Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

رمضان المبارک میں پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ، کاروبار کم ہونے کی شکایت

Updated: March 09, 2025, 9:59 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

تھوک بازار میں ا فطار میں استعمال ہونے والے پھل تربوز، پپیا، انناس اور خربوزہ بڑی مقدار میں دستیاب لیکن خردہ بازار میں ان پھلوں کے داموں میں اچانک ۲۰؍تا ۲۵؍فیصد کااضافہ۔

Fruit vendors waiting for customers. Photo: INN.
پھل فروش گاہکوں کا انتظار کر رہےہیں  ۔ تصویر: آئی این این۔

رمضان المبارک میں افطاری کیلئے استعمال ہونے والے عمومی پھل، مثلاً تربوز، پپیا، انناس اور خربوزہ وغیرہ کےتھوک بازارمیں بڑی مقدار میں دستیاب ہونے سے ان پھلوں کے داموں میں کمی آئی ہےجبکہ خردہ بازار میں ان پھلوں کے داموں میں ۲۰؍تا ۲۵؍فیصد کااضافہ ہواہے۔ دوسری طرف اس ماہ مبارک میں عارضی طورپر پھلوں کے ٹھیلے لگانےوالوں کی تعداد کے بڑھنے سےپھلوں کاریگولر دھندہ کرنےوالے کاروبارکے کم ہونے کی شکایت کر رہے ہیں ۔ عام لوگوں کے مطابق مہنگائی کی وجہ سے افطاری کے خریدار کم دکھائی دے رہےہیں۔ 
مدنپورہ، محمدعمررجب روڈ پرواقع محمدی پیلس کے اکبرعلی احمد انصاری، جو پھلوں کے شوقین ہیں اور سال بھر روزانہ پھلوں کا استعمال کرتےہیں کےمطابق ’’ رمضان کی آمد سے ۲؍دن قبل اور رمضان شروع ہوتےہی پھلوں کے داموں میں ۳۰۔ ۲۵؍فیصد کا اضافہ ہوجاتاہے، جو امسال بھی دیکھنےمیں آیاہے۔ اگر تھوک بازار میں پھلوں کی قیمت ۵؍روپے فی کلو بڑھتی ہےتو خردہ بازار میں ۲۵؍روپے فی کلو بڑھ جاتی ہے۔ عید سے ۲؍دن پہلے ان پھلوں کے دام میں پھر کمی آجائے گی۔ رمضان سے قبل تربوز، خربوزہ، کیلا، انناس اور سیب بالترتیب ۵۰؍، ۴۰؍، ۴۰؍ ۸۰؍ اور ۱۳۰؍ روپے کلوتھا وہ اب ۹۰؍، ۷۰؍، ۶۰؍، ۱۵۰؍ اور ۱۷۰؍ روپے ہوگیاہے۔ ہر پھل کا دام اچانک بڑھ گیا ہے۔ ‘‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ ’’ دراصل رمضان میں جان بوجھ کر ٹھیلے والے پھلوں کادام بڑھا دیتےہیں۔ میں جن دکانداروں سے ہمیشہ پھل خریدتا ہوں ان کا کہناہےکہ اس مہینےمیں عارضی طور پر پھلوں کا کاروبا رکرنےوالے زیادہ آگئے ہیں جن کی وجہ سے ہمارا کاروبار متاثر ہوتا ہے۔ اس کےباوجود اللہ کا شکر ہےکہ اس مہینے میں اتناکاروبار ہوجاتاہےکہ ہم گائوں جاکر ۲۔ ۳؍مہینے بغیر کچھ کئے آرام سے گزر بسر کرلیتےہیں۔ ‘‘
مدنپورہ کی عائشہ انصاری کےمطابق ’’ بدھ کو میں پھل خریدنے گئی تھی، ایک تربوز جو تقریباً ڈیڑھ کلوکاہوگا، ٹھیلے والے نے اس کی قیمت ڈیڑھ سو روپے بتائی، مول بھائو کرنےپر وہی تربوز ۸۰؍ روپے میں دیا۔ دگنا بھائو بتا رہے ہیں ۔ خربوزہ ۵۰؍روپے، کیلا۶۰؍روپے درجن، ایک کلو کااننا س ۱۴۰؍روپے میں ملا۔ سبھی پھلوں کے دام رمضان میں بڑھ گئےہیں ۔ ‘‘
واشی مارکیٹ میں پھلوں کاتھوک کاروبار کرنےوالے عتیق احمد نے بتایاکہ ’’ رمضان المبارک میں تربوز، خربوزہ، انناس اورپپیا خاص طورپر افطاری کیلئے استعمال کیاجاتاہے۔ رمضان کے پہلے ۲؍ دنوں تک ان پھلوں کی مارکیٹ میں اُچھال آیا تھا لیکن بڑی مقدار میں ان پھلوں کے دستیاب ہونے سے ان کی داموں میں کمی آئی ہے۔ ایک دن میں نے تربوز ۹۔ ۵؍روپے کلوکے حساب سے فروخت کیا جبکہ پپیاکابھائو ۳۵۔ ۳۰؍ روپے کلوتھا۔ ‘‘
بائیکلہ مارکیٹ کے ایک تھوک بیوپاری نے بتایاکہ ’’ رمضان میں استعمال کئے جانے والے پھلوں کی پیداوار بہت اچھی ہوئی ہے لیکن کھیت سے ٹھیلے تک پہنچنے میں ان پھلوں کی قیمتیں زمین سے آسمان تک پہنچ جاتی ہیں۔ ‘‘
بیلاسس روڈ کے معین خان نے بتایاکہ ’’ مہنگائی کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقے کےلوگ مالی اعتبار سے پریشان ہیں، اس لئے افطار کی خریداری کیلئے جو بھیڑ پہلے دکھائی دیتی تھی وہ نہیں دکھائی دے رہی ہے۔ جس کی وجہ سے دھندہ کرنےوالے کاروبار کم ہونے کی شکایت کررہے ہیں۔ ‘‘رے روڈ کے یاسین چشتی کےبقول ’’ امسال رمضان المبارک میں ناریل واڑی قبرستان اور اطراف کے علاقوں میں افطاری کےوقت دھندہ لگانےوالے بھی دھندہ نہ ہونے کی شکایت کر رہےہیں ۔ ان میں پھل والو ں کی تعداد زیادہ ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK