• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یکم اپریل سے ٹاٹا پاور کے صارفین پر بجلی بل میں اضافہ کا بوجھ

Updated: March 10, 2024, 7:14 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

بجلی ریگولیٹری کمیشن نے ٹاٹا پاور کی بجلی کی شرح میں اضافہ کی درخواست کو جزوی منظوری دے دی جس سے بجلی بل میں ۲۴؍ فیصد سے ۵۰؍ فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے

Engaged in repairing electricians of Ta Ta Power in Dombeoli West.
ڈومبیولی مغرب میں ٹا ٹا پاور کےالیکٹریشین مرمت میں مصروف۔ (تصویر، انقلاب: ستیج شندے)

یکم اپریل سے ٹاٹا کمپنی کے صارفین کو زائد بجلی بل ادا کرنا ہوگا۔ ماضی کے بجلی سپلائی کے اخراجات کو وصول کرنے کیلئے ’مہاراشٹر الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن‘ (مرک) نے ٹاٹا پاور کو نقصان بھرپائی کیلئے اس سال بجلی کی شرح میں اضافہ کی اجازت دے دی ہے۔ 
۱۰۰؍ یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو راحت
 واضح رہے کہ مرک نے جمعرات کو اس اضافہ کی اجازت دی ہے۔ مرک نے جو حکم دیا ہے اس سے ۱۰۰؍ یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو بھی کچھ راحت ملنے کا امکان ہے کیونکہ ٹاٹا کمپنی نے کم (۱۰۰؍ یونٹ تک) بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے دوگنا اضافہ کی تجویز پیش کی تھی اور زیادہ بجلی استعمال کرنےو الوں کے بل میں کم اضافہ کی درخواست دی تھی۔ اس فرق کی وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ زائد بجلی استعمال کرنے والے کم بجلی استعمال کرنےو الوں کے مقابلے کافی زیادہ قیمت ادا کررہے ہیں لیکن کمپنی کا منشا یہ ہے کہ  تمام صارفین کو یکساں قیمت پر بجلی مہیا کی جائے، اس کیلئے کم بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے زیادہ اضافہ کرنا ضروری ہے۔
 اضافہ کی اجازت ملنے کے بعد ٹاٹا پاور نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا ہے کہ مرک کا آرڈر آنے کے بعد اضافہ کے باوجود ان کے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین دیگر صارفین کے مقابلے کم قیمت ادا کریں گے۔
۹۰؍ فیصد گھریلو صارفین
 شہر و مضافات میں ٹاٹا پاور کے تقریباً ساڑھے ۷؍ لاکھ صارفین ہیں جن میں تجارتی اور کمرشیل کے مقابلے گھروں میں بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد زیادہ ہے اور اس اضافہ سےسب سے زیادہ متاثر ہونے والے بھی رہائشی صارفین ہی ہیں۔ مرک نے بھی اپنے آرڈر میں یہ بات نوٹ کی ہے کہ ٹاٹا کے تقریباً ۹۰؍ فیصد صارفین گھروں میں بجلی استعمال کرتے ہیں اور ان  ہی کو  سب سے زیادہ بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔
 ٹاٹا پاور نے ایک ہزار ۳۷۴ء۰۸؍ کروڑ روپے کی بھرپائی کیلئے اضافہ کی اجازت طلب کی تھی۔
ای وی چارجنگ پر بھی اضافہ
 تجارتی اور گھریلو صارفین کے علاوہ ٹاٹا کمپنی نے ’الیکٹرک وہیکل‘ (بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں) کو چارج کرنے کے جو اسٹیشن قائم کئے ہیں ان میں بھی بجلی کی شرح میں اضافہ کیا جائے گا۔ فی الحال ٹاٹا کمپنی کے چارجنگ اسٹیشن پر ’ای وی‘ چارج کرنے کیلئے فی یونٹ ۶ء۱۱؍ روپے وصول کئے جاتے ہیں لیکن یکم اپریل سے فی یونٹ ۸؍ روپے چارج کئے جائیں گے۔ اس طرح ای وی استعمال کرنےوالوں کی جیب پر بھی بوجھ بڑھے گا۔
 صرف ممبئی میں ٹاٹا کمپنی کے ای وی چارج کرنے والے تقریباً ایک ہزار چارجنگ پوائنٹ ہیںجن میں سے ۴۴؍ پوائنٹ عوامی مقامات پر ہیں جبکہ رہائشی سوسائٹیوں میں ان چارجنگ پوائنٹ کی تعداد ۳۸۵؍ جبکہ فلیٹ چارجنگ پوائنٹ کی تعداد ۵۳۱؍ اور مختلف مال اور تجارتی کمپلیکس میں ۵۸؍ پوائنٹ واقع ہیں۔
مرک کی برہمی
  بجلی کی شرح میں اضافہ کی تجویز پر سماعت کے دوران مرک نے ٹاٹا پاور کے ذریعہ زیادہ بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے کم اور کم بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے زیادہ اضافہ کی تجویز پر کمپنی کو ڈانٹ بھی پلائی تھی۔اس کے علاوہ مرک سے اجازت ملنے سے قبل ہی اخبارات میں نئی شرح کی تفصیل شائع کرنے پر برہمی کا اظہار بھی کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK