• Fri, 08 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امبرناتھ میں کیمیکل کمپنی سے گیس کے رساؤ سے افرا تفری!

Updated: September 14, 2024, 11:08 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

پورے علاقے میں سیاہ بادل چھا گئے،شہریوں کو آنکھوں میں جلن اور سانس لینے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا

Smoke spread in the Ambernath area due to the chemical spill
کیمیکل کے رساؤ سے امبرناتھ کے علاقہ میں دھواں پھیل گیا تھا

 امبرناتھ کے موریولی ایم آئی ڈی سی میں واقع نیکا کیم  نام کی کیمیکل کمپنی سے گیس کا رساؤ ہونے کی وجہ سے پورے شہر میں دھوئیں کے سیاہ بادل چھاگئے اور شہریوں کی آنکھ  اور گلے میں جلن ہونے لگی۔اس کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کا عملہ  جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔وہیں مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ (ایم پی سی بی) کلیان ریجن کے آفیسر نے بذات خود پہنچنے کے بجائے اپنے ڈرائیور کو کمپنی کا معائنہ کرنے کیلئے بھیج دیا۔اس لئے اب ایم پی سی بی کے غیر ذمہ دار افسر  کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
 موریولی ایم آئی ڈی سی کے پلاٹ نمبر ۴۳؍  پر’ نیکا کیم پروڈکٹس‘ نام کی کمپنی ہے۔ اس کمپنی میں کیمیکل تیار کیا جاتا ہے۔جمعرات کی شب تقریبا ً ۹؍  بجے اچانک کمپنی سے گیس کا ا خراج ہونے لگا اور دھوئیں کے سیاہ بادل چاروں طرف پھیل گئے۔ اس دھوئیں کی وجہ سے شہریوں کو آنکھوں اور گلے میں جلن کےعلاوہ سانس لینے میں بھی تکلیف ہونے لگی۔اچانک سیاہ دھواں پھیل جانے سے شہری خوف زدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔انہیں سمجھ نہیں آرہا تھا کہ اچانک  پورے شہر میں دھواں کیسے پھیل گیا۔
 ایم آئی ڈی سی، فائر بریگیڈ اور امبرناتھ نگر پالیکا فائربریگیڈ کا عملہ نیکا کیم کمپنی پہنچا اور معائنہ کرنے کے بعد گیس کے رساؤ کو روکنے کے اقدامات کئے۔رات ۱۲؍ بجے کے بعد دھوئیں کی شدت میں کمی آئی۔دوسری جانب ایسی خطرناک کمپنیوں پر کارروائی کرنے  کے ذمہ دار ایم پی سی بی   کے آفیسر  راجپوت کا فون  ناٹ ری چیبل آرہا تھا۔عیاں رہے کہ موریولی ایم آئی ڈی سی میں کئی کیمیکل کمپنیاں واقع ہیں  جن سے گیس کا رساؤ ہوتا رہتا ہے۔ریاستی حکومت نے ان کمپنیوں کو بند کرنے کی ہدایت جاری کی ہے اس کے باوجود کچھ کمپنیاں شروع ہیں۔جس نیکا کیم پروڈکٹس کمپنی سے گیس کا رساؤ ہوا ،اس میں  دن  میں کام جاری رہتا ہے  اور رات میں پلانٹ بند کردیا جاتا ہے۔جس  وقت رساؤ ہوا کمپنی بند تھی۔

ambernath Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK