مانسون اجلاس میں امین پٹیل کا مطالبہ ۔ نائب وزیراعلیٰ نے مہاڈا کو فنڈ مہیا کرانے کی یقین دہانی کرائی
EPAPER
Updated: July 28, 2023, 10:43 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
مانسون اجلاس میں امین پٹیل کا مطالبہ ۔ نائب وزیراعلیٰ نے مہاڈا کو فنڈ مہیا کرانے کی یقین دہانی کرائی
اسمبلی کے مانسون اجلاس کے دوران جمعرات کو رکن اسمبلی امین پٹیل نے پرانی عمارتوں کی مرمت کا معاملہ پوائنٹ آف انفارمیشن کےتحت اٹھایا۔ انہوںنے بتایاکہ جنوبی ممبئی میں بڑی تعداد میں قدیم اور خستہ عمارتیں ہیں۔ ان عمارتوں کی مرمت کیلئے مہاڈا کے پاس فنڈ نہ ہونے کے سبب ان کی مرمت نہیں کی جارہی ہے ۔ اسی وجہ سے ہر سال مانسون میں ان عمارتوں کے منہدم ہونے کے واقعات ہوتے ہیں یا خطرہ رہتا ہے لہٰذا ان کی مرمت کیلئے مہاڈا کو فنڈ دیاجائے۔
رکن اسمبلی امین پٹیل نے ایوان اسمبلی میں بتایاکہ’’ ٹن ٹن پورہ میں واقع کریم مستری بلڈنگ کا ایک حصہ منہدم ہو گیا ہے۔ ‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ ’’مہاڈا کے پاس فنڈ نہ ہونے کے سبب قدیم خستہ عمارتوں کی مرمت نہیں کی جارہی ہے اور اس طرح کے حادثات ہو رہے ہیں۔گزشتہ ۸؍ دن میں اشٹھ ونائک، گنگا ساگر،اومکار درشن ، عمر کھاڑی میں ترنگا بلڈنگ اور کماٹی پورہ میں واقع اومکار نواس اس طرح کل ۸؍ بلڈنگو ں کے حصے گرنے کے واقعات ہوئے ہیں۔مہاڈا کے پاس فنڈ اور اسٹاف نہ ہونے کے سبب ان عمارتوں کی مرمت نہیں کی جارہی ہے۔ اس لئے میرا ایوان میں موجود دونوں نائب وزرائے اعلیٰ دیویندر فرنویس اور اجیت پوار سے مطالبہ ہے کہ حکومت کی جانب سے مہاڈا کو درکار فنڈ مہیا کرایا جائے تاکہ کوئی بڑا حادثہ ہونے سے قبل ہی ان کی مرمت کی جاسکے۔‘‘
امین پٹیل کی اس اطلاع پر اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر نے نائب وزرائے اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’’ گزشتہ روز اس ضمن میں مَیں نے میٹنگ بھی لی تھی ۔ جنوبی ممبئی میں خاص طور پر اے ، بی ، سی ،ڈی اور ای وارڈ میں انگریزوں کے زمانے کی عمارتیں ہیں۔ان میں تقریباً سبھی عمارتیں انتہائی خستہ حال (سی ون) اور مخدوش ( سی ۳؍ کٹیگری) کی ہیں۔امین پٹیل نے جو بتایا ہے ، وہ درست ہے کہ فنڈ کی کمی کے سبب کئی عمارتوں کی مرمت نہیں کی جارہی ہے اسی لئے ہر مانسون میں ۱۰؍ تا ۱۵؍ عمارتیں منہدم ہوتی ہیں۔اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مہاڈا کو درکار فنڈ مہیا کرانے پر غور کیاجائے۔‘‘
اس پر نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے یقین دلایا کہ مہاڈا کو مرمت کیلئے درکار فنڈ مہیا کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔