این سی پی کے ریاستی صدر کا اشارہ کس کی طرف ہے ؟، تٹکرے نے پہلے ہی کہہ دیا کہ ان کے اس جملے کا تعلق چھگن بھجبل سے نہیں ہے۔
EPAPER
Updated: December 26, 2024, 2:20 PM IST | Agency | Mumbai
این سی پی کے ریاستی صدر کا اشارہ کس کی طرف ہے ؟، تٹکرے نے پہلے ہی کہہ دیا کہ ان کے اس جملے کا تعلق چھگن بھجبل سے نہیں ہے۔
ایک ایسے وقت میں جب این سی پی کے سب سے سینئر لیڈر چھگن بھجبل وزارت نہ ملنے کے سبب ناراض ہیں اور پارٹی سربراہ اجیت پوار پر مسلسل تنقید کر رہے ہیں، این سی پی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے بیان دیا ہے کہ آئندہ پارٹی اور پارٹی کے ڈسپلن کو ترجیح دی جائے گی۔ یعنی اب ڈسپلن کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کی جائے گی۔ تو کیا این سی پی چھگن بھجبل پر کارروائی کا ارادہ رکھتی ہے؟ سنیل تٹکرے نے خود ہی یہ کہتے ہوئے اس بات کی تردید کی ہے کہ ان کے بیان کا چھگن بھجبل کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اطلاع کے مطابق سنیل تٹکرے سے میڈیا نے چھگن بھجبل کے تعلق سے سوال کیا تو انہوں نے جواب دیا ’’ ہم نے چھگن بھجبل کی ناراضگی کے تعلق سے سمیر بھجبل ( چھگن بھجبل کے بھتیجے) سے بات کی ہے۔ خود چھگن بھجبل اس وقت باہر گئے ہوئے ہیں جب وہ آجائیں گے تو ان کے ساتھ تفصیلی گفتگو ہوگی۔ ‘‘ تٹکرے نے کہا ’’ فی الحال مجھے یہ نہیں معلوم ہے کہ اجیت پوار اور چھگن بھجبل کے درمیان کیا بات ہوئی ہے۔ پہلے میں یہ معلوم کرلوں اس کے بعد کچھ کہہ سکوں گا۔ کیونکہ ان کے کسی جملے کوئی اور مطلب نکالنا غلط بات ہو گی۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ چھگن بھجبل کا معاملہ الگ ہے۔ وہ وسینئر لیڈر ہیں۔ ان کے معاملے کو پوری سنجیدگی کے ساتھ سلجھایا جائے گا۔ ‘‘
این سی پی لیڈر نے آگے کہا ’’ لیکن آئندہ پارٹی کے ڈسپلن کو ترجیح دی جائے گی۔ ڈسپلن کے پس منظر ہی میں اقدامات کئے جائیں گے۔ ‘‘ اس سے پہلے کہ کوئی یہ سوال کرتا ’’ کیا ڈسپلن شکنی کے معاملے میں چھگن بھجبل پر بھی کارروائی ہوگی؟‘‘ سنیل تٹکرے نے فوری طور پر وضاحت کی ’’ میں نے جو کچھ کہا ہے اس کا تعلق بھجبل صاحب کے معاملے سے نہیں ہے۔ ‘‘