• Tue, 03 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کھمم میں بی آر ایس کی ریلی میں چار وزرائے اعلیٰ کی شرکت، کانگریس کا انتباہ

Updated: January 19, 2023, 12:49 AM IST | Khammam

سماجوادی، سی پی آئی اور ’آپ‘ نے شرکت کی، ملک کی سب سے قدیم پارٹی نے متنبہ کیا کہ اسے چھوڑ کر کوئی مورچہ بناتواس کا براہ راست فائدہ بی جےپی کو ہوگا

K Chandrasekhar Rao welcoming Samajwadi Party President Akhilesh. (PTI)
کے چندر شیکھر راؤ سماجوادی پارٹی کےصدر اکھلیش کا خیر مقدم کرتے ہوئے۔( پی ٹی آئی)

تلنگانہ اور آندھرا کی سرحد پر واقع کھمم میں بدھ کو بھارتیہ راشٹریہ سمیتی( تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کا نیا نام) کے تحت منعقدہ ریلی میں  اکھلیش یادو، اروند کیجریوال، بھگونت مان اور  پی وجین کی شکل میں ۴؍ وزرائے اعلیٰ کی شرکت  کے بعد تیسرے مورچہ کے تعلق سے قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں۔اس بیچ کانگریس نے متنبہ کیا ہے کہ اگر اسے چھوڑ کر کوئی سیاسی مورچہ بنتا ہے کہ اس کی وجہ سے  بی جےپی کو براہ راست فائدہ  پہنچے گا۔ 
 کیرالا کے وزیراعلیٰ اور سی پی ایم لیڈر پی وجین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسے ’’مزاحمت کی نئی شروعات‘‘ سے تعبیر کیا۔ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی   کے سربراہ  کے چندر شیکھر نے قومی سیاست میں  قدم  رکھنے کیلئے اپنی پارٹی کا نام بدل کر بھارتیہ راشٹریہ سمیتی کردیا ہے۔ اس نام کو منظوری ملنے کے بعدان کی پارٹی کی جانب سے یہ پہلی میگا ریلی ہے  جس میں عام آدمی پارٹی، سماجوادی پارٹی اور  بائیں محاذ کے لیڈروں نے شرکت کی۔اس موقع پر حالانکہ بی جےپی اوراس کی مرکزی حکومت کو جم کر نشانہ بنایاگیا مگر یہ قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں  کہ چندر شیکھر راؤ کانگریس اور بی جےپی کے یکساں  دوری  رکھتے ہوئے  پارلیمانی الیکشن کیلئے تیسرامورچہ قائم کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔  اکھلیش یادو  کی اس ریلی میں شرکت اہمیت کی حامل ہے۔  وزیراعلیٰ پی وجین  نے اس موقع پر مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں جمہوریت کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں  نے اس بات پر افسوس کااظہار کیا کہ ملک کی جدوجہد آزادی میں معافی نامہ لکھنے والی طاقتیں  برسراقتدار آگئی ہیں۔ 
  اُدھر کانگریس کے لیڈر طارق انور جو کیرالا کے امور کے ذمہ دار بھی ہیں، نے کے سی آر کی ریلی پر کہا ہے کہ ’’جو لوگ بھی اپوزیشن میں ہیں اور بی جے پی کو ہرانے کیلئے سنجیدہ ہیں وہ ایسا کوئی محاذ نہیں  بنائیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ’’کوئی بھی محاذ کانگریس کے بغیر نہیں بن سکتا۔  قومی سطح پر اگر کوئی بی جےپی کو جواب دے رہاہے اور مودی سے سوال پوچھ رہا ہے تو وہ کانگریس پارٹی ہے۔‘‘

KCR Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK