وزیراعلیٰ فرنویس، نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے سمیت اہم افراد کی شرکت ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام عدالتوں کو انٹرنیٹ سے منسلک کرکے انصاف کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔
EPAPER
Updated: March 03, 2025, 11:57 AM IST | Siraj Sheikh | Mahad
وزیراعلیٰ فرنویس، نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے سمیت اہم افراد کی شرکت ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام عدالتوں کو انٹرنیٹ سے منسلک کرکے انصاف کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔
یہاں اتوار کی صبح مہا ڈ سول لوئر کورٹ کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد جسٹس بھوشن گوئی کے ہاتھوں رکھا گیا۔ اس نئی عمارت کے سنگ بنیاد کے بعد شہر میں ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر قومی یادگار میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے، سپریم کورٹ کے جسٹس بھوشن گوئی نے کہا کہ’’ مجھے بڑی مسرت ہو رہی ہے کہ آج چھترپتی شیواجی مہاراج اور عظیم شخصیت ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کی اس سر زمین پر عدالت کی نئی عمارت کا بھومی پوجن میرے ہاتھوں ہوا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر نے مہا ڈ میں دلتوں اور بچھڑے طبقوں اور مظلوموں کے لئے پینے کے پانی کے لئے چو دا رتا لا ب ستیہ گرہ کی تھی اس کے بعد بھی بابا صاحب امبیڈکر کو تقریباً دس سال تک عدالتی جنگ لڑنی پڑی۔ اس عدالتی لڑائی میں بھی باباصاحب نے دیانتداری سے اس لڑائی کو کامیاب بنایا۔جسٹس گوئی نے حکومت سےگزارش کی ہے عدالت کی اس عمارت کو جو کہ مہا ڈ جیسے تاریخی شہر میں تعمیر ہونے جا رہی ہےکی تکمیل کیلئے تیز کوشش کرے تاکہ سماج کے آخری فرد تک انصاف پہونچے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اورنگ آباد بنچ کے ساتھ کولہاپور بنچ کا مطالبہ بھی درست ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اپنی تقریر میں یہ یقین دلایا کہ مہاڈ میں اس عدالتی عمارت کے کام کو مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور کہا کہ محکمہ انصاف کے کسی بھی کام کے لیے فنڈز کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انصاف کے نظام کو تیز کرنے کیلئے تمام عدالتوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے منسلک کیا جائے گا۔ اس سے انصاف کی فراہمی کے دوران آن لائن شواہد لینے میں آسانی ہوگی اور انصاف کے عمل کو بروقت مکمل کرکے شہریوں کو ہونے والی تکا لیف میں کمی آئے گی۔
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرے دور اقتدار میں ریاست میں۳۰؍ سے زیادہ نئی عدالتی عمارتوں کے کاموں کو منظوری دی گئی تھی۔ چونکہ مہاڈ میں یہ نئی عمارت بس اسٹیشن کے قریب تعمیر ہو نے جا رہی ہے اسلئے اس سے شہریوں کو کافی فائدہ ہوگا۔وکلاء، ملازمین اور افسران بہت خوش ہیں کہ نئی عمارت بن رہی ہے۔ ‘‘
اس موقع پر کابینی وزیر بھرت گوگاولے، وزیر آدیتی تٹکرے، جسٹس آلوک ارادھے، جسٹس ملند ساٹھے، جسٹس مکرند کرنک، ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ کے جج سریشتی نیلکنتھ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس وقت واگھچورے کی کتاب مہادچا مکتی سنگرام کا اجراء عمل میں آیا۔ اس تقریب میں صارفین کی شکایات ازالہ کمیشن کے چیئرمین سریندر تاوڑے،کابینی وزیر بھرت گوگاولے، جج پروین انہالے، مہاڈ بار اسو سيشن کے صدر سنجے بھیسے اور دیگر معززین موجود تھے۔