عوام میں مسرت کی لہردوڑگئی، کٹی جھری سے گڈچرولی تک بس سروس شروع کی گئی، ۱۰؍ سے ۱۲؍ گاؤں کو فائدہ ہوگا۔
EPAPER
Updated: April 28, 2025, 10:45 AM IST | Gadchiroli
عوام میں مسرت کی لہردوڑگئی، کٹی جھری سے گڈچرولی تک بس سروس شروع کی گئی، ۱۰؍ سے ۱۲؍ گاؤں کو فائدہ ہوگا۔
آزادی کے ۷۸؍سال بعد ’کٹی جھری‘ سے گڈ چرولی تک پہلی بار بس سروس شروع کی گئی ہے۔ اس موقع پر جب پہلی بار بس ’کٹی جھری‘ پہنچی تو اسے دیکھ کر دیہاتی جھوم اٹھے اور انہوں نے ڈھول تاشہ اور روایتی قبائلی ساز بجا کر بس کا استقبال کیا۔ یہ بس سروس گڈچرولی پولیس فورس کی کوششوں سے ممکن ہوئی ہے۔ سب ڈویژنل پولیس آفیسر جگدیش پانڈے نے بس سروس کا افتتاح کیا اور پولیس سب انسپکٹر اجے بھوسلے نے بس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس بس سروس سے علاقے کے تقریباً ۱۰؍ سے ۱۲؍ دیہات کے باشندوں کو فائدہ پہنچے گا اور یہ بس سروس خاص طور پر طلبہ کے لئے راحت بخش ثابت ہوگی۔
خیال رہے کہ گڈچرولی ضلع کے دور دراز اور ماؤنواز سرگرمیوں سے متاثرہ علاقوں کے باشندے آج بھی کئی اہم بنیادی سہولیات سےمحروم ہیں۔ دوردراز علاقوں کے قبائلی آمدورفت کے لئے قریبی گاؤں یا شہر تک پیدل یا دیگر ذرائع کا استعمال کرکے سفر کیا کرتے تھے۔ بتادیں کہ اس سے قبل ضلع کے گٹہ سے گاردیواڑہ اور وانگیتوری تک بس خدمات یکم جنوری ۲۰۲۵ ءکو شروع کی گئی تھیں۔ گزشتہ پانچ سال میں دور دراز کے علاقوں میں ۱۸؍ سڑکوں اور ۵۹؍ پلوں کی تعمیر ہوئی، جن کی لمبائی تقریباً ۴۳۴ ؍کلومیٹر ہے، یہ تمام تعمیراتی پروجیکٹ پولیس اور سیکوریٹی فورس کی نگرانی میں مکمل کئے گئے ہیں۔