھنڈے موسم میں آ جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ۲۰۲۶ء سے حج کا انعقاد بہار کے موسم میں ہوگا اور پھر ۲۰۳۴ء سے ۲۰۴۱ء تک یہ سردیوں میں آئے گا۔ قمری کیلنڈر ہر سال تقریباً ۱۰؍دن پیچھے جاتا ہے جس کے باعث حج گرمی سے بہار اور سردی کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔ ۲۰۴۲ءمیں حج دوبارہ گرمی کے موسم میں واپس آئے گا۔ یہ تبدیلی دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں مسلمانوں کے لئے خوش خبری ہے جو گزشتہ کئی سال سے مکہ کی شدید گرمی میں حج ادا کر رہے تھے۔
۲۰۲۴ء کے حج کے دوران درجۂ حرارت ۴۶؍سے ۵۱؍ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک دن میں ۲؍ ہزار ۷۰۰؍سے زائد حجاج گرمی سے متاثر ہوئے تھے اورا س دوران کئی اموات بھی ہوئی تھیں۔