ممبئی واسیوں کی آمدورفت کیلئے بیسٹ کا سنگل ڈیکر پریمیم بسیں، ای ڈبل ڈیکربسیں، ایپ سے بُکنگ والی ٹیکسیاں، الیکٹرک اسکوٹر اور واٹرٹیکسیاں بھی شروع کرنے کا اعلان
EPAPER
Updated: December 04, 2022, 11:54 AM IST | Mumbai
ممبئی واسیوں کی آمدورفت کیلئے بیسٹ کا سنگل ڈیکر پریمیم بسیں، ای ڈبل ڈیکربسیں، ایپ سے بُکنگ والی ٹیکسیاں، الیکٹرک اسکوٹر اور واٹرٹیکسیاں بھی شروع کرنے کا اعلان
’برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ‘ (بیسٹ) نے اپنی خدمات کو مزید بہتر بنانے اور مزید مسافروں کو اپنی بسوں کی طرف متوجہ کرنے کی غرض سے بیسٹ نے کچھ عرصہ قبل اپنی بس سروس میں ’ای۔ ڈبل دیکر‘ بسیں شروع کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا اور اب یہ اعلان کردیا گیا ہے کہ ۱۴؍ جنوری ۲۰۲۳ء سے ’ای۔ڈبل ڈیکر‘ بسیں شروع کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ بیسٹ نے ’سنگل ڈیکر‘ کی ’’پریمیم‘‘ بس سروس، ایپ کے ذریعہ بُکنگ کی جانے والی ٹیکسیوں کی طرز پر ۵۰۰؍الیکٹرک ٹیکسیاں، ۵؍ ہزار الیکٹرک اسکوٹر حتیٰ کہ ’واٹر ٹیکسی‘ شروع کرنے کا بھی اعلان کردیا ہے۔
بیسٹ کے جنرل منیجر لوکیش چندرا نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ’’ای۔ڈبل ڈیکر‘‘ بسوں کو چلانے کے لئے متعلقہ محکموں سے جو منظوری حاصل کرنی ضروری ہے انہیں حاصل کرنے کی کارروائی حتمی مرحلے میں پہنچ گئی ہے اور امید ہے کہ یہ منظوری جلد حاصل کرلی جائے گی اور ۱۴؍ جنوری ۲۰۲۳ء سے یہ بسیں مسافروں کی خدمات کے لئے سڑکوں پر آجائیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ۱۴؍ جنوری کو ۱۰؍ ای ڈبل ڈیکر بسیں شروع کی جائیں گی اور بعد میں ان میں مرحلہ وار اضافہ کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں کُل ۵۰؍ ای ڈبل ڈیکر بسیں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ جبکہ بیسٹ کی کوشش ہے کہ ۴۵؍ لاکھ مسافربیسٹ کی بسیں استعمال کریں اور اس کیلئے ۲۱۰۰؍ سنگل ڈیکر اور ۹۰۰؍ ڈبل ڈیکر ای بسیں اگلے سال تک متعارف کرائی جائیں گی۔
اس کے علاوہ اسی مہینے کے اخیر میں بیسٹ سنگل ڈیکر کی پریمیم بسیں شروع کرے گا۔ اس کی خاصیت یہ ہوگی کہ مسافر ایپ کے ذریعہ اس میں پیشگی سیٹ بُک کرسکیں گے۔
یہی نہیں بیسٹ نے ’ایپ‘ سے بکنگ کرکے چلنے والی ٹیکسیوں کی طرز پر آئندہ برس جون مہینے سے ٹیکسی سروس شروع کرنے کا بھی اعلان کردیا ہے۔ بیسٹ اپنی ٹیکسی سروس کے لئے ۵۰۰؍ الیکٹرک ٹیکسیاں لانچ کرے گی اور اس کے لئے پہلے ہی ٹینڈر جاری کئے جاچکے ہیں۔اس کے علاوہ بیسٹ نے پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے ۵؍ہزار ’الیکٹرک‘ اسکوٹر بھی اپنی خدمات میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بیسٹ نے یہ بھی وضاحت کردی ہے کہ ان ٹیکسیوں کی خدمات کے لئے الگ سے کوئی ایپ نہیں بنایا جائے گا بلکہ اس کے لئے بیسٹ بس کے لئے بنایا گیا ’چلو‘ ایپ ہی استعمال کیا جائے گا۔ فی الحال چلو ایپ کے ذریعہ مسافر بیسٹ بسوں کی ٹکٹیں خریدنے کے علاوہ یہ بھی معلوم کر سکتے ہیں کہ کسی مخصوص مقام پر جانے کے لئے کون سی بس میں بیٹھنا ہوگا اور وہ کتنے وقت میں ان کے قریبی بس اسٹاپ پر پہنچے گی۔
یاد رہے کہ بیسٹ ممبئی اور قرب و جوار کے علاقوں میں بس کی خدمات مہیا کرتا ہے اور فی الحال بیسٹ کے پاس ۴۰۰؍ سے زائد الیکٹرک بسوں سمیت تقریباً ساڑھے ۳؍ہزار بسیں دستیاب ہیں۔
بیسٹ کے پاس بغیر ایئر کنڈیشنر والی ۴۵؍ ڈبل ڈیکر بسیں موجود ہیں لیکن ۲۴۔۲۰۲۳ء میں ان بسوں کو مرحلہ وار ختم کردیا جائے گاکیونکہ یہ بسیں بہت پرانی ہوچکی ہیں اور انہیں استعمال کرنے کی مدت بھی جلد ختم ہوجائے گی۔
متذکرہ خدمات کے علاوہ بیسٹ اب بحری ٹیکسی کی خدمات فراہم کرنے کیلئے بھی تیار ہے جس کیلئے مناسب قیمت پر ممبئی کے مشرقی ساحل سمندر سے نوی ممبئی اور اُرن کے درمیان آمدورفت کی سہولت مہیا کرائی جائے گی۔
بیسٹ کا منصوبہ ہے کہ آئندہ سال اس کی ۵۰؍ فیصد گاڑیاں اور ۲۰۲۷ء تک تمام گاڑیاں الیکٹرک کی ہوجائیں۔