• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اور شیوسینا کے قدآور لیڈر منوہر جوشی انتقال کرگئے

Updated: February 23, 2024, 4:08 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ اور شیو سینا کے سابق سینئرلیڈر منوہر جوشی کا جمعہ کی صبح ہارٹ اٹیک کی وجہ سے۸۶؍سال کی عمرمیں انتقال کرگئے۔ نتن گڈکری نے اظہار تعزیت پیش کرتے ہوئے انہیں سیاست کا مہذب چہرہ قرار دیا۔ جوشی کی آخری رسومات دادر کے شیواجی پارک میں ادا کی جائے گی۔

Former Maharashtra Chief Minister and Shiv Sena leader Manohar Joshi. Photo: INN
مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اور شیوسینا کے قدآور لیڈر منوہر جوشی۔ تصویر : آئی این این

مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اور شیوسینا کے سابق لیڈر منوہرجوشی کا جمعہ کو ہارٹ اٹیک کے سبب ۸۶؍ سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ جمعرات کو شدید بیمار ہونے کی وجہ سے انہیں پی ڈی ہندوجا اسپتال میں آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ  منوہر جوشی ۱۹۹۵ء سے ۱۹۹۹ءکے درمیان مہاراشٹر کے  وزیر اعلیٰ جبکہ ۲۰۰۲ء سے ۲۰۰۴ء تک لوک سبھا اسپیکر کے طور پر اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ جوشی ۲۰۰۶ء سے ۲۰۱۲ ء تک راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر اور ۱۹۹۹ء سے ۲۰۱۲ء تک ہیوی انڈسٹریز اور پبلک انٹرپرائزز کے وزیر بھی رہ چکے ہیں۔

شیوسینا کے قد آور لیڈر منوہرجوشی 
منوہر جوشی کا سیاسی سفر آر ایس ایس سے شروع ہوا تھا اور بعد میں وہ شیوسینا سے وابستہ ہو گئے تھے۔ اپنی تنظیمی ذہانت کیلئے مشہور، جوشی ۱۹۸۰ء کی دہائی میں شیو سینا کے نمایاں لیڈر بن کر ابھرے۔ شیوسینا کے ساتھ ان کی رفاقت ۴؍ دہائیوں پر محیط ہے۔ انہوں نےواجپئی حکومت کے دور میں ۲۰۰۲ء سے ۲۰۰۴ء تک لوک سبھا اسپیکرکی خدمات بھی انجام دی تھیں۔ ۱۹۶۸ء سے۱۹۷۰ء تک وہ ممبئی میں میونسپل کاؤ نسلر رہے تھے۔ تاہم، وہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئر مین بھی تھے۔ ۱۹۷۶ء سے ۱۹۷۷ء تک وہ ممبئی کے آفس کے میئر رہے۔ اس کے بعد وہ ۱۹۷۲ء میں مہاراشٹر کے قانون ساز کونسل کے لئے منتخب ہوئے تھے۔ جوشی نے ۱۹۹۰ء میں مہاراشٹر کی قانون ساز اسمبلی میں نشست حاصل کی تھی اور ۱۹۹۰ء سے ۱۹۹۱ء تک وہ حزب اختلاف کے لیڈر کے طور پر مشہور ہوئے تھے۔ ۱۹۹۹ء کے عام انتخابات میں وہ شیوسینا کے امید وار کے طور پر انہوں نے شمالی وسطیٰ کے لوک سبھا حلقہ میں جیت حاصل کی تھی اور بعد میں ہیوی انڈسٹریز اور پبلک انٹرپرائزز میں خدمات انجام دی تھیں۔

نتن گڈکری کا اظہار تعزیت 
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ان کی موت پر اظہار تعزیت کیا ہے اور جوشی کو سیاست کا ’’مہذب چہرہ‘‘ قرار دیا۔ منوہر جوشی کے اہل خانہ کے مطابق ان کی آخری رسومات دادار علاقہ کے شیواجی پارک کے شمشان گھاٹ میں ادا کی جائے گی۔

منوہر جوشی کی ذاتی زندگی 
منوہر جوشی کی پیدائش ۲؍ دسمبر ۱۹۳۷ءکو مہاراشٹر کے ضلع کوکن میں ہوئی تھی۔ جوشی نے ممبئی کے ویر ماتا جیجا بائی ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ سے سول انجینئر نگ میں بیچلر ڈگری حاصل کی تھی۔ انہوں نے پیشہ وارانہ سفر کی ابتداء بطور ماہر تعلیم شروع کی تھی۔۱۹۶۷ء میں ان کے سیاسی سفر کا آغاز ہوا تھا۔ ۲۰۲۰ء میں ان کی اہلیہ انگھا جوشی کا ۷۵؍ سال کی عمر میں انتقال ہوگیا تھا۔ ان کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK