رگھو رام راجن نے یاترا کو ملک کو جوڑنے کی تاریخی کوشش قرار دیا ، وزیر اعلیٰ گہلوت اورسچن پائلٹ سمیت کئی لیڈران کی شرکت
EPAPER
Updated: December 15, 2022, 11:02 AM IST | Sawai Madhopur
رگھو رام راجن نے یاترا کو ملک کو جوڑنے کی تاریخی کوشش قرار دیا ، وزیر اعلیٰ گہلوت اورسچن پائلٹ سمیت کئی لیڈران کی شرکت
کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں جاری بھارت جوڑو یاترا راجستھان میں دسویں دن بدھ کو صبح سوائی مادھوپور ضلع کے بھاڑوتی سے شروع ہوئی تو اس میں کئی اہم لیڈران کے ساتھ ساتھ ریزرو بینک کے سابق گورنر اور مشہور ماہر معاشیات رگھو رام راجن بھی شرکت کرنے پہنچے۔ انہوں نے کافی دیر تک راہل گاندھی کے قدم سے قدم اور رفتار سے اپنی رفتار ملاتے ہوئےکئی کلومیٹر کا سفر پیدل کیا اور اس دوران ملک کو درپیش متعدد معاشی و اقتصادی مسائل پر ان سے گفتگو کی ۔
اس سے قبل راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ، کئی وزراء ، ایم ایل ایز اور پارٹی عہدیدار راہل گاندھی کے ساتھ یاترا میں موجود تھے۔ رگھو رام راجن کی شرکت سے کانگریس پارٹی کافی پرجوش ہو گئی ۔ اس نے رگھو رام راجن اور راہل گاندھی کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ’’بھارت جوڑو یاترا میں جس طرح سے ملک کی نامور اور مقتدر شخصیات شامل ہوکر نفرت کے خلاف آواز اٹھارہی ہیں اور ملک کو ایک کرنے کا عزم کررہی ہیں وہ ظاہر کرتا ہے کہ ہم اپنے مقصد میں ہر حال میں کامیاب ہوں گے ۔‘‘
واضح رہے کہ یاترا میں شرکت کے بعد رگھو رام راجن نے بھی ردعمل ظاہر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ یاترا بہت اہم اور ضروری مقصد کے تحت نکالی جارہی ہے اور اس کی حمایت ہم سبھی کو کسی نہ کسی سطح پر کرنی چاہئے۔ انہوں نے یاترا کو ملک کو جوڑنے کی تاریخی کوشش قرار دیا اور کہا کہ نفرت کے خلاف حالیہ دنوں میں اتنی بڑی اور بااثر کوشش کسی بھی لیڈر نے نہیں کی ہے۔ راہل گاندھی کو اس تاریخی اقدام کے لئے مبارکباد اور نیک خواہشات ۔
واضح رہے کہ بھارت جوڑو یاترا میں مختلف طبقات اور علاقوں کے لوگ شامل ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے یاترا کا جوش و خروش بڑھ رہا ہے۔ بدھ کو یاترابامن واس کے باڑےشیام پورہ ٹونڈ پہنچی اوردوپہر میں وہاں آرام کیا گیا۔ اس کے یاترا سہ کو دوبارہ شروع ہوئی اور شام میںدوسہ ضلع میں داخل ہو گئی ۔یہاں کے لالسوٹ کے بگڑی گاؤں چوک راہل گاندھی نکڑ سبھا سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد یاترا لالسوٹ کے نزدیک بیلونا کلاں میں رات کا آرام کرے گی۔اب تک راہل گاندھی تقریباً ۲۷؍ سو کلومیٹر پیدل چل چکے ہیں۔