• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایم پی میں کانگریس کی نئی عاملہ کی تشکیل ، کئی لیڈران میں ناراضگی

Updated: October 28, 2024, 11:44 AM IST | Bhopal

جیتوپٹواری کی نئی ٹیم میں ۱۷۷؍ اراکین شامل، اندورکے لیڈرپرمودٹنڈن کو خصوصی مدعو رکن بنایاگیا لیکن انہوں نے خرابی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے استعفیٰ دیدیا۔

Madhya Pradesh Congress State President Jitu Patwari. Photo: INN.
مدھیہ پردیش کانگریس کے ریاستی صدر جیتو پٹواری۔ تصویر: آئی این این۔

کانگریس کی ریاستی ایگزیکٹیو (عاملہ) کی تشکیل کے بعد مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے کچھ لوگوں کی مخالفانہ آوازوں کے درمیان کہا کہ جلد ہی ریاستی سیکریٹری، انضباطی کمیٹی اور سیاسی امور کی مشاورتی کمیٹی کا اعلان کیا جائے گا، جس میں موجودہ بہت سے باقی ساتھیوں کو بھی ذمہ داری ملے گی۔ 
پارٹی کے ریاستی صدر جیتو پٹواری کی نئی ٹیم میں ۱۷۷؍ ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ نئی ایگزیکٹیو کا اعلان ہوتے ہی پارٹی میں احتجاج کی آوازیں اٹھنا بھی شروع ہو گئی ہیں۔ اندور کے لیڈر پرمود ٹنڈن کو کانگریس ایگزیکٹیو میں خصوصی مدعو رکن بنایا گیا ہے لیکن انہوں نے ایگزیکٹیو میں شامل ہونے سے انکار کرتے ہوئے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہو ں نے کہا ’’خرابی صحت کی وجہ سے میں اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر پاؤں گا۔ ‘‘ تاہم سیاسی حلقوں میں یہ چرچا ہے کہ پرمود ٹنڈن بڑے عہدے کا مطالبہ کر رہے تھے جو انہیں نہیں ملا۔ اس لئے انہوں نے استعفیٰ دیدیا۔ اس کے علاوہ اس ٹیم پر اقربا پروری کے حوالے سے بھی تنقید کی جارہی ہے۔ 
جیتو پٹواری نے کیا کہا؟
کانگریس ایگزیکٹیو کے بارے میں، پی سی سی کے صدر جیتو پٹواری نے کہا’’اگر کوئی کارکن یا لیڈر پارٹی کیلئے کام کرنا چاہتا ہے تو یہ فطری ہے اور اسے ہی مد نظر رکھتے ہوئے ذات پات، رہنماؤں اورکارکنوں کی عمر، علاقائی مساوات کو ذہن میں رکھ کر ذمہ داری دی گئی ہے۔ جو پارٹی کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں انہیں بھی توقعات ہوتی ہیں اوراس کا احساس مجھے اورپارٹی دونوں کو ہے۔ ایسے میں جو بہتر ہوسکتا ہے، وہی کیاگیا ہے۔ مزید جو لوگ پارٹی کیلئے کام کرنا چاہتےہیں، انہیں آگےشامل کیاجائے گا۔ 
دگ وجے سنگھ کے بیٹے کا قد اونچا
نئی ایگزیکٹو پر نظر ڈالیں تو سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ کے بیٹے اور ایم ایل اے جے وردھن سنگھ کو نائب صدر بنایا گیا ہے جبکہ سابق مرکزی وزیر کانتی لال بھوریا کے بیٹے وکرانت بھوریا کو جنرل سیکریٹری اور ارون یادو کے چھوٹے بھائی سچن کو نائب صدر بنایا گیا ہے۔ یادو کو نائب صدر بنایا گیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ کے قریبی رشتہ دار پریورت سنگھ کو نائب صدر بنایا گیا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کے بیٹے اور چھندواڑہ سے رکن اسمبلی نکول ناتھ کو کوئی ذمہ داری نہیں سونپی گئی ہے۔ یہاں میڈیا کے سوالوں کے جواب میں پٹواری نے کہا کہ ایگزیکٹیو میں علاقائی، ذات پات اور دیگر مساوات کو حل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ نوجوانوں کی توانائی اورسینئر لیڈروں کے تجربے کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ بھوپال کے ایک پرانے لیڈر نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے ایگزیکٹیو پر تنقید کی ہے۔ ایگزیکٹیو میں ۱۷؍ نائب صدر بنائے گئے ہیں ۔ ایگزیکٹیو میں ۷۱؍لیڈروں کو جنرل سیکریٹری کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ۳۳؍ مستقل مدعو ممبران اور۴۰؍ خصوصی مدعو ممبران بنائے گئے ہیں۔ ۱۷۷؍ رکنی عاملہ میں ۲۱؍خواتین کو بھی عہدے دئیےگئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK