• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ۭریاست میں گیسٹرواور سوائن فلو کازور،۶؍ اموات

Updated: August 08, 2022, 12:22 PM IST | Sharjeel Qureshi and Ali Imran | Pimpri Chinchod

پمپری چنچوڑ میں سوائن فلو نے دوبارہ سر اٹھایا ،ابھی تک ۱۴ ؍ متاثرین کی تشخیص ،دو مشتبہ مریضوں کی موت ،چندر پور کے راجورہ تعلقہ میں دیواڈا اور آس پاس کے دیہاتوں میں `گیسٹرو کی وبا سے خوف ،دیواڈا کے پرائمری ہیلتھ سینٹر میں ایک کی موت ،جبکہ علاج نہ ملنے سے ایک دیہی باشندہ کی گھر پر موت

Along with swine flu, cases of gastroenteritis are again on the rise in the state.Picture:INN
سوائن فلو کے ساتھ ساتھ گیسٹرو کے معاملات ریاست میں ایک بار پھر بڑھنے لگے ہیں۔ تصویر:آئی این این

کورونا سے اُبھرتی ہوئی  ریاست مہاراشٹرمیں اب  سوائن  فلو اورگیسٹروکے معاملات بڑھتے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق پمپری چنچوڑ میں کورونا سے متاثر مریضوں کی تعداد کم ہورہی ہے مگر تین سال کے بعد ایک مرتبہ سوائن فلو نےسراٹھالیاہے ۔گزشتہ ہفتے بھر کے دوران یہاں پر ۱۴؍ افراد خنزیری نزلہ (سوائن فلو)سے متاثر پائے گئے ہیں۔اس سلسلے میں موصولہ اعداد و شمار کی روشنی میں ۵؍اگست کو دن بھر میں ۳۳۱۹ ؍ افراد کی جانچ کی گئی جس میں ٹھنڈی لگنے اور بخار آنے سے بیمار ہوئے ۴۱۲؍ افرادسرکاری اسپتال میںزیر علاج ہیں ۔ان میں سے ۶؍ افراد خنزیری نزلہ کے متاثر پائے گئے  تھے ۔
ٹھنڈی اور بخار کے مریضوں میں بھی اضافہ 
 شہر میں موسلا دھار بارش کےبعد ٹھنڈی ،بخار کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ ماہ جولائی میں ۵۰۳؍افراد ڈینگو  کے مشتبہ متاثر  تھے جبکہ۳ ۷؍افراد  ڈینگو پازیٹیو پائے گئے تھے،چکن گنیا کے ۵ ؍مشتبہ مریض اور ملیر یا سے ۹۲۷۱ ؍افراد متاثرپائے گئے تھے۔وبائی امراض کے پھیلائو کے ساتھ اب سوائن فلو کے معاملات بڑھنے سےعوام سمیت ڈاکٹرز  اورمحکمہ صحت تشویش میں ہے ۔۸؍ دنوں میں ۱۴؍افراد سوائن فلو سے متاثر پائے گئے ہیں جبکہ ۱۸ ؍افراد مشتبہ متاثرین میں شامل ہیں۔اسکے علاوہ دو مشتبہ مریضوں کی موت کی بھی  اطلاع  ہے ۔ پمپری چنچوڑمیں ۲۰۱۹ء میں ۱۹؍ افراد خنزیری نزلہ سےمتاثر پائے گئے تھے۔اس وقت اس وبائی مرض پر قابو پانے کیلئے مقامی محکمہ صحت عامہ اور میونسپل کارپوریشن نے مشترکہ طور پر سوائن فلو سے بچائو کے ڈوز اور ٹمی فلو کی دوائیں بڑے پیمانے پر تقسیم کی گئی تھیںجس سے سوائن فلو پر قابو بھی پایا گیا تھا لیکن اب ایک مرتبہ پھر تین سال کے بعد سوائن فلو نے اپنا سر اٹھایا ہے ۔
؍۱۸۔۲۰۱۷ء میں سوائن فلو کا قہر تھا 
؍  ۱۸۔۲۰۱۷ء کے درمیان سوائن فلو نے یہاں قہر برپاکیا تھا۔۲۰۱۷ء   میں ۴۱۳؍ افراد سوائن فلو  سے متاثر پائے گئے تھے  جن  میں سے ۶۱ ؍ افراد کی جانیں چلی گئی تھیں ،اسی طرح ۲۰۱۸ء   میں ۲۴۳؍ افراد متاثر پائے گئے تھے جن میں سے ۳۴؍ افراد کو اپنی جان گنوانی پڑی تھی ۔
چندرپور میں گیسٹروکی وبا 
  آلودہ پانی کی وجہ سے راجورہ تعلقہ کے دیواڈا اور آس پاس کے دیہاتوں میں `گیسٹرو کی وبا پھیل گئی ہے۔ دیواڈا پرائمری ہیلتھ سنٹر میں۳؍ مریضوں کی موت ہوگئی جبکہ ایک مریض گھر میں ہی بروقت  اور مناسب علاج نہ ملنے سے فوت ہوگیا۔سابق مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ ہنس راج اہیر نے دیواڈا کا دورہ کیا اور ضلع پریشد کے محکمہ صحت   پر لاپروائی کی وجہ سے لوگوں کی موت کا براہ راست الزام لگایا۔یہ علم ہونے کے باوجود کہ دیواڈا میں آلودہ پانی کی وجہ سے مریضوں کی صحت خراب ہو رہی ہے، گاؤں کے گرام سیوک کی لاپروائی کی وجہ سے مریضوں کی تعداد کافی حد تک بڑھ گئی۔ اگر لوگوں کو وقت پر صاف پانی فراہم کیا جاتا تو اس گاؤں میں۴؍مریض نہ مرتے۔ ہنس راج اہیر نے بتایا کہ۴؍ مریض اسپتال میں اور ایک گھر میں فوت ہوا۔ گاؤں میں اب بھی صورتحال خوفناک ہے۔ پرائمری ہیلتھ سینٹر میں ۹۷؍ مریضوں کو داخل کیا گیاجن میں دیواڈا، سونڈو، ٹیمبھرواہی اور دیگر دیہات کے مریض شامل ہیں۔ نظام صحت کی غفلت پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ہنس راج اہیر نے دیواڈا پرائمری ہیلتھ سنٹر کی ابتر حالت پر برہمی کا اظہار کیا اور حقیقت کو اجاگر کیا کہ یہاں کے ہیلتھ ورکرز پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھاریٹیز کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔اس جگہ پر ڈاکٹر اور اسپتال کا عملہ موجود نہیں ہے۔ دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ جو ایم بی بی ایس ڈاکٹر یہاں ڈیوٹی پر ہیں، وہ سینٹر پر نہیں آتے۔ اہیر نے دیہاتیوں کو یقین دہانی کرا تے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد ہی ضلعی انتظامیہ سے گیسٹرو کے پس منظر میں پینے کے صاف پانی سمیت تمام ضروری اقدامات کو فوری طور پر نافذ کرنے کے ساتھ ہی ہیلتھ سینئرز سے بھی  پورے معاملے کا جواب طلب کریں گے اور جلد ان کے مطالبات کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK